گوجر بکروال ہوسٹل پونچھ کے رہائشی تعلیمی بلاک کا افتتاح
حسین محتشم
پونچھ//گوجر و بکروال ہوسٹل پونچھ میںطلبا کو بہتر سہولیات فراہم کر نے سلسلہ میں محکمہ قبائلی امور کے زیر نگراں ایک رہائشی تعلیمی بلاک تعمیر کروایا گیا ہے جس کا آن لائن رسم افتتاح محکمہ کے وزیر چوہدری ذوالفقارعلی نے گوجر بکرول بورڈ کے وائس چیئرمین چوہدری گلزار کھٹانہ اور ممبر اسمبلی حویلی پونچھ شاہ محمد تانترے کی موجودگی میں کیا ۔اس حوالے سے ایک تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پونچھ عبدالحمید شیخ، ایڈووکیٹ جاوید اقبال ممبر گوجر ایڈوائزری بورڈ ودیگران بھی موجو دتھے ۔
قاتل کے حق میں ریلی کی مذمت
مینڈھر//کٹھوعہ میں 8سالہ بچی کی قاتل کے حق میں ریلی کی مذمت کرتے ہوئے پیر پنجال عوامی پارٹی کے ریاستی سیکریٹری مشتاق احمد فانی نے کہاکہ ہندوستان کو کہنے کوتو ایک سیکولر ملک کہاجاتاہے لیکن کاغذوں میں اس اصطلاح کا استعمال صفرفیصد بھی نہیںہوتا ۔ اپنے ایک پریس بیان میں انہوںنے کہاکہ کٹھوعہ واقعہ انسانیت کا قتل ہے لیکن اس پر بھی کچھ لوگ مذہب اور وطن پرستی کی آڑ میں قاتل کے حق میں ریلیاں نکال رہے ہیں اور کھلے عام اس کی حمایت کررہے ہیں جو افسوسناک ہے ۔ان کاکہناتھاکہ آج مجرم کو باعزت بری کرنے کے نعرے دینے والے ہوسکتاہے کل کہیں یہ جلوس بھی نکالیں کہ اسے انعام و اکرام سے نوازاجائے ۔انہوںنے کہاکہ حیران کن طو رپر اس احتجاجی ریلی میں خواتین بھی شامل تھیں ۔انہوںنے کہاکہ ایک منصوبہ بند سازش کے تحت ملک بھر میں اقلیتی طبقہ کو نشانہ بنایاجارہاہے ۔ان کاکہناتھاکہ ایسے جرائم کوروکنے کیلئے سخت سے سخت قوانین بنانے کی ضرورت ہے ۔انہوںنے ریاستی حکومت سے مانگ کی کہ مجرم کو سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ دوبارہ کوئی ایسی حرکت نہ کرے ۔ انہوںنے کہاکہ جلوس نکالے جانے پر بھی تحقیقات کرنے کی ضرورت ہے اور یہ دیکھاجاناچاہئے کہ اس کے پیچھے کس کا ہاتھ تھا ۔ انہوںنے کہاکہ ایسی ریلیوں کی اجازت نہیں ملنی چاہئے جس سے بھائی چارے کی فضا کو نقصان پہنچے اور ریاست کے حالات خراب ہوں۔
نیشنل کانفرنس کا ماہانہ اجلاس منعقد
پرویز خان
منجاکوٹ //ڈاک بنگلہ منجاکوٹ میں نیشنل کانفرنس کا ماہانہ اجلاس منعقد ہواجس کی صدارت سابق ممبر اسمبلی اسلم خان نے کی ۔اس موقعہ پر پارٹی کارکنان نے اسلم خان کے سامنے کئی طرح کے مسائل رکھے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ سرکار لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے اور جہاں پانی و بجلی کی سپلائی کا براحال ہے وہیں سڑک روابط خستہ حالی کاشکار ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ لوگوں کو پانی بہت دور سے لاناپڑتاہے اور متعلقہ حکام غفلت کی نیند سوئے ہوئے ہیں ۔اپنے خطاب میں اسلم خان نے کہاکہ بجلی کی کٹوتی بغیر شیڈیول کی جارہی ہے جس کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں ۔ ان کاکہناتھاکہ بچوں کے امتحانات سر پر ہیں اور انہیں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے پڑھائی کا موقعہ نہیں ملتا ۔ انہوںنے حکومت پر زور دیاکہ وہ بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کرے ۔ اسلم خان نے پارٹی کارکنان کو تلقین کی کہ وہ پارٹی کو بنیادی سطح پر مزید مضبوط بنائیں ۔
ریڑھی فروشوں پر دکاندار برہم
انتظامیہ سے کارروائی کی مانگ
بختیار حسین
سرنکوٹ //سرنکوٹ کے دکانداروںنے ریڑھی فروشوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے ان کے خلاف کارروائی کامطالبہ کیا ۔ مقامی دکانداروںنے احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ انہیں دکان کا دس سے پندرہ ہزار روپے کرایہ ادا کرناپڑتاہے جس کی ادائیگی مشکل ہورہی ہے جس کی وجہ جگہ جگہ سڑک کنارے ریڑھی فروشوں کا جماوڑہ ہے ۔ان کاکہناہے کہ چیک پوسٹ سے لیکر ہاڑی محلہ تک ریڑھے والے ہی نظر آتے ہیں اور کچھ افراد بیرون ریاست سے آکر سڑک کنارے اپنا سامان غیر قانونی طور پر فروخت کر رہے ہیں لیکن انتظامیہ کی جانب سے کوئی بھی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی ۔انہوںنے کہاکہ دو ماہ قبل تحصیل انتظامیہ کو اس کے متعلق شکایت بھی کی گئی تھی تا ہم ابھی تک ریڑھے پر سامان فروخت کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔انہوںنے کہاکہ اگر انتظامیہ نے کوئی کارروائی نہ کی تو وہ احتجاج کیلئے سڑکوں پر نکلیںگے ۔
جدید طرز کی سڑکیں ، ٹنل اور پل تعمیر کرنااولین ترجیح
۔2019تک ضلع راجوری میں 818کلومیٹر نئی سڑکیں مکمل ہونگی :نعیم اختر
راجوری//تعمیراتِ عامہ کے وزیر نعیم اختر نے کسی بھی علاقے کی ترقی کو یقینی بنانے میںسڑکوں کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مارچ 2019ء تک راجوری ضلع میں پی ایم جی ایس وائی کے تحت 818کلومیٹر لمبی نئی سڑکیں مکمل کی جائیں گی جن میں 350کلومیٹر بدھل ڈویژن اور 468کلومیٹر راجوری ڈویژن میں مکمل کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ جدید طرز کی سڑکیں ، ٹنل اور پل تعمیر کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔وزیر موصوف راجوری میں پی ڈبلیو ڈی اور پی ایم جی ایس وائی سیکٹروں کے تحت عملائے جارے بڑے ترقیاتی کامون کی پیش رفت جائزہ لے رہے تھے۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔وزیر نے متعلقہ افسروں سے کہا کہ وہ کافی دیر سے التوا میں پڑے ترقیاتی پروجیکٹوں کے لئے وقت کا تعین کریں ۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ سی آر ایف کے تحت اگلے ڈیڑھ برس کے دوران 100کروڑ روپے کی لاگت سے تین سڑکیں مکمل کی جائیں گی۔انہیں بتایا گیا کہ سٹی اینڈ ٹائون سکیم کے تحت 80 کلومیٹر لمبی سڑکوں پر رواں مالی سال کے دوران 24کروڑ روپے کی لاگت سے تار کول بچھایا گیا۔نعیم اختر نے جی ایم سی راجوری میں 69کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہو رہے ایڈمنسٹریٹیو اکیڈیمک بلاک کے کام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے متعلقین پر زور دیا کہ وہ جی ایم سی کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کریں تاکہ ضلع میں صحت سیکٹر کو تقویت بخشنے کے ساتھ ساتھ بے روزگار نوجوانوں کے لئے روزگار کے وسائل پیدا کئے جاسکیں۔
حکومت بہتر سہولیات بہم پہنچانے کی وعدہ بند:کوہلی
۔3.07کروڑ روپے لاگت والی واٹر سپلائی سکیم کا سنگ بنیاد رکھا
جموں//بھیڑ و پشو پالن اور ماہی پروری کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے کالاکوٹ حلقہ میں 3.07کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی کاللکس واٹر سپلائی سکیم کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس سکیم کو اگلے تین برسوں کو کے د وران مکمل کیا جائے گا۔بعد میں خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ اس پروجیکٹ سے لوگوں کی ایک دیرینہ مانگ پوری ہوئی ہے اور اس سکیم کی بدولت علاقے کے پانچ ہزار سے زائد نفوس کو فائدہ ملے گا۔انہوں نے کہاکہ حکومت ریاست کے دور دراز علاقوں کے لوگوں کو پینے کا معیاری پانی فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے۔انہوںن ے کہا کہ مرکز پی ایچ ای سیکٹر سمیت دیگر شعبوں میں بھی ریاست کو فراخدلانہ امداد فراہم کر رہی ہے ۔دور کے دوران کئی عوامی وفود بھی وزیر موصوف سے ملاقی ہوئے اور اپنے اپنے مسائل ان کی نوٹس میں لائے ۔عبدالغنی کوہلی نے مسائل کو غور سے سنا اور انہیں معیاد بند مدت کے اندر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
۔34مال بردار ٹرک آر پارہوئے
پونچھ//چکاں داباغ کے راستے پونچھ راولاکوٹ تجارت جاری ہے اور منگل کے روز چونتیس مال بردار ٹرک آر پارہوئے ۔ایک افسر نے بتایاکہ تازہ پھلوںسے لدے ہوئے انتیس ٹرکوں کو پاکستانی زیر انتظام کشمیر روانہ کیاگیا جبکہ پانچ ٹرک پاکستانی زیر انتظام کشمیر سے پونچھ پہنچے جن میں سامان لداہواتھا ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ حد متارکہ پر جہاں دونوں ممالک کے درمیان فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ جاری وہیں بس سروس اور تجارت بھی چل رہی ہے ۔ تاہم کئی بار کشیدگی بڑھ جانے سے بس سروس اور تجارت ملتوی بھی ہوئی ہے ۔
راجوری یونیورسٹی میں حلف وفاداری کی تقریب
راجوری//بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجور ی میں نرسنگ کالج کی جانب سے نرسنگ پیشے کے تئیں حلف وفاداری کی ایک رنگا رنگ تقریب کاانعقاد کیا گیاجس کی صدارت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید مسرت نے کی۔انہوںنے اپنے خطاب میں کہا کہ نرسنگ کا پیشہ ہمدردانہ پیشے سے تعلق رکھتا ہے اورایک ایسی وفاواری کا پیشہ ہے جس میں بیمار ولاچار لوگوں کے علاج ومعالجے کے عوض میں آدمی نیک دعائیں لے سکتا ہے۔انہوں نے پیشے کی اہمیت وافادیت بیان کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ اور دوسرے ملکوں میں نرسوں کی تنخواہیں بہت زیادہ ہوتی ہیںلہٰذا ضرورت اس بات کی ہے کہ اس پیشے سے وابستہ زیر تربیت طالبات کو نہایت محنت،لگن،دیانتداری اور وفاشعاری کے ساتھ کام کرنا چاہیے اور اس پیشے کے ساتھ انصاف کرنا چاہیے۔انہوں نے نرسنگ کالج کی پرنسپل ڈاکٹر ٹی ٹی زاویر کو مبارک باددی جنہوں نے اس پر وگرام کا انعقا دکیا۔پروفیسر اقبال پرویز رجسٹرار بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری نے بھی پروگرام کی سراہنا کی ۔انہوںنے امید ظاہر کی کہ نرسنگ کالج کی طالبات آنے والے وقت میں اپنے مقام ومرتبے پہ فائز ہوںگی ۔اس پروگرام کا آغاز کینڈل چراغاں سے کیا گیااور آخر پہ یونیورسٹی کے اہم افراد کو اعزازپیش کئے گئے ۔اس موقعہ پر پروفیسر جی ایم ملک،پروفیسر نسیم احمد ڈین،ڈائریکٹر شجاع الدین وغیرہ بھی موجود تھے ۔
پاکستانی پرچم والا غبارہ برآمد
رمیش کیسر
نوشہرہ //سندر بنی کے گائوںپیلی میں ایک شخص کی زمین سے پاکستانی پرچم والا غبارہ برآمد ہواجس پر’ I Love Pakistan‘لکھاہواہے۔ذرائع نے بتایاکہ سندر بنی کے حد متارکہ پر واقع گائوں پیلی کے رہنے والے انل کمار ولد بلدیو راج کے کھیت میں ایک غبارہ برآمد ہواجس پر پاکستانی پرچم چھپاہواتھا اوراس پر لکھاہواتھا کہ ’آئی لو پاکستان ‘۔اس سلسلے میں پولیس نے رپورٹ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔
منڈی میں سہ روزہ مجالسِ فاطمیہ اختتام پذیر
عشرت بٹ
منڈی// منڈی میں ہر سال کی طرح امسال بھی امام بارگاہِ قدیم میں سنیچر کو تین روزہ مجالسِ فاطمیہ کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا جس کا اختتام منگل کو تابوتِ جنابِ سیّدہ صلام اللہ علیہ برآمد ہونے کے بعد ہوا۔ اس دوران مجالسِ عزا میں مقامی لوگوں کے علاوہ غیر مقامی لوگوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔سہ روزہ مجالس میں مولانا سیّد اقرار حیدر زیدی نے خطاب کیا ۔انہوںنے کہا کہ جنابِ سیّدہ کی شخصیت کو تین روز میں بیان کرنا نا ممکن ہے اور اگر ان کی شخصیت کے حوالے سے ہزاروں کتابیں بھی لکھی جائیں پھر بھی عظمت جنابِ فاطمہِ زہرا ؑ کو بیان نہیں کیا جا سکتا ۔ان کاکہناتھاکہ جنابِ فاطمہ زہراؑ کی زندگی کائنات کے لئے مشعلِ راہ ہے اور عورتوں کو چاہیے کہ وہ ان کی سیرت کو ہر میدان میں اپنائیں اور اپنی زندگی بہترین طریقے سے گزاریں۔انہوںنے کہا کہ جب جنابِ زہرا ؑ سے سوال کیا گیا کہ عورت کے لئے بہترین کام کیا ہے تو انہوں نے ارشاد فرمایا کہ وہ کسی مرد کو نہ دیکھے اور کوئی مرد اسے نہ دیکھے ۔ان کاکہناتھاکہ جنابِ فاطمہ زہرا ؑ عبادت کے لحاظ سے امّت میں بے نظیر ہیں اور آپ ؑنے عورتوں کو وہ درس دیا کہ جس کو پڑھنے کے بعد ہر ایک کی سمجھ میں آجاتا ہے کہ عورت کا مقام کیا ہے، غرض آپ کا طرزِ زندگی مکمل طور پر کائنات کے لئے نمونہ عمل ہے ۔سہ روزہ مجالس عزا کے اختتام پر تابوتِ جنابِ فاطمہ زہرا ؑبھی برآمد کیا گیا اور آخر پر دعائے خیر پر تیسری اور آخری مجلس اختتام پذیر ہوئی۔
ڈپٹی کمشنر کا دورہ ٔ بالاکوٹ
مقامی لوگوں میں ابتدائی طبی سامان تقسیم
جاوید اقبال
مینڈھر //ڈپٹی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر نے سب ڈیویژنل مجسٹریٹ مینڈھر راہل کمار یادو اور دیگر افسران کے ہمراہ بالاکوٹ کا دورہ کرکے لوگوں کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔اس دوران انہوںنے لوگوں میں طبی کٹس بھی تقسیم کیں ۔موصوف نے کانگا گلی ، بہرانی گلی ، ہمیرپور ، دھراٹی ، بسونی ، سندوٹ اور ڈبی علاقوں کا دورہ کیا اور لوگوں کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ انہوںنے لوگوں میں ابتدائی طبی امداد والی طبی کٹس تقسیم کیں ۔ ساتھ ہی انہوںنے زیر تعمیر بنکروں کے کام کا بھی جائزہ لیا ۔بلاک میڈیکل افسر مینڈھر ڈاکٹر پرویز احمد خان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔