رتھ سے خطہ پیر پنچال کے ٹریفک نظام میںسدھارلانے کی اپیل
جاوید اقبال
مینڈھر//لیبر یونین کے صدر عبد المجید چوہدری نے آئی جی پی ٹریفک بسنت راتھ کے کام کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ ان کو فوری طور ضلع راجوری پونچھ کا چکر لگا کر ٹریفک کے نظام میں سدھار لانا چاہئے۔ اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ وہ بسنت راتھ کو مبارک باد پیش کرتے ہیں جنہوں نے جموں شہر کے اندر ٹریفک کے نظام کو بہتر کیا جس سے لوگوں کو سفر کرنے میں آسانی ہوئی ۔ان کاکہناتھاکہ ٓائی جی پی ٹریفک کے آنے سے قبل جموں میں ٹریفک کی حالت خستہ تھی اور ڈرائیور کھلے عام میٹا ڈوروں میں بلند آواز میں موسیقی لگا کر چلتے تھے اور اپنی مرضی سے گاڑیوں کو چلاتے جبکہ کئی ڈرائیوروں کے پاس گاڑی کے کاغذات اور لائسنس بھی نہیں ہوتا تھا تاہم اب سارا نظام ہی تبدیل ہوگیاہے اور ایک نمایاں بہتری دیکھی جارہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ موصوف کی اسی کارروائی کانتیجہ ہے کہ انہیں ہر طرف سے سراہنا مل رہی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ بسنت راتھ کو فوری طور ضلع راجوری پونچھ کا چکر لگا کر یہاں کے ٹریفک نظام کو سیدھا کرنا چاہئے کیونکہ راجوری پونچھ میں ائور لوڈنگ کے ساتھ ساتھ ڈرائیور طبقہ سفر کرنے والے عام لوگوں سے بے تحاشہ کرایہ وصول کر رہاہے اورگاڑیوں میںلوگوں کو بھیڑ بکریوں کی طرح سوار کیاجاتاہے ۔انہوں نے کہا کہ جس طرح جموں کے اندر آئی جی پی ٹریفک نے گاڑیوں میں ریٹ لسٹیں چسپاں کروائی ہیں اسی طرح راجوری پونچھ کے اندر بھی ریٹ لسٹیں گاڑیوں کے اند رچسپاں کروائی جائیں اور ائور لوڈنگ کے سلسلے کو بھی ختم کیا جائے۔انہوںنے کہاکہ خطے میں ٹریفک نظام میں بہتری لائی جائے اور ڈرائیوروں کو قوانین کا پابند بنایاجائے ۔
مزدور بجلی کرنٹ سے لقمہ اجل
کیری خواس میں رشتہ داروں کا احتجاج
نیوز ڈیسک
راجوری //راجوری کے ڈھنی دھار علاقے میں ایک نوجوان مزدور بجلی کا کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بن گیا ۔ بائیس سالہ محمد شکیل ولد غلام قادر ساکن کیری خواس کوٹرنکہ ڈھنی دھار میں ایک زیر تعمیر مکان کاکام کررہاتھا جس دوران اسے بجلی کی ترسیلی لائن سے کرنٹ لگ گیا ۔ اسے فوری طور پر ضلع ہسپتال راجوری منتقل کیاگیا تاہم ڈاکٹروںنے اسے مردہ قرار دیا ۔بعد میں اس کی نعش قانونی لوازمات پورا کرکے ورثاء کے حوالے کی گئی ۔دریں اثناء مزدور کے رشتہ داروںنے آبائی گائوں کیری خواس میں احتجاج کیا۔انہوںنے الزام لگایاکہ نعش کا پوسٹ مارٹم نہیں کروایا گیا ۔تاہم بعد میں ضلع ہسپتال سے افسران نے ان سے فون پر بات چیت کرکے بتایاکہ پوسٹ مارٹم کروایاگیاہے جس پر انہوںنے احتجاج ختم کیا اور گاڑیوں کو جانے کی اجازت دی گئی ۔ احتجاج کی وجہ سے راجوری ہسپتال کی ایمبولینس گاڑی بھی رکی رہی جو نعش پہنچانے کیری گئی تھی ۔
ریاست میں اردو کونسل کا قیام
پی جی کالج راجوری اور بابا غلام شاہ ادبی مرکز نے خیر مقدم کیا
راجوری //ریاست میں اردو کونسل کے قیام کا پی جی کالج راجوری اور بابا غلام شاہ ادبی مرکز راجوری نے خیر مقدم کیا ہے ۔شعبہ اردو گورنمنٹ پی جی کالج راجوری کے اساتذہ کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ریاستی سرکار کے حالیہ فیصلے کا خیر مقدم کیاگیا ۔ اجلاس کے شرکا نے ریاستی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کا شکر یہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ فیصلہ قابل صد افتخار ہے۔انہوںنے کہاکہ یہ وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری اور پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر اصغر سامون کی ذاتی کاوشوں کا یہ نتیجہ ہے کہ محبان اردو کی دیرینہ مانگ کو عملی جامہ پہنا کر ریاست کی سرکاری زبان کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے اس کی بقا کی خاطرایک اہم قدم اٹھا یا ہے۔ مقررین نے کونسل کے تمام نامزد ممبران کو مبارکباد دی اور باالخصوص خطہ پیر پنچال سے تعلق رکھنے والی قومی سطح کی علمی ادبی شخصیت فاروق مضطر کی کونسل میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کیا۔ اس اجلاس کی صدارت ڈاکٹر عبدالحق نعیمی صدر شعبہ اردو نے کی جبکہ پرو فیسر محمد جہانگیر اصغر، ڈاکٹر ظہیر احمداور ڈاکٹر جاوید احمد مغل اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی سرکار کاشکر یہ اداکیا۔دریں اثناء بابا غلام شاہ ادبی مرکزراجوری کے ممبران نے پرو فیسر ایم بی ماگرے کی زیر صدارت میں ایک میٹنگ طلب کی جس میں محکمہ اعلیٰ تعلیم کی طرف سے حالیہ حکم نامہ پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔اس موقعہ پر مقررین نے ریاست کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ یہ ان کی ذاتی دلچسپی سے مانگ پوری ہوئی ہے ۔ پرو فیسر ایم بی ماگرے نے وزیر اعلیٰ،وزیر برائے اعلی تعلیم سید االطاف بخاری اور پرنسپل سکریٹری کا شکر یہ ادا کیا اور کہا کہ یقینا اردو زبان ریاست کی یکجہتی میں معاون ہے کیونکہ یہ تمام زبانوں کے بولنے والوں کے بیچ ایک رابطے کی زبان ہے اور اردو کونسل جہاں اردو کو ترقی ملے گی وہیں ریاست کے لئے بھی ترقی کا باعث ہوگی۔
بالاکوٹ کو نظرانداز کرنیکا الزام
نیوز ڈیسک
مینڈھر//کانگریس کی ریاستی سیکریٹری پروین سرور خان نے حکومت کو آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بالاکوٹ کے سرحدی علاقوں میں بسنے والے لوگوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیساسلوک کیاجارہاہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ ریاستی حکومت کو بالاکوٹ میں ڈگری کالج کے علاوہ لڑکیوں کے لئے ہائر سکینڈری سکول قائم کرنے چاہئے کیونکہ سرحدی علاقہ میں بسنے والے لوگوں کے بچوں کو پڑھائی میں کئی قسم کی دشواریوں کو سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔انہوںنے کہاکہ سرحدی کشیدگی کی وجہ سے فائرنگ اور گولہ باری سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا جس کے نتیجہ میں طلباء کی تعلیم بری طرح سے متاثر ہورہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بالاکوٹ کے طبی مراکز میں ڈاکٹر ہی تعینات نہیں او رمریضوں و زخمیوں کو کبھی بھی ابتدائی طبی امداد نہیں ملتی ۔انہوںنے کہا کہ بالاکوٹ میں ایمر جنسی ہسپتال قائم کیا جائے جس میں چوبیس گھنٹے ڈاکٹر دستیاب ہوں ۔ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو بجلی اور پانی جیسی سہولیات بھی نہیں ملتی اور وہ کسمپرسی کی زندگی بسر کررہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ خاص طور پر بچوں کی پڑھائی کا کوئی نہ کوئی انتظام کیاجائے ۔
یوتھ نیشنل کانفرنس کنونشن آج
ڈاکٹرفاروق عبداللہ خطاب کریںگے
سمت بھارگو
راجوری//نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ و ممبر پارلیمنٹ فاروق عبداللہ راجوری میں آج منعقد ہورہے یوتھ این سی کنونشن سے خطاب کریں گے ۔یہ کنونشن ڈاک بنگلہ راجوری میں ہورہاہے جہاں تمام طرح کی تیاریاں کرلی گئی ہیں ۔ ذرائع نے بتایاکہ یوتھ نیشنل کانفرنس کا یک روزہ کنونشن منعقد ہورہاہے جس سے فاروق عبداللہ خطاب کریںگے اور وہ اس پروگرام میں مہمان خصوصی بھی ہوںگے ۔ذرائع نے بتایاکہ اس پروگرام میں این سی کے صوبائی صدر دیوندر سنگھ رانا اور دیگر لیڈان بھی شمولیت کریںگے ۔
پیر پنچال یوتھ پارلیمنٹ کا بدھل میں اجلاس
نیوز ڈیسک
راجوری//پیرپنچال یوتھ پارلیمنٹ کی جانب سے بدھل میں یک روزہ انٹرکشن پروگرام کاانعقادکیاگیاجس میں مقامی نوجوانوں، معززشہریوں اورتحصیل بدھل کے متعددلوگوں نے شرکت کرکے سماج کی فلاح وبہبودکے عزم کااعادہ کیا۔اس دوران پروگرام کی نگرانی ضلع کوآرڈی نیٹر پونچھ رضاگنائی کررہے تھے۔ ضلع کوآرڈی نیٹر نے تنظیم کے اغراض ومقاصدبیان کرنے کے ساتھ ساتھ ایک سال کی کارکردگی کی تفصیلی جانکاری دی۔انہوں نے نئے رضاکاروں کااستقبال کرتے ہوئے ان سے سماج کی ترقی کیلئے مثبت اورمتحرک رول اداکرنے پرزوردیا۔پروگرام کے دوران شہزادشاہی کوتحصیل صدربدھل،شوکت علی کوتحصیل جنرل سیکریٹری، محمداسحق کوخزانچی اورارشاداحمدکوتحصیل ترجمان نامزدکیاگیا۔شفیق احمد ،ظفراقبال،بہادرعلی،ممتازاحمد،شوکت حسین،ذیشان احمد،قاضی لطیف،سرفرازاحمد،توقیراحمداورظہوراحمدبھی موجودتھے۔تنظیم کے صدر سیدوسیم الحسن نے نئے عہدیداران کوبھرپورتعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ڈرائیور اور کنڈیکٹر گرفتار
سرنکوٹ میں 230گرام برائون شوگر برآمد
بختیار حسین
سرنکوٹ //سرنکوٹ میں پولیس نے 230گرام برائون شوگر برآمد کرنے کادعویٰ کیاہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے کی ہدایت پر منشیات مخالف مہم جاری رکھتے ہوئے ڈی وائی ایس پی سرنکوٹ اصغر ملک کی قیادت میں ایس او جی اور پولیس کی مشترکہ ٹیم نے پوٹھہ بائی پاس کے مقام ناکہ لگاکر ایک منی بس زیر نمبر JK02Q 0640کو روک کر تلاشی کی ۔ یہ بس سرنکوٹ سے لسانہ جارہی تھی ۔تلاشی کے دوران گاڑی کے ڈرائیور امتیاز احمد ولد نذیر حسین ساکن لسانہ اور کنڈیکٹر شیراز احمد ولد قدیر حسین ساکن لسانہ کی تحویل سے پولیس نے 230گرام برائون شوگر برآمد کی ۔پولیس نے دونوں ملزمان کو موقعہ سے ہی گرفتار کرلیا اوران کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 16/18زیر دفعات 8/21/22این ڈی پی ایس ایکٹ کا کیس سرنکوٹ پولیس تھانہ میں درج کیاگیاہے ۔
سنئی کے KASافسر کو صدمہ دادی انتقال کرگئیں
نیوز ڈیسک
سرنکوٹ //سرنکوٹ کے سنئی گائوں سے تعلق رکھنے والے واحد کے اے ایس افسر سید مظاہر حسین شاہ کی دادی جان انتقال کرگئی ہیں ۔ انہیں گزشتہ روز سنئی میں ہی سپردخاک کردیا گیا۔نماز جنازہ میں عزیز واقارب سمیت بڑی تعداد میں لوگوںنے شرکت کی ۔ مظاہر کی کامیابی میں ان کی دادی کا نمایاں رول رہااور انہی کی پرورش کے نتیجہ میں وہ کے اے ایس افسر بن پائے ۔ مرحومہ کی وفات پر مقامی سیاسی و سماجی تنظیموں نے گہرے دکھ کا اظہا رکرتے ہوئے کہاکہ وہ اس گھڑی میں مظاہر حسین شاہ کے ساتھ برابر کے شریک ہیں ۔ مقامی لوگوں کاکہناہے کہ مظاہر کیلئے ان کی دادی ہی ماں باپ کی مانند تھیں اور ان کی پرورش کے نتیجہ میں وہ اس مقام پر پہنچے ہیں ۔ انہوںنے مرحومہ کی روح کی تسکین کیلئے دعائے مغفرت اور مظاہر کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔
مینڈھر کو میونسپلٹی کادرجہ نہ ملنا ناانصافی :شہزاد ملک
قصبہ میں صفائی ستھرائی کا فقدان، بنیادی سہولیات نہ دارد
جموں//سائی ناتھ یونیور سٹی کے وائس چانسلر اور سماجی کارکن ڈاکٹر شہزاد ملک نے حکومت پرزور دیا ہے کہ مینڈھر کو میونسپلٹی کا درجہ دیاجائے۔شہزاد ملک جن کا تعلق سرحدی علاقے کسبلاڑی سے ہے ،نے اپنے ایک پریس بیان میں مینڈھر میں صفائی ستھرائی نہ ہونے پر حکومت و انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔انہوںنے کہاکہ حلقہ انتخاب مینڈھررقبہ، آبادی اور رائے دہندگان کی تعداد کے لحاظ سے پونچھ کا سب سے بڑا حلقہ ہے، اس حلقہ میںتین تحصیلیں ہیںاور مینڈھر کو سب ڈویژن کا درجہ بھی حاصل ہے جہاں ایس ڈی ایم، ایس ڈی پی او دفاتر بھی موجود ہیں۔انہوںنے کہاکہ اب لوگوں کی طرف سے مینڈھر کوایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی)کا درجہ دینے کا مطالبہ کیاجارہاہے لیکن حیران کن امر ہے کہ مینڈھر کو میونسپلٹی کا درجہ حاصل نہیں۔ شہزاد کاکہناہے کہ مینڈھر صدر مقام آج بھی محکمہ دیہی ترقی وپنچایتی راج کے زیر انتظام ہے،میونسپلٹی کا درجہ حاصل نہ ہونے کی وجہ سے قصبہ میں صفائی ستھرائی کا فقدان ہے اورمحکمہ دیہی ترقی صفائی کے نام پر دکانداروں اور ٹرانسپورٹروں سے ماہانہ لاکھوں روپے جمع کرتا ضرور ہے مگر انہیں قصبہ کی صفائی پر خرچ نہیں کیاجاتا۔انہوںنے کہاکہ بازار کی سبھی نالیاں کوڑ اکرٹ اور فضلہ سے بھری پڑی ہیں، بس اڈہ مینڈھر پر بدبو اس قدر ہے کہ وہاں چند منٹ کے لوگوں کا کھڑا ہونا مشکل ہے۔انہوںنے کہاکہ قصبہ سے روزانہ نکلنے والے کوئنٹلوںکے حساب سے کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کا کوئی معقول انتظام نہیںاورنہ ہی قصبہ کے اندر پارکنگ کے لئے مناسب جگہ نہیں۔انہوںنے کہاکہ دور دراز گائوں سے روزانہ مینڈھر میں روزمرہ کاموں کے لئے آنے والے مرد وخواتین کے بیٹھنے کے لئے کوئی جگہ نہیں ۔انہوںنے کہاکہ اس سے بڑھ کر حکومت او ر انتظامیہ کیلئے شرمندگی کی بات اور کوئی نہیں ہوسکتی کہ مینڈھر قصبہ میں بیت الخلا تک نہیں جس سے عوام بالخصوص مستورات کو ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑتاہے۔ڈاکٹرشہزاد ملک نے بیان میں مزید کہا کہ محکمانہ سطح پر مینڈھر کو میونسپلٹی کا درجہ دینے کے لئے کاغذی عمل شروع ہوا تھا لیکن سیاسی لیڈران کی عدم دلچسپی، لاپرواہی اور غیرسنجیدہ پن کی وجہ سے یہ معاملہ دفتری طوالت کا شکار ہوکر رہ گیا۔ انہوں نے کہاکہ مینڈھر کا کوئی بھی سیاستدان میونسپلٹی کا درجہ ملنے کے حق میں نہیں، کیونکہ آج تک کسی نے بھی اس پر کبھی کوئی بات نہ کی۔ڈاکٹر شہزاد ملک نے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ ، جن کے پاس مکانات وشہری ترقی وزارت کا قلمدان بھی ہے، سے مطالبہ کیا ہے کہ ترجیحی بنیادوں پر مینڈھر کو میونسپلٹی کا درجہ دیاجائے۔
ایس ایس پی پونچھ کا تاجروں کیساتھ اجلاس
بازار میں ناجائزتجاوزات اور حفاظتی اقدامات پر تبادلہ خیال
حسین محتشم
پونچھ//ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے نے اپنے دفتر کے کانفرنس ہال میں ایک اجلاس منعقد کیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر بشارت حسین انقلابی کے علاوہ محکمہ پی ایچ ای اور محکمہ فائر سروس کے افسران و پونچھ کے تاجروں کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران حالیہ آگ کی واردات کے دوران فائر برگیڈ کی گاڑی کو موقعہ واردات پر پہنچنے میں تاخیر کے اسباب کے بارے میں بات کی گئی اور سبھی نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ناجائز تجاوزات اس سلسلہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔ تاجروں نے کہا کہ اگر خدانخواسطہ بازار میں کہیں آگ لگ جائے تو وہاں بھی پریشانیاں آسکتی ہیں ۔انہوں نے ایک چھوٹی گاڑی کو احاطہ جیل میں ہمیشہ دستیاب رکھنے کا مطالبہ کیا ۔ایس ایس پی پونچھ اورڈاکٹر بشارت حسین انقلابی نے تما م تاجروں کو پولیس اور سیول انتظامیہ کا تعاون کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں انتظامیہ اور پولیس کو سختی برتنی پڑے گی اسلئے تمام تاجر وں کو ان کا تعاون کرنا ضروری ہے۔ایس ایس پی پونچھ نے تمام تاجروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنی دکانوں کے آگے کوئی بھی رھیڑی نہ لگنے دیں اور نہ ہی اپنی دکانوں کا سامان باہر سڑک پر لگائیں ۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے اگر ان کا سیول انتظامیہ تعاون کرتی ہے تو وہ آنے والے دنوں میں اس سلسلہ میں کارروائی کریں گے۔تاجروں نے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔اس موقعہ پر سردار کرشن سنگھ،نیشو گپتا،عبدالرزاق،شنٹی سنگھ،امتیاز سلاریہ وغیرہ بھی موجودتھے ۔