سرینگر،اننت ناگ،کولگام اورکپوارہ ڈپٹی کمشنروں کی میڈیابریفنگ
اضلاع میں کووِڈ- 19کی دوسری لہر سے پیدا شدہ صورتحال سے باخبر کیا
اننت ناگ//سرینگر،اننت ناگ، کپوارہاورکولگام کے ضلع ترقیاتی کمشنروں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو ان اضلاع میں کووِڈ- 19کی عالمگیر وباء کی دوسری لہر سے پیداشدہ صورتحال اوراس پر قابو پانے کیلئے کئے گئے اقدامات کی جانکاری دی۔سرینگرمیںضلع ترقیاتی کمشنر محمد اعجاز اسد نے جمعہ کو کہا کہ ضلع میں تمام 21 پنچایتوں میں کووِڈ کئیر سہولیات کے قیام کیلئے عمارتوں کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں آج ڈی ڈی سی ، بی ڈی سی اور پنچایتی نمائندوں کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں جموں و کشمیر کے لفٹینٹ گورنر کی ہدایات کے مطابق اپنے اپنے دائرہ اختیار میں 5 بستروں پر مشتمل کووڈ کئیر سنٹر قائم کرنے کیلئے عمارتوں کی نشاندہی کی گئی ۔ ڈی سی نے بتایا کہ کووڈ 19 کی دوسری لہر سے نمٹنے کیلئے پنچایتوں ، صحت کے حکام اور ضلع انتظامیہ کی مشترکہ مشاورت سے ایک جامع منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگلا نے اننت ناگ میں میڈیا کو بتایا کہ ضلع کی موجودہ کووِڈ بحالی کی شرح تقریباً 65 فیصد ہے اور اَب تک 8081 مریض شفایاب ہوچکے ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے آکسیجن کی دستیابی کے بارے میںکہا کہ 2350 ایل پی ایم اور 500 ایل پی ایم صلاحیت والے آکسیجن پلانٹ آسانی سے چل رہے ہیں اور یہ پلانٹ کووِڈ ہسپتالوں ، جی ایم سی اننت ناگ اور ٹراما ہسپتال بجبہاڑہ کومیڈیکل آکسیجن کی ضروریات کو پورا کررہے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ آکسیجن کی گنجائش کو بڑھایا جارہا ہے ۔آکسیجن آڈِٹ کمیٹیوں کے ذریعے مریضوں کی ضرورت کی مناسب نگرانی کی جاتی ہے۔ڈاکٹر سنگلا نے کہا کہ ضلع بالخصوص کنٹین منٹ زونوں میں رابطوں کا سراغ لگانے اور نمونے لینے پر توجہ دے رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر اِنڈکس معاملے میں 14 رابطوں کی جانچ ہوتی ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ نے میڈیا افراد کو ضلع کی کووِڈ صورتحال کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کووِڈ۔ 19 کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے کثیر الجہت حکمت عملی اختیار کی جارہی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ مثبت واقعات کی نشاندہی کرنے اور دوسرے لوگوں کی زندگیوں کی حفاظت کی خاطر ان کو الگ تھلگ کرنے کے لئے ضلع میں نمونے لینے کا عمل تیز کردیا گیا ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ ضلع میں مجموعی طور پر 10,015 مثبت واقعات پیش آئے ہیںاور ان میں ضلع میں 8,044 مریض شفایاب ہوئے ہیں جو 80.32 فیصد کے برابر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں اَب تک 131 اموات کی موت واقع ہوچکی ہیں۔ڈی سی نے کہا کہ ضلع میں مثبت معاملا ت کی شرح دن بدن کم ہو رہی ہے اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کووڈ رہنما اصولوں اور ایس او پیز پر من و عن عمل کرتے ہوئے اِنتظامیہ کو اپنا تعاون جاری رکھیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلا محی الدین بٹ نے آج یہاں ایک پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ ضلع میں مثبت معاملات کے رجحان کی شرح بھی کم ہونا شروع ہوگئی ہے ۔تاہم وقت کا تقاضا ہے کہ کووِڈ۔19 ایس او پیز پر عمل پیرا رہنا لازمی بن گیا ہے تاکہ آنے والے دنوں میں سود مند بہتر نتائج ثابت ہوں۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ صورتحال بتدریج بہتر ہورہی ہے تاہم لوگوں کو مزید بہتری کے لئے کووِڈ۔ 19کے ایس او پیز پر قائم رہنا ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے ضلع میں آکسیجن کی دستیابی کے سلسلے میںجانکاری دی کہ ضلع ہسپتال میں 1000 ایل ایم پی آکسیجن جنریشن پلانٹ بہتر طریقے سے کام کررہاہے جبکہ 350 ایل پی ایم آکسیجن جنریشن پلانٹ پر مرمت کا کام جاری ہے اور یہ جلد ہی کام کرنا شروع کرے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ضلع انتظامیہ نے آکسیجن بینک بھی قائم کیا ہے۔
لداخ میں زلزلے کے ہلکے جھٹکے
کوئی جانی یامالی نقصان نہیں ، شدت 4.2ریکارڈ
سرینگر//لداخ میں جمعہ کو زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیںہوئی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق لیہہ کے کئی علاقوں میں جمعہ کی صبح اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں صبح 11 بجکر 2 منٹ پر زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے جس کا مرکز لیہہ کا ہی کوئی علاقہ تھا۔انہوں نے بتایا کہ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 4 اعشاریہ 2 ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ اس کی گہرائی 90 کلو میٹر تھی۔ خیال رہے کہ جموں کشمیر کے ساتھ ساتھ لداخ میں بھی زلزلے کے جھٹکے آتے رہتے ہیں اور کئی سال قبل جموں کشمیر میں اس وقت تباہی مچ گئی تھی جب آ ر پاس شدید زلزلے کے جھٹکے محسو س کئے گئے تھے ۔
سرکاری ملازمین کی برطرفی کا معاملہ
یکطرفہ کارروائی نہ کی جائے:ایمپلائزیونائیٹڈفرنٹ
سرینگر// ملازمین کے متحدہ پلیٹ فارم ایمپلایز یونائیٹڈ فرنٹ نے سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ریاستی ملازمین کے خلاف کسی بھی قسم کی تادیبی کاروائی کرنے سے پہلے تمام پہلوں کو مدنظر رکھیں اور انہیں اپنا موقف بیان کرنے کا موقعہ فراہم کرے۔ کے این ایس کے مطابق ایمپلایز فرنٹ کے لیڈرانے مشترکہ بیان میں کہا کہ ملازمین سرکار کا ایک اہم حصہ ہے، اسلئے سرکار پر لازم ہے کہ ملازمین کے خدشات اور تحفظات کو دور کیا جاے۔انہوں نے سرکار کو یقین دلایا کہ کووِڈ کے خلاف جنگ میں ملازمین سرکاری اقدامات کوسراہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملازمین جموں کشمیر میں انتہائی پیچیدہ حالات کے باوجود جانفشانی اور ایمانداری سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ ایمپلایز فرنٹ کے لیڈران نے اس بات کا بھی عندیہ دیا کہ وہ عنقریب لیفٹنٹ گورنر اور انتظامیہ کے اعلیٰ عہدداران سے ملاقات کرکے انہیں اپنے خدشات اور تحفظات سے تفصیلی آگاہ کریں گے۔
بغیر تحقیقات برطرفی ناقابل ِ قبول:اعجاز کاظمی
جموں//اپنی پارٹی ٹریڈ یونین صدر اعجاز کاظمی نے بغیر انکوائری کئے دو سرکاری ملازمین کو نوکری سے برطرف کئے جانے کی پرزور مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں کاظمی نے کہا ہے کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ حکومت ملازمین کو سماعت کا موقع فراہم نہیں کر رہی اور اُنہیں یکطرفہ کاررروائی کر کے برطرف کیاجارہاہے۔ انہوں نے کہا’’یہ حیران کن ہے کہ ملازمین جنہوں نے برسوں سے محکمہ جات کی خدمت کی ہے، کو کچھ کہنے کا موقع نہیں دیاجارہاہے، یہ غیر جمہوری ہے ، حکومت ملازمین کی برطرفی کے احکامات واپس لے‘‘۔انہوں نے کہاکہ ملازمین کو بے آواز بنادیاگیاہے اور اُنہیںدن رات کام کرنے کے باوجوداُن کے اہل خانہ کا خیال کئے بغیر نتائج کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری ملازمین اور اُن کے اہل خانہ میں عدم تحفظ ہے۔ ایسے فیصلہ جات جلدبازی میں نہیں لئے جانے چاہئے اور ملازمین کو موقع دیاجانا چاہئے کہ وہ اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کا جواب تو دے سکیں، یہ کسی کو انصاف فراہم کرنے کے حقو ق کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا،ِ’ہم جمہوری ملک میں رہتے ہیں اور ایسے معاملات کا جموں وکشمیر پر دو رس اثر پڑے گااور ایسے فیصلے مناسب صلاح ومشورہ اور آئین ِ ہند کے ضوابط کو ذہن میں رکھ کر لئے جانے چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں حکومت پر پورا یقین ہے اور ہم توقع رکھتے ہیں کہ یہ لو گوں کو انصاف فراہم کرنے کے لئے کام کرے گی۔
نوجوان کشمیری اسکالرکو امریکی سائنسی اعزازعطا
سری نگر//جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی میں زیرتعلیم کشمیری نوجوان ریسرچ اسکالر فردوس احمد کو ’بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن ‘کے سائنسی ایوارڈ سے سرفراز کیا گیاہے ۔کے این ایس کے مطابق جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ریسرچ اسکالرفردوس کو یہ اعزاز امریکن سوسائٹی اور فیڈریشن آف یوروپین مائیکرو بائیولوجی سوسائٹی ایسوسیشن کے ذریعے مشترکہ طور پر منعقد ورلڈ مائیکروب فورم2021 میں حصہ لینے کے لئے ملا ہے۔جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ریسرچر فردوس احمد کو’ بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کا ایبسٹریکٹ ایوارڈ فار سائنٹسٹز 2021 ‘سے نوازا گیا ہے۔واضح رہے کہ فردوس احمد جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی کے قدرتی علوم کی فیکلٹی میں پروفیسر قاضی محمد رضوان الحق کی رہنمائی میں بائیو سائنس شعبے میں مائیکرو بائیولوجی ریسرچ لیب میں پی یچ ڈی کر رہے ہیں۔
فروٹ منڈی پارم پورہ میں ٹیکہ کاری پروگرام
سرینگر// فروٹ منڈی پارم پورہ میں جمعہ کو18سے44برس تک کی عمر کے افراد کوٹیکہ لگانے کاایک پروگرام ہواجس دوران ملازمین ،خریداروں،پھلوں اور سبزیوں کے کاشتکاروں اور ڈیلروں کو ٹیکے لگائے گئے۔اس دوران مجوعی طور209افراد کو ٹیکے لگائے گئے۔اس موقعہ پرڈائریکٹر جنرل فیملی ویلفیئر ڈاکٹر سلیم الرحمن کی سربراہی میں ایک طبی ٹیم نے یہ کام انجام دیا۔
بیروہ کی نوجوان لڑکی کی خود کشی کی ناکام کوشش
ارشاداحمد
بڈگام//داسن بیروہ کی ایک لڑکی نے ذہنی تنائو کے باعث گھر میں کوئی زہریلی شئے کھاکر خودکشی کرنے کی کوشش کی ،تاہم گھروالوں نے اُسے فوری طور اسپتال پہنچا کر بچایا۔بتایا جاتا ہے کہ اکیس برس کی اس لڑکی نے گھر میں کوئی زہریلی چیزکھائی جس کے بعد اس کی حالت غیر ہوگئی ۔گھر والوں نے اُسے فوری طور اسپتال پہنچایا جہاں سے اُسے صدراسپتال سرینگر منتقل کیا گیا۔ڈاکٹروں کے مطابق صدراسپتال میں اس کی حالت مستحکم ہے۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔
محکمہ تعلیم کی ٹرانسفر پالیسی 2021
کرناہ کے لیکچرر 100کلو میٹر دور کپوارہ تبدیل ،متبادل نہیں بھیجے گئے
اشفاق سعید
کرناہ // جہاں پہلے سے ہی کرناہ کے تعلیمی اداروں میں سائنس اورآرٹس مضامین کے لیکچرر وںکی اسامیاں خالی پڑی ہیں وہیں رہی سہی کسر ٹرانسفر پالیسی سال2021 نے نکال دی اور کرناہ کے لیکچرر کپوارہ تبدیل کرنے کے بعد یہاں کے تعلیمی اداروں میں مزید مسائل نے جنم لے لیاکیونکہ ان کا متبادل نہیں بھیجا گیا ۔ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایاکہ محکمہ سکولی تعلیم میں سالانہ ٹرانسفر عمل سال 2021 جاری ہے ۔ محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹر نے جنوری اور فروری کے مہینوں میں لیکچر ر،ماسٹر اور ٹیچر عہدوں پر تعینات اساتذہ سے آن لائن ٹرانسفر درخواستیں جمع کرنے کیلئے کہا تھا۔ ہزاروں اساتذہ نے ٹرانسفر کیلئے آن لائن درخواستیں جمع کیں۔ اساتذہ کو اختیار دیا گیا تھا کہ وہ اپنی درخواستوں میں تین مناسب مقامات کا تعین کریں۔ محکمہ سکولی تعلیم کی جانب سے مارچ کے اخیر میں ممکنہ ٹرانسفر کی ایک عمومی لسٹ منظر عام پر آئی۔ اس لسٹ میں اساتذہ سے کہا گیا تھا کہ وہ سالانہ ٹرانسفر عمل کا جائزہ لیتے ہوئے ا پنے عذرات پیش کریں۔ٹرانسفر لسٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد تحصیل کرناہ کے ایجو کیشن،اردو،اور تاریخ کے لیکچر ر صاحبان نے اپنے عذرات پیش کئے۔ ان مضامین کے لیکچرر ہائر سکنڈری سکول ٹیٹوال اور ہائیر سیکنڈری ٹاڈ سے ٹرانسفر کر کے ہائیر سکنڈری سکول کنڈی خاص کپوارہ میں تعینات کئے گئے تھے۔ یہ سکول کرناہ سے ایک سو کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ ایجوکیشن اور اردو مضامین کے لیکچراروں کی ٹرانسفر کے بعد ان مضامین کے پوسٹ خالی ہو چکے ہیں اور ان کا متبا دل نہیں بھیجا گیا جبکہ تاریخ کے لیکچرروں کی ٹرانسفر چند دنوں میں متوقع ہے۔اس وقت کرناہ میں چھ ہائیر سکنڈری سکول قائم ہیں جن میں سے دو ہائیر سکنڈری سکول نہچیاں اور گبراہ میں اردو اور تین ہائیر سکنڈری سکولوں نہچیاں گبراہ اور کنڈی میں تاریخ کے لیکچرر پوسٹ خالی ہیں۔نہچیاں اور گبراہ میں صرف دو دو لیکچر ر تعینات ہیں جبکہ باقی سائنس اور آرٹس مضامین کی تمام کرسیاں خالی پڑی ہیں۔ ان چھ ہائیر سکنڈری سکولوں میں سے چار میں پرنسپل کا عہدہ پچھلے دو سال سے خالی پڑ ا ہے جبکہ گرلز ہائیر سکنڈری ٹنگڈار کے پرنسپل ا س سال کے آخر میں اپنے عہدے سے سبکدوش ہو رہے ہیں۔ اس طرح کرناہ کی چھ ہائیر سکنڈری سکولوں کیلئے صرف ایک پرنسپل رہ جائے گا۔مقامی لوگوں کا مطالبہ ہے کہ تحصیل کرناہ کے جغرافیہ کو مد نظر رکھتے ہوئے اس علاقے کے لیکچرر صاحبان کی خدمات کرناہ کے سکولوں میںہی دستیاب رکھی جائیںتاکہ بچوں کا مستقبل تباہ نہ ہو ۔
آرہامہ گاندربل میںنجی گاڑی سے عمارتی لکڑی ضبط
فارسٹر سمیت تین ملازمین معطل
ارشاد احمد
گاندربل//گاندربل کے علاقہ آرہامہ میں مقامی لوگوں نے ایک نجی گاڑی میں بھاری مقدار میں غیر قانونی لکڑی ضبط کرکے پولیس کی تحویل میں دے دی۔عینی شاہدین کے مطابق آرہامہ کے مقام پر نجی آلٹو کار زیر نمبر6021 JK16A- تیزرفتار سے رواں دواں تھی جسے مقامی لوگوں نے روکنے کی کوشش کی تاہم اس موقع پر گاڑی کے ڈرائیور نے بھاگنے کی کوشش کی جسے مقامی لوگوں نے ناکام بنادیا۔اس موقع پر جب لوگوں نے گاڑی کی تلاشی لی تو اس میں کمبل کے نیچے بھاری مقدار میں غیر قانونی لکڑی چھپائی گئی تھی۔لوگوںنے پولیس کو اطلاع دی جنہوں نے موقع پر پہنچ کر گاڑی کو اپنی تحویل میں لیا۔سندھ فارسٹ ڈویژن گاندربل کے ڈویژنل فارسٹ افسر اویس فاروق میرنے اس سلسلے میںکشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ایک نجی گاڑی میں بھاری مقدار میں عمارتی لکڑی ،فارسٹر اور دیگر عملہ بھی موجود تھا۔اس سلسلے میں متعلقہ فارسٹر سمیت تین ملازمین کومعطل کرکے ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کے احکامات جاری کردئے گئے ہیں۔
جمعیت علماء ہند کے صدرمولانا قاری منصور پوری کا انتقال ناقابل تلافی نقصان
مرکزی رابطہ ائمہ مساجد جموں و کشمیراورجمعیت علماء جموں وکشمیر کا اظہار رنج
سرینگر//مرکزی رابطہ ائمہ مساجد جموں و کشمیر،دارالعلوم رحیمیہ بانڈی پورہ کے مہتمم مولانا رحمت اللہ اورجمعیت علماء اہل السنت والجماعت جموں وکشمیرنے جمعیت علماء ہند کے صدر،امیر الہند،کل ہند مجلس تحفظ ختم نبوت کے ناظم،استاد حدیث،معروف عالم دین اوردارالعلوم دیوبند کے معاون مہتمم مولاناقاری سید محمد عثمان منصور پوری کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔مرکزی رابطہ ائمہ مساجد جموں و کشمیر کے صدر مولوی سید وارث شاہ بخاری نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالم کی موت ایسی مصیبت ہے جس کی تلافی نہیں ہوسکتی اور ایسا نقصان ہے جو پورا نہیں ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالم ایسا ستارہ ہے جو موت کی وجہ سے بے نور ہوگیا اور کہا کہ ایک پورے قبیلے کی موت ایک عالم کی موت سے کم درجہ کی ہے۔ بخاری نے مولانا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ مولانا کی علمی ، دینی وسماجی خدمات کو قبول فرمائے اور مولانا مرحوم کو کروٹ کروٹ جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔ نیز تمام زعماء کرام جن میں جنرل سکریٹری مفتی اعجاز احمد پرے ، خزانچی قاری محمد اسلم ، چیف آرگنائزر مولانا عبدالاحد گنائی، سکریٹری مولانا سید عنایت اللہ شاہ ، آرگنائزر قاری حفظ الرحمن ،معاون سکریٹری مولانا مفتی ہاشم نیز ضلع صدر سرینگر حافظ محمد رفیق ،ضلع سکریٹری مولانا اقبال بانہالی ، نائب ضلع صدر مولانا غلام احمد ندوی و حلقہ صدور و اراکین رابطہ ائمہ مساجد جموں و کشمیر کے تمام حضرات کی طرف سے بھی اظہار تعزیت کیا ہے۔دارالعلوم رحیمیہ کے مہتمم مولانا رحمت اللہ نے مولانا قاری سید محمد عثمان منصور پوری کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مولانا مرحوم کی دینی ،علمی،ملی،سماجی سبھی خدمات کو قبول فرما کر جنت الفردوس مین اعلی مقام نصیب فرمائے اور پسماندگان خصوصا مولانا مفتی محمد سلمان ، مولانا مفتی محمد عفان اور جمیع خانوادہ و متعلقین نیز رفقاء و تلامذہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔انہوں نے دعا کی کہ دارالعلوم دیوبند،جمعیت علماء ہند، المباحث الفقہیہ،مجلس تحفظ ختم نبوت اور امت مسلمہ کو نعم البدل نصیب فرمائے ۔انہوں نے کہا کہ ’مولانا قاری محمد عثمان کے انتقال پرہم سب تعزیت کے مستحق ہیں‘۔جمعیت علماء اہل السنت والجماعت جموں وکشمیرکے سکریٹری مولانا شیخ عبدالقیوم قاسمی (مہتمم دارالعلوم شیری بارہمولہ) نے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے انہیںانکی گرانقدر علمی،دینی،اصلاحی وسماجی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا ۔انہوں نے کہاکہ مولاناکے انتقال سے نہ صرف بر صغیر بلکہ پورا عالم اسلام بالخصوص اہل علم اورارباب مدارس دینیہ وفرزندان وطن غمزدہ ہوئے ہیں ۔مولانا قاسمی نے انکی دینی ،علمی،اصلاحی ،ملی و سماجی خدمات کے تئیں انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ رب العزت مرحوم کی خدمات کو قبول فرماکرجنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور امت مسلمہ بالخصوص دارالعلوم دیوبند وجمعیت علماء ہند کو نعم البدل عطا فرمائے ۔
شیو سینا ہندوستان کا صدر برائے کشمیرکووڈ19-کا شکار
اپنی پارٹی کے میڈیا ایڈوائزر کا اظہار تعزیت
سرینگر//شیو سینا ہندوستان کا صدر برائے کشمیر اور میونسپل کونسلر عبد الخالق بٹ جمعہ کو کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرگئے۔وہ سرینگر کے صدر اسپتال میں داخل تھے جہاں اس نے جمعہ کی صبح آخری سانس لی۔ میونسپل کونسلر عبد الخالق بٹ کو اسی ہفتے کورونا مثبت ظاہر ہونے کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔دوین چاڈورہ کا رہنے والاعبد الخالق علاقے میں وارڈ نمبر6کا کونسلر بھی تھا۔وہ سیکورٹی وجوہات کی بنا پرگذشتہ سات برس سے سرینگر کے ایک ہوٹل میں مقیم تھا۔ادھر اپنی پارٹی کے میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی نے جمعہ کو میونسپل کمیٹی چاڈورہ کے وارڈ نمبر6سے کونسلر عبدالخالق بٹ کی اچانک وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ۔ایک تعزیتی بیان میں اندرابی نے متوفی کو دیانتدار اور محنتی کارپوریٹر قرار دیا جنہوں نے ہمیشہ اپنے وارڈ کی ترقی کے لئے تندہی سے کام کیا۔ انہوں نے کہا ’’وہ شریف النفس شخص تھے جنہوں نے اپنے وارڈ کے لوگوں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے انتھک کوششیں کیں اور ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیاجاسکتا‘‘۔انہوں نے مرحوم کی جنت نشینی اور لواحقین کے لئے صبر وجمیل کی دعا کی ہے۔
ترقیاتی منصوبوں سے عوام کو آگاہ کریں: آر ٹی آئی مومنٹ
ظفر اقبال
اوڑی/ / جے اینڈ کے آر ٹی آئی مومنٹ کے یوتھ کوآرڈی نیٹرنوید بختیار نے ضلع بارہمولہ کے تمام منتخب نمائندوں سے درخواست کی ہے کہ ترقیاتی منصوبے حکومت کو پیش کرنے سے پہلے عوام کو آگاہ کریں۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ترقیاتی سرگرمیوںسے متعلق مسودے تیار کرنے اور پیش کرنے میں پوری طرح سے شفافیت اپنائی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ آر ٹی آئی قانون کے تحت ایک بنیادی انسانی حق ہے۔انہوں نے منتخب نمائندوں سے یہ بھی درخواست کی کہ وہ آر ٹی آئی قانون کا احترام کریں ۔
نیشنل کانفرنس کا ڈاکٹر ترنم کے انتقال پر اظہارِ تعزیت
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سرکردہ شاعرہ، ادیب و براڈکاسٹر ڈاکٹر ترنم ریاض کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحومہ کے جملہ سوگواران کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور اُن کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ ڈاکٹر عبداللہ نے مرحومہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ترنم ریاض کے انتقال سے ادبی حلقوں میں ایک خلاء پیدا ہوا ہے جسے پُر کرنا انتہائی مشکل ہے۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ اور جنرل سکریٹری علی محمد ساگرنے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
شوپیاں میں چوری کا معاملہ
دو افرادگرفتار ، مالہ مسروقہ برآمد
سرینگر//شوپیاںمیں پولیس نے چوری کا ایک معاملہ حل کرتے ہوئے ملزم گرفتار کیا۔ شوپیاں تھانہ کو جامع مسجد شوپیاں کی انتظامیہ کمیٹی کی طرف سے تحریری شکایت موصول ہوئی تھی کہ28 اور 29 اپریل کی درمیانی شب چوروں نے جامع مسجد شوپیاں سے پیسوںکے ساتھ ایک ڈونیشن بکس بھی چرالیا۔شوپیان پولیس نے کیس درج کیا اور تفتیش شروع کردی ۔تفتیش کے دوران تمام دستیاب ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے دو ملزمان کی شمولیت کے بارے میں جانکاری حاصل کی گئی جن کی شناخت عارف احمد بٹ اور اویس احمد لون ساکنان سیدو شوپیان کے طور پر ہوئی ۔دونوں ملزموں کوگرفتار کرکے تھانہ منتقل کردیا گیا۔ان کے انکشاف پرمال مسروقہ بھی برآمد کیا گیا۔