کشتواڑضلع بھر میں 11 ویں روز بھی کورونا کرفیو جاری، ڈھیل کیساتھ ہی بھیڑ جمع
مثبت معاملات میں مسلسل اضافہ ،دورافتادہ علاقہ جات بھی لوگ کورونا سے متاثر
عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ میں انتظامیہ کی جانب سے لگائے گئے کورونا کرفیو کے سبب ضلع بھر میں عام زندگی بری طرح مفلوج ہوکررہ گئی ہے جبکہ آج بھی پولیس نے قصبہ کے ساتھ ساتھ دیہات میں بھی سخت بندشیں عائد کیں۔ اگرچہ بازاروں میں صبح نرمی برتنے کے ساتھ ہی لوگوں کی بھاری بھیڑ دیکھنے کو ملی تاہم اسکے بعد بھی بازاروں میں لوگوں کی بھاری بھیڑ دیکھی جارہی تھی جسکے بعد پولیس نے اب مزید سختی برتنی شروع کی جس دوران کئی افراد کے چالان کئے گئے۔ آج بھی سبزی، پھل مرغ،گوشت، بیکری و دودھ کی دوکانوں کو دس بجے تک کھولنے کی اجازت تھی تاہم ڈھیل ختم ہوتے ہی پولیس نے سختی کرتے ہوئے کی مقامات پر خاردار تاریں بچھائیں اور لوگوں کے چلنے پر قدغن لگائی جبکہ گاڑیوں کو پوچھ تاچھ کے بعد چلنے کی اجازت دی جانے لگی۔قصبہ میں آج بھی ادویات کی دکانیں دن بھر کھلی رہیں جبکہ دیگر دوکانیں ، تجاراتی مراکز ،ٹرانسپورٹ مکمل بند رہا ۔قصبہ کے ساتھ ضلع کے دیگر علاقہ جات میں بھی کرونا کرفیو مسلسل جاری ہے۔ کشتواڑ کے چھاترو ، مغل میدان، پاڈر ، ٹھکرائی ، درابشالہ ، بونجواہ و دیگر علاقوں میں بھی کرونا کرفیو کا نفاد عمل میں لایا گیاتھا جس دوران تمام تر تجارتی مراکز دس بجے کے بعد بند رہے۔ تفصیلات کے مطابق دیہات میں بھی پولیس کی جانب سے سختی برتی جارہی ہے اور بلاجواز گھومنے والوں پر سختی کی جارہی ہے تاکہ اس وبائی بیماری پر قابو پائا جاسکے۔وہیں ضلع انتظامیہ نے اب بلاجوز باہر نکلنے والوں پر مزید سختی عمل میں لائی اور اب ضلع میں میڈیکل ایمرجنسی و دیگر کسی قسم کی ایمرجنسی کیلئے کرفیو پاس کی ضرورت ہوگی۔جاری کئے گئے ایک پریس ریلیز کے مطابق کرفیو پاس صرف میڈیکل ایمرجنسی و دیگر کسی ایمرجنسی کیلئے تمام طرح کے لوازمات مکمل کرنے کے بعد ہی آن لاین جاری کئے جائیںگے جبکہ عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ پاس بنانے کیلئے کسی دفتر کا رخ نہ کریں بلکہ آن لاین ہی پاس جاری کیا جائے گا۔وہیں ضلع میں آئے روز کورونا کے مثبت معاملات سامنے آرہے ہیں جسکے بعد انتظامیہ نے مزید بندشیں عائد کی ہیں۔ اب کورونا وائرس کے مثبت معاملات دورافتادہ علاقہ جات میں بھی سامنے آرہے ہیں ۔جہاں مڑواہ سے بھی ابھی تک 9 معاملے سامنے آئے ہیں جبکہ سب ڈویژن چھاترو کے بھی کئی علاقوں کا مائیکرو کنٹینمنٹ زون قرار دیا گیاہے اور لوگوں سے انتظامیہ نے بلاجواز گھروں سے باہر نہ نکلنے کی تلقین کی ہے۔
کووڈ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد
رام بن میں 1429 ٹیکے لگائے گئے ، 1227 نمونے جمع
رام بن //ضلع رام بن میں کووڈ پروٹوکول کے نفاذ کے لئے مہم کو جاری رکھتے ہوئے انفورسمنٹ ٹیموں نے چہرے کے ماسک پہنے بغیر گھومنے اور جسمانی فاصلہ برقرار نہ رکھنے پر متعدد خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانہ کیا۔ نفاذ کرنے والی ٹیموں نے اپنے اپنے دائرہ اختیار میں معائنہ کے دوران18ہزار300 روپے جرمانہ وصول کیااور یکم اپریل سے اب تک کل 8لاکھ 41ہزار200روپے کا جرمانہ وصول ہوا ہے۔انفورسمنٹ افسران نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ چہرے کے ماسک پہنیں اور جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں اس کے علاوہ وہ اپنے قریبی سی وی سی میں کوویڈ ویکسی نیشن کی خوراکیں لیں۔ ڈسٹرکٹ امیونائزیشن آفیسر رام بن ڈاکٹر سریش نے بتایا کہ بدھ کے روز ضلع رامبن میں 1429 افراد کو پہلی اور دوسری کوویڈ ویکسین کی خوراکیں دی گئیں۔چیف میڈیکل آفیسر رام بن ڈاکٹر محمد فرید بھٹ کے جاری کردہ روزانہ بلیٹن کے مطابق محکمہ صحت نے 1227 نمونے جمع کیے ہیں جن میں 453 آر ٹی۔پی سی آر اور 774 آر اے ٹی نمونے شامل ہیں ، اس کے علاوہ ضلع میں وقفہ ٹیکہ لگانے والے مراکز میں 1429 افراد کو کوڈ ویکسین فراہم کی گئی ہے۔
بانہال میں ٹیسٹنگ لیب قائم کی جائے :سجاد شاہین
دیہی علاقوں میں طبی اداروں میں تمام سہولیات بہم رکھنے کا مطالبہ
بانہال//نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر سجاد شاہین نے حکام سے اپیل کی ہے کہ ضلع رام بن کے کے رام بن اور بانہال علاقوں میں RATٹسٹنگ لیب کو قائم کرنے کے علاوہ ہی علاقوں میں کورونا وائرس سے لڑنے کے لئے بہتر طبی سہولیات دستیاب رکھی جائے ۔تاکہ عوام کو اس وبا کے وقت میں کسی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑ ے ۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر رام بن سجاد شاہین نے کہا بانہال اور رام بن علاقوں میں RATٹسنٹگ سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔انہوں نے سرکار سے اپیل کی ہے کہ بانہال اور رام بن علاقوں میں مزکورہ ٹسٹنگ کے لئے لیب فوری طور قائم کی جائے ۔ انہوں نے حکومت سے ضلع کے تمام دہی علاقوں میں کورونا وائرس کے مقابلے لئے بہتر طبی سہولیات بہم رکھنے کی اپیل کی ہے تاکہ عوام کو کسی مشکلات کا سامنانہ کرناپڑے ۔
لوگوں کے بجلی اور پانی کے کرائے معاف کئے جائیں:رقیق احمد خان
کورونا کی تیسری لہر شروع ہونے سے قبل بچوں کو ویکسین لگائی جائے
مینڈھر//اپنی پارٹی یوتھ ونگ جموں وکشمیر کے نائب صدر رقیق احمد خان نے حکومت سے گذارش کی ہے کہ کویڈ بحرانی صورتحال کے مد نظر لوگوں کے بجلی اور پانی کے کرائے معاف کئے جائیں۔ رقیق خان نے کہاکہ کاروباری ادارے بند ہیں اور نجی سیکٹر کے ملازمین کے لئے بھی دو قت کی روٹی کا انتظام کرنا مشکل بنا ہو اہے۔ ایسے حالات میں حکومت کو چاہئے کہ بجلی اور پانی کے کرائے معاف کئے جائیں اور اُنہیں موجودہ کورونا وباء کے دوران پانی وبجلی استعمال کی خصوصی رعایت دی جائے ۔انہوں نے کہاکہ ٹرانسپورٹروں کو خصوصی پیکیج دیاجائے اور تاجروں کو ٹیکس ادائیگی میں رعایت دی جانی چاہئے۔ لڑکھڑاتے صحت شعبہ اور نامناسب ڈھانچہ پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے حکومت سے اپیل کی ہے کہ تیسری لہر کے چیلنج سے نپٹنے کے لئے صحت ڈھانچہ کی تجدید کی جائے۔انہوں نے کہا’’ہمیں تیسری لہر کے لئے خود کو تیار رکھنا چاہئے اور جموں وکشمیر میں بچوں کو ویکسین دی جائے، ہمیں صحت شعبہ میں پائی جارہی خامیوں کو دورکر کے اور نظام میں بہتری لاکر بہتر ڈھانچہ مہیا کرنا چاہئے‘‘۔
کورونا وائرس کی تیسری لہر بہت خطرناک ہوگی:ضلع مجسٹریٹ ادھم پور
ادھم پور //ضلع مجسٹریٹ ادھم پور اندھو کنول چب کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر بہت خطرناک ہوگی اور یہاں تک کہ چھوٹے بچے بھی اس وبا کی لپیٹ میں آ جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بلیک فنگس بھی خطرناک بیماری ہے جس کی وجہ سے انسانی اعضا بالخصوص آنکھیں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔اندھو کنول چب نے جمعرات کو لوگوں سے کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا’’تیسری لہر چھوٹے بچوں کو متاثر کرے گی۔ یعنی گھر میں جو سب سے چھوٹا بچہ ہوگا وہ بھی کووڈ کی لپیٹ میں آ جائے گا‘‘۔انہوں نے کہا’’ہمیں بتایا گیا ہے کہ بلیک فنگس نامی چیز بھی آنے والی ہے ۔ بلیک فنگس لگنے سے آنکھیں متاثر ہوں گی۔ آنکھیں کی سرجری کرانی پڑے گی یا کیا پتہ آنکھیں ہی نکالنی پڑے ۔ ناک والے حصے پر بھی سرجری کی ضرورت پڑ سکتی ہے ‘‘۔ان کا مزید کہنا تھا’’یہ باتیں میں اس لئے بتا رہی ہوں کیوں کہ ہم لوگوں کو یہ سمجھنا پڑے گا کہ اب صورتحال دن بہ دن بد سے بدتر ہو جائے گی اگر ہم اپنے آپ کو کنٹرول نہیں کریں گے ‘‘۔
ایک دن میں اب تک کی سب سے بڑی چھلانگ
ضلع رام بن میں 201 افراد کے کووڈ نمونے مثبت آئے
محمد تسکین
بانہال// جمعرات کے روز ضلع رام بن میں کووڈ انیس سے متاثرہ 201 آفراد کے نمونے مثبت آئے ہیں جو اب تک کی ایک دن میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔ ضلع رام بن میں 20 مئی جمعرات شام تک 201 تازہ افراد کے کووڈ نمونے مثبت آنے کے بعد ضلع رام بن میں مثبت کیسوں کی کل تعداد 4108 تک پہنچ گئی ہے جبکہ رام بن ٹراما ہسپتال ، جو اب کووڈ کئیر ہسپتال ہے ، میں 13 کووڈ مریض زیر علاج ہیں۔ اب تک 3134 کووڈ مریض شفایاب ہوئے ہیں جبکہ ایکٹیو پازیٹیو کیسوں کی تعداد 1130 تک پہنچ گئی ہے۔ بڑے پیمانے پر کی جارہی ٹیسٹنگ کے نتیجے میں ضلع رام بن میں کووڈانیس سے متاثر مثبت کیسوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور اب تک پنتالیس افراد کووڈ:
انیس کا شکار ہوکر لقمہ اجل بنے ہیں جن میں سے چوبیس اموات رواں سال کی مارچ سے اب تک کووڈانیس کی وجہ سے واقع ہوئی ہیں۔
اعجاز احمد خان نے دیہات میں حفظان ِ صحت کو مستحکم کرنے
کیلئے ڈی ڈی سی فنڈز سے 10لاکھ روپے استعمال کرنے کو منظوری دی
ریاسی//اپنی پارٹی نائب صدر اور سابقہ وزیر اعجاز احمد خان نے کویڈ19معاملات میں تیزی کے ساتھ اضافہ کو دیکھتے ہوئے دیہات میں حفظان ِ صحت نظام کو مستحکم کرنے کی غرض سے اپنے ضلع ترقیاتی کونسل فنڈز سے10لاکھ روپے استعمال کرنے کو منظوری دی ہے۔ اعجاز احمد خان نے کہا ہے کہ وہ دیہی علاقہ جات میں صحت نظام کو مستحکم کرنے کی حکومتی کوششوں میں اپنا تعاون کرنا چاہتے ہیں جس کی اس وقت ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ ’’میں نے ڈپٹی کمشنر ریاسی سے بات کی اور اُن سے گذارش کی ہے کہ میرے ڈی ڈی سی فنڈ میں سے 10لاکھ روپے دیہی علاقہ کے اندر صحت نظام بہتر بنانے پر خرچ کئے جائیں‘‘۔ انہوں نے جموں وکشمیر کی ہرپنچایت میں5بستروں پر مشتمل کویڈ کیئر سینٹر قائم کرنے کے لئے ڈپٹی کمشنروں اور صحت محکمہ کو ہدایات جاری کرنے کے لئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی تعریف کی ہے کیونکہ متعدد افراد کے لئے اپنے ہی گھر میں کویڈ متاثرہ مریضوں کو اعلیحدہ رکھنے کا آپشن نہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے صحت نظام کو بہتربنانے کے لئے اچھا قدم اُٹھایا ہے۔ انہوں نے ہاکہ گاؤں میں لوگ احتیاط بھی برت رہے ہیں اور ویکسین بھی لے رہے ہیں، ہمیں کورونا متاثر مریضوں کے لئے حساس حفظان انتظامات کرنے چاہئے۔ یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں کہ دیہات کے اندر غیر مناسب صحت نظام ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاسی، سب ڈویژن مہور، دھرماڑی اور گول میں حکومت کی فوری توجہ درکار ہے۔ کسی بھی قیمت پر حکومت صحت شعبہ میں خالی پڑی اسامیاں پر کرے ، حکومت کو چاہئے کہ صحت ملازین کو دیہات کے ا ندر خدمات انجام دینے کے عوض اضافی مراعات دی جائیں اور آئی ایس ایم ڈاکٹروں کی خدمات بھی حاصل کی جائیں۔ اِن ڈاکٹروں کو ویلنس سینٹرز اور پی ایچ سی میں تعینات کیاجائے۔
ڈوڈہ میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں بتدریج اضافہ
۔24 گھنٹوں میں تین خواتین سمیت 4 اموات،79 مثبت کیس و 25 مریض صحتیاب
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ جمعرات کو ڈوڈہ، بھدرواہ، عسر ،ٹھاٹھری و گندوہ ہوئی کوؤڈ جانچ کے دوران 79 نئے مثبت معاملات سامنے آئے ہیں اور 25 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ پچھلے چوبیس گھنٹوں میں 4 اموات ہوئیں ہیں. اطلاعات کے مطابق 38 مریضوں کو ہسپتال آئسو لیشن و باقی افراد کو خانہ قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد 1063 و شفایاب ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 3833 پہنچ گئی ہے۔ اس دوران بدھ کی شام بھدرواہ ڈنڈی کی 80 سالہ خاتون کی گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ میں موت ہوئی وہیں بدھ و جمعرات کی درمیانی شب کو بھدرواہ پونیجہ گاؤں کے اسی سال بزرگ کی ایس ڈی ایچ بھدرواہ سے گورنمنٹ میڈیکل ڈوڈہ منتقلی کے دوران راستے میں ہی وفات ہوئی۔ جمعرات کو کاہرہ جوڑا و عسر کی پنتیس و بیس سالہ دو خواتین گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ میں وفات پا گئیں۔ اس اسطرح سے پچھلے چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس سے تین خواتین سمیت چار ہلاکتیں ہوئیں ہیں۔اس دوران انتظامیہ نے ضلع میں ویکسینیشن عمل میں تیزی لائی ہے اور 34 مراکز پر ٹیکہ لگائے جارہے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک ضلع میں 91 ہزار سے زائد افراد کو ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔
Contents
کشتواڑضلع بھر میں 11 ویں روز بھی کورونا کرفیو جاری، ڈھیل کیساتھ ہی بھیڑ جمع مثبت معاملات میں مسلسل اضافہ ،دورافتادہ علاقہ جات بھی لوگ کورونا سے متاثرکووڈ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائدرام بن میں 1429 ٹیکے لگائے گئے ، 1227 نمونے جمع بانہال میں ٹیسٹنگ لیب قائم کی جائے :سجاد شاہیندیہی علاقوں میں طبی اداروں میں تمام سہولیات بہم رکھنے کا مطالبہ لوگوں کے بجلی اور پانی کے کرائے معاف کئے جائیں:رقیق احمد خان کورونا کی تیسری لہر شروع ہونے سے قبل بچوں کو ویکسین لگائی جائےکورونا وائرس کی تیسری لہر بہت خطرناک ہوگی:ضلع مجسٹریٹ ادھم پورایک دن میں اب تک کی سب سے بڑی چھلانگ ضلع رام بن میں 201 افراد کے کووڈ نمونے مثبت آئے اعجاز احمد خان نے دیہات میں حفظان ِ صحت کو مستحکم کرنے کیلئے ڈی ڈی سی فنڈز سے 10لاکھ روپے استعمال کرنے کو منظوری دی ڈوڈہ میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں بتدریج اضافہ ۔24 گھنٹوں میں تین خواتین سمیت 4 اموات،79 مثبت کیس و 25 مریض صحتیاب