ہریانہ واقعہ کی مذمت
سرنکوٹ // خدمت خلق سوسائٹی کے چیئرمین ڈاکٹر شیراز میر نے ہریانہ میں راجوری کے طلباء کی پٹائی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے غنڈہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی مانگ کی ہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ یہ حملہ بزدلانہ حرکت ہے اور یہ بات تشویش کا باعث ہے کہ ریاست کے طلباء کے ساتھ آئے روز ایسے واقعات رونماہورہے ہیں ۔انہوں نے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ بیرون ریاست طلباء کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔انہوںنے کہاکہ آخر کب ایسے واقعات پر لگام لگے گی اور کیوں ملوثین کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی ۔انہوںنے کہاکہ ایسے واقعات ریاست کے حالات کیلئے خطرناک ہیں اس لئے فوری طور پر کارروائی کی جائے ۔
ہر ضلع میں بورڈنگ اسکول کھولنے کا مطالبہ
پونچھ//گوجر لیڈر شمشیر ہکلہ پونچھی نے سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ گوجر بکروال طبقہ کے لڑکوں اور لڑکیوں کیلئے نودیا ودیالیہ کی طرز پر ضلع سطح پر بورڈنگ سکول کھولے جائیں ۔یہاں جاری بیان کے مطابق شمشیر نے کہاکہ ریاست میں گوجر بکروال طبقہ کے لوگ دور اُفتادہ پہاڑی علاقوںمیں آباد ہیںاور مالی ، سماجی طور پر پسماندہ ہیں ۔ان کاکہناہے کہ طبقہ کے طالب علموں کو تعلیم حاصل کرنے میں بہت ہی پریشانی اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوںنے کہا کہ گوجر بکروال طبقہ کے لوگوں کو تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لئے جموں و کشمیر کے ہر ضلع میں گو بورڈنگ اسکول کھولنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں گوجر بکروال طبقہ کے لئے کچھ سالوں پہلے جو موبائل اسکول کھولے گئے تھے وہ موبائل سکول بھی اب موسمِ گرما میں گوجر بکروال طبقہ کے ساتھ ڈھوکوں اور مرگوں میں منتقل نہیں ہوتے جس کے سبب ان کی تعلیم متاثر ہورہی ہے۔
راجوری دلہیری روڈ پر ائورلوڈنگ
راجوری//منیر خان // کوٹرنکہ صدر مقام سے نکلنے والی تمام چھوٹی بڑی گاڑیاں ائورلوڈنگ کرتی ہیں جس کے نتیجہ میں کئی بار حادثات بھی رونماہورہے ہیں۔حال ہی میں کوٹرنکہ بدھل روڈ پر ایک میٹاڈور حادثے کا شکار ہوگئی جس میں چار افراد کی موت ہوگئی ہے جس پر اگرچہ پولیس نے دعویٰ کیاہے کہ یہ گاڑی ائورلوڈ کا شکار نہیں تھی لیکن مقامی لوگوںکاکہناہے کہ اس میں ضرورت سے کہیں زیادہ سواریاں سوار تھیں ۔مقامی لوگوں کے مطابق کئی گاڑیوں کی چھت بھی بھری ہوتی ہے اور پائوں رکھنے کی جگہ نہیں ملتی ۔ان کاکہناہے کہ ٹاٹا میجک میں 7مسافروں کی گنجائش ہوتی ہے لیکن اس میں پندرہ سے زائد جبکہ ٹاٹا سومو میں 9کی جگہ 18سے بھی زائد مسافر سوار کئے جاتے ہیں ۔ان کاکہناہے کہ اگر پولیس چاہے تو چند گھنٹوںمیں ہی ائورلوڈنگ پر قابو پایاجاسکتاہے لیکن وہ اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہی ۔ انہوںنے ڈپٹی کمشنر راجوری سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں ذاتی مداخلت کرکے ائورلوڈنگ پر روک لگائیں۔
سرحدی کشیدگی پر تشویش کااظہار
مینڈھر// کانگریس کی ریاستی سیکریٹری پر وین سرور خان نے سرحدی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ لوگ مررہے ہیں مگر حکومتیں تماشائی بنی ہوئی ہیں ۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ ایک طرف فو جی اہلکار مارے جارہے ہیں اور دوسری طرف عام شہری بھی محفوظ نہیں جبکہ مالی نقصان بھی ہورہاہے لیکن حکومت خاموشی سے تماشادیکھ رہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ امتحانات سر پر ہیں مگر سرحدی علاقوں کے طلباء کوپڑھنے کے بجائے جان کی فکر ستائے جارہی ہے اور اسکول بھی کئی کئی دنوںتک بند رہتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ کانگریس کی حکومت کے وقت 56انچ کا سینہ دکھایاجاتاتھامگر نہ جانے اب وہ سینہ کہاں گیا۔انہوںنے کہاکہ مرکزی حکومت کو سرحدی کشیدگی ختم کرنے کیلئے بات چیت کا سہار الیناچاہئے کیونکہ جنگ و جدل سے کچھ حاصل نہیںہوگا۔
رہبر کھیل کی طرز پر رہبر کمپیوٹر تعیناتی کا مطالبہ
پونچھ//حسین محتشم//پونچھ ضلع میں سینکڑوں کی تعداد میں نوجوانوں نے کمپیوٹر میں ڈگریاں حاصل کر رکھی ہیں جو عرصہ دراز سے بے روزگاری کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان نوجوانوں نے مرکزی او ریاستی سرکار سے مطالبہ کیا کہ رہبر تعلیم، رہبر زراعت، رہبرکھیل کی طرح رہبر کمپیوٹر کی تعیناتی کا حکم جاری کیاجائے ۔سردار ہر سمرن سنگھ نے کہا کہ وہ ایم سی اے کر چکے ہیں اور اب تک روزگار نہ ملنے کی وجہ سے کئی پریشانیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی طرح ریاست میں ہزاروں نوجوان ہیں جو بڑی بڑی ڈگریاں حاصل کر کے بے روزگار کی مار جھیل رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ڈیجیٹل انڈیا کا خواب دیکھنے سے قبل ان کے ساتھ انصاف کیاجائے اوررہبر کمپیوٹر کے طور پر تعیناتی عمل میںلائی جائے ۔انہوںنے کہاکہ سرکاری اسکولوں میں جہاں جہاں اسامیاں خالی پڑی ہیں، ان کو پر کیاجائے ۔
پردھان منتری آواس یوجنا
مستحقین پر اثرورسوخ والوںکوترجیح دینے کا الزام
پونچھ//انصاف مومنٹ نے پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت غریب اور پسماندہ لوگوں کے مکانات کی تعمیر کامطالبہ کیاہے ۔ ضلع صدر فوجی برکت حسین،اعجاز کٹاریہ، ولی محمد شیخ، عباس ملک اور دیگران نے الزام لگایا کہ سرحدی ضلع پونچھ میں اس سکیم کے تحت غیر مستحقین اور سیاسی اثر رسوخ والے لوگوں کے مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا ہے پونچھ ضلع کے بلاک لورن کی پنچائت و گاؤں براچھڑ میں محکمہ کچھ غیر مستحقین کے نام پر مکانات کو منظوری دے رہا ہے جبکہ مستحقین کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وہاں سے اس سکیم کے تحت مکانات کو سیاسی اثر و رسوخ والے لوگوں کے نام منتقل کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صرف پونچھ اور لورن میں ہی نہیں پونچھ ضلع میں متعلقہ محکمہ کی ملی بھگت کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے انتباہ دیاکہ اگر مستحقین کو انصاف نہ ملاتو وہ احتجاج کاراستہ اختیا رکریںگے ۔
ہاکی کوچ شام لال کی ہلاکت پر دکھ کا اظہار
پونچھ//ضلع پونچھ کے معروف ہاکی کوچ شام لال شرما ایک سڑک حادثے میںلقمہ اجل بن گئے ۔وہ کھیلوں کے سلسلے میں کھلاڑیوںکے ہمراہ بنگلور گئے ہوئے تھے جہاںسے واپسی پر دیری ریلیوٹ کے مقام ان کی گاڑی حادثہ کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں وہ موقعہ پر ہی لقمہ اجل ہو گئے۔ ان کی موت کی خبر ملتے ہی پونچھ غم کا ماحول چھا گیا۔۔ان کی وفات پر پونچھ کی سیاسی و سماجی تنظیموں نے دکھ کا اظہار کیاہے ۔اس سلسلے میں ممبر ان قانون ساز یہ شاہ محمد تانترے،ڈاکٹر شہناز گنائی ، یشپال شرمااورپردیپ شرما،کونسل کے سابق ڈپٹی چیئرمین جہانگیر میر،اعجا زجان ، بشیر ناز ، تاج میر وغیرہ نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ دکھ کی اس گھڑی لواحقین کے ساتھ برابر کے شریک ہیں ۔
BDOراجوری کوبی ڈی او تھنہ منڈی کااضافی چارج دیاگیا
تھنہ منڈی//طارق شال// بلاک تھنہ منڈی کا اضافی چارج بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر راجوری کو دیاگیاہے ۔بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر تھنہ منڈی محمد صغیر چوہدری نے مزید پڑھائی کو جاری رکھنے کے لئے محکمہ سے دو ماہ کی چھٹی حاصل کی ہے جس مد نظر رکھتے ہوئے محکمہ دیہی ترقی و پنچائتی راج نے بلاک تھنہ منڈی کا کام کاج چلانے کے لئے بلاک کا اضافی چارج بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر راجوری ظہیر احمد کیفی کے حوالے کیاہے ۔کیفی کاکہناہے کہ ان کی کوشش ہوگی کہ حقدار کو اس کا حق ملے ۔کیفی کے پاس درہال کا اضافی چارج بھی ہے ۔
اُمید سکیم
منڈی بلاک میں323 ایس ایچ جی قائم: عبدالحق
جموں//دیہی ترقی اور پنچائتی راج کے وزیر عبدالحق خان نے قانون ساز اسمبلی میں جاوید احمد رانا کی توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ منڈی بلاک میں ایس آر ایل ایم کی اُمید سکیم کے تحت 323 سیلف ہیلپ گروپ (SHG)قائم کئے گئے ہیں ۔ وزیر نے مزید کہا کہ پونچھ ضلع کو نومبر 2016 میں اُمید سکیم کے دائرے میں لایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پونچھ ضلع کے سرنکوٹ بلاک کو اس سال جنوری میں اُمید پروگرام کے دائرے میں لایا گیا ہے اور سماجی سطح پر بیداری پیدا کرنے کا کام شروع کیا جا چکا ہے ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ اب تک 22270 سیلف ہیلپ گروپ اس پروگرام کے تحت قایم کئے گئے ہیں جن سے لگ بھگ دو لاکھ خواتین مستفید ہوئی ہیں ۔
گرلز ہائر سکینڈری سکول نوشہرہ
اضافی کلاس روم کا کام جاری : الطاف بخاری
جموں//تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے ایوان میں رویندر رینہ کی طرف سے پیش کی گئی توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پی ڈبلیو ڈی محکمہ نے گورنمنٹ گورلز ہائیر سکینڈری سکول نوشہرہ راجوری میں چار اضافی کلاس روم تعمیر کرنے کا کام شروع کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کام 58.45 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی طرف سے 23 دسمبر 2017 کو منعقدہ ایک عوامی دربار کے دوران دس لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا تھا ۔ ایک اور رُکن کی طرف سے ابھارے گئے نقطے کے جواب میں وزیر موصوف نے کہا کہ ایچ ایس ایس لمبیڑی کے ارد گرد موجود 84 کنال اراضی کی تار بندی کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اور ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری اس معاملے کی عدالت میں پیروی کر رہے ہیں کیونکہ کچھ اراضی کی عدالت عالیہ میں یہ معاملہ پڑے رہنے سے تار بندی نہیں کی گئی ہے ۔
راجوری میں 270 طبی ادارے : بالی بھگت
دداسن بالا اور بہروٹ میں ٹرامہ ہسپتال کے قیام کی کوئی تجویز نہیں
جموں//صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے ایوان کو بتایا کہ ضلع راجوری میں 270 طبی مراکز کام کر رہے ہیں جبکہ ان اداروں کو 24 گھنٹے کام کرنے کیلئے 42 ایمبو لینسز دستیاب رکھی گئی ہیں ۔ رُکنِ اسمبلی چودھری قمر حسین کے سوال کے جواب میں وزیر نے کہا کہ ضلع ہسپتال میں ، 7 سی ایچ سیز ، 22 پی ایچ سیز ، 33 این ٹی پی ایچ سیز اور 207 ایس سیز میں لوگوں کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ انتخاب راجوری میں 108 طبی مراکز کے ذریعے طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جن میں ایک ضلع ہسپتال ، ایک سی ایچ سی ، 6 پی ایچ سی ، 10 این ٹی پی ایچ سیز اور 90 ایس سیز شامل ہیں ۔ راجوری کے مختلف طبی اداروں میں 42 ایمبو لینسز کام کر رہی ہیں ۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیر نے کہا کہ مغل روڈ پر واقع دداسن بالا اور بہروٹ علاقوں میں ٹرامہ ہسپتال قایم کرنے کوئی تجویز نہیں ہے تا ہم انہوں نے کہا کہ ان جگہوں پر ایک این ٹی پی ایچ سی اور ایک سب سنٹر پہلے ہی کام کر رہے ہیں ۔ بالی بھگت نے کہا کہ تھنہ منڈی میں ایک سب ڈسٹرکٹ ہسپتال قایم ہے اور ڈونگی میں کوئی ایس ڈی ایچ قایم کرنے کی کوئی تجویز نہیں ہے ۔ رُکنِ اسمبلی نیلم کمار لنگے کے ایک سوال کے جواب میں وزیر نے کہا کہ رام بن کے ضلع ہسپتال کیلئے 24 ڈاکٹروں اور 57 دیگر عملے کی آسامیاں منظور شدہ ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹرامہ ہسپتال رام بن کیلئے ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کی کوئی بھی آسامی ابھی تک منظور نہیں کی گئی ہے۔
سیاسی بنیاد پر نظرانداز کرنیکا الزام
۔8فروری کو درہال میں مکمل ہڑتال کا اعلان
منیر خان
راجوری//درہال کے عوام نے علاقے کو سیاسی بنیادوں پر نظرانداز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے 8فروری کو مکمل ہڑتال کرنے کا اعلان کیاہے ۔ سینئر کانگرنس لیڈر محمد اقبال ملک نے درہال کے معززین کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کرکے یہ طے کیا کہ 8فروری کو درہال مکمل بند رہے گا ۔ انہوں نے اس بند کی وجہ تعمیروترقی میں درہال کے ساتھ سوتیلا سلوک اختیار کرنابتایا اور الزام عائد کیاکہ ایسا سیاسی بنیادوںپر کیاجارہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ درہال کی عوام نے ایک مخصوص جماعت کو ووٹ دیئے اس لئے انہیںسیاسی بنیادوں پر نظر اندازکیا جارہا ہے اور تعمیراتی کام نہیں ہورہے ۔ اقبال ملک نے کہا کہ درہال کے لوگوںکوڈگری کالج سے محروم رکھاگیاہے جبکہ سڑک، پانی اوردیگر سہولیات بھی نہیں ۔ان کاکہناتھاکہ شکر مرگ پروجیکٹ کو بھی نظر اندازکیاگیاہے اور یہ سب کچھ سیاسی بنیاد پر ہورہاہے جس کے خلاف اب مقامی عوام لڑیںگے ۔ ان کاکہناتھا کہ ڈگری کالج کے لئے عوام نے اراضی سمیت دیگر ہر ممکنہ تعاون دینے کا بھی یقین دلایالیکن اس کے باوجود اس مانگ کو پورا نہیں کیاجارہااور رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سڑک رابطے مکمل خستہ ہیں مگر مقامی نمائندہ جو کابینہ وزیربھی ہے ، اس طرف کوئی توجہ نہیں دے رہا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریاستی سرکار کی طرف سے جاری امتیازی سکول ختم نہ ہواتوبڑے پیمانے پر احتجاج کیاجائے گا۔اقبال ملک نے بتایاکہ درہال بند کے بارے میں راجوری انتظامیہ کو بھی آگاہ کردیاگیاہے۔
ممبراسمبلی راجوری پر ذات پات کی سیاست کا الزام
راجوری //نیشنل کانفرنس یوتھ کے صوبائی نائب صدر ایڈووکیٹ عبدالقادر خان نے ممبراسمبلی راجوری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان پرکالجوںکے قیام کے معاملے میں ذات پات کی سیاست کا الزام عائد کیا۔یہاں جاری ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ ممبراسمبلی نے گزشتہ دنوں اسمبلی میں ڈونگی کیلئے کالج کی مانگ کی لیکن وہ یہ بھول گئے کہ منجاکوٹ کے لوگ بھی کئی عرصہ سے کالج کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ وہ ڈونگی میں کالج دینے کے مخالف نہیں لیکن ممبراسمبلی نے منجاکوٹ کو کالج دینے کے بارے میں خاموشی اختیار کرلی ہے جو معنی خیز ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ممبراسمبلی ذات پات کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں اور وہ ایک جائز مانگ کو دبانا چاہتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ لوگوںنے انہیں اس چیز کیلئے چن کر نہیں بھیجااور انہیں ہر ایک علاقے کو ایک نظر سے دیکھناچاہئے۔