کانگریس لیڈران کا دورہ ٔبونجواہ
اموات پر تعزیت کا اظہار،آگ متاثرین سے ملاقات
کشتواڑ//اندروال کے کانگریس لیڈر شارق احمدسروڑی نے ان لوگوں کی رہائش گاہ کا دورہ کیا جن کا حال ہی میں لیان، کیوا، نور، دھنوٹ، جوالپور علاقہ جات میں انتقال ہوا ۔ اس موقع پر بلاک صدر کانگریس کمیٹی بونجوامحمد اقبال کین، سینئر کانگریس لیڈر فاروق احمد، شمس دین،محمد امین ، عبدالحمید، مدثر احمد، تنویر احمد ،محمد عزیزو دیگران موجود تھے۔موقع پر پہنچے کانگریس لیڈران نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کرنے کیلئے الفاظ کافی نہیں ہیں ۔انہوں نے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور مرحومین کیلئے داعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ایسا نقصان ہے جو پورا نہیں ہو سکتا ۔انہوں نے کہا کہ رب قدوس مرحومین کی بخشش فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔اسی سلسلہ میں شارق سروڑی نے بونجوا کے مختلف علاقہ جات میں دورے کے دوران کہا کہ ایم ایل اے اندروال غلام محمد سروڑی کی کاوشوں سے بونجوا اور کاہراہ کی بجلی سپلائی کی بہتری کیلئے دوپاور رسیونگ سٹیشن کی منظوری کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رسیونگ سٹیشن کا کام کو شروع کرنے کیلئے 25لاکھ روپئے واگزار کئے جا چکے ہیں اور یہ کام جلد ہی شروع ہو جائے گا جس سے دونوں علاقوں کی بجلی کا حل کیا جائے گا ۔شارق سروڑی نے مزید کہا کہ دونادی تا بھونجوا سڑک کی بہتری کیلئے ایم ایل اے موصوف نے دو سڑکوں کی اپگریڈیشن کیلئے تجویز کیا ہے جس میں دونادی تا بھونجوا تا پٹنازی و شاندری تا لس تا چلاسو سروڑ شامل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ان پروجیکٹوں کو منظوری کیلئے بھیج دیا گیا ہے اوریقین دلایاکہ ان دو اہم سڑکوں پر تارکول کا کام جلد ہی شروع کیا جائے گا۔اس دوران کانگریس لیڈران کی ٹیم نے پاٹھشالہ کے نکی ٹپری علاقہ میں دورہ کر آگ متاثرین سے ملاقات کی اور انہیں گھر کی تعمیر کیلئے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کروائی۔
ڈوڈہ ہسپتال سے خاتون ڈاکٹر کا تبادلہ
مقامی لوگ حکام پر خفا ،احتجاج کا انتباہ دیا
ڈوڈہ //ڈوڈہ کے عوام نے ضلع ہسپتال سے ایک مقامی خاتون ڈاکٹر کو ایس ڈی ایچ بھدرواہ تبدیل کرنے کے فیصلے کے خلاف سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں نے ایک حُکم نامہ کے تحت ڈاکٹر میناکشی پریہار جو کہ ضلع ہسپتال میں بطور ایک ماہر امراض خواتین کے فرائض انجام دے رہی تھیں،کو تبدیل کردیاگیاہے ۔اس فیصلے پر ڈوڈہ و ملحقہ دیہات کے عوام محکمہ صحت سے سخت خفا ہیں ۔انکا کہنا ہے کہ خاتون ڈاکٹر کے تبادلے سے ہسپتال کی کارکردگی متاثر ہو جائے گی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ ضلع ہسپتال ڈوڈہ وادی چناب میں سب سے پُرانا ہسپتال ہونے کی وجہ سے ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری، گندو، کشتواڑ و وادی کے دیگر حصوںکی طبی ضروریات کو پورا کرتا ہے اور اس میں مذکورہ ڈاکٹر کے تبادلے سے عوام کے مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔مقامی لوگوں کا کہناہے کہ ڈاکٹر میناکشی مقامی ہونے کی وجہ سے ضلع ہسپتال میں اپنے فرائض نیک نیتی اور لگن سے انجام دے رہی تھیںجسکی وجہ سے ضلع ہسپتال کی کارکردگی تسلی بخش رہی ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ جب ضلع ہسپتال کی دوسری خاتون ڈاکٹر مدھو چب رخصت پر ہوتی تھیں تو اُس صورت میں ڈاکٹر میناکشی ہسپتال میں مریضوں کا معائنہ کرتی تھی،اب جبکہ ڈاکٹر میناکشی تبدیل کی گئی ہیں تو اُس صورت میں ڈاکٹر مدھو چب کو ہسپتال میںخواتین مریضوں کے بھاری رش سے نمٹنا مشکل ہے کیونکہ ضلع کے دور دراز علاقوں سے مریض ضلع ہسپتال بھاری تعداد میں پہنچتے ہیں۔ضلع کے عوام نے وزیر صحت ، ایم ایل اے ڈوڈہ، کمشنر سیکریٹری محکمہ صحت ،ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں اور متعلقہ حُکام سے ڈاکٹر میناکشی کے تبادلے کے حُکم کو فوری طور واپس لینے کی اپیل کی ۔انہوںنے متنبہ کیا کہ ایسا نہ کرنے کی صورت میں وہ سڑکوں پر آئیں گے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ 200بستروں والا ضلع ہسپتال کو پہلے ہی ڈاکٹروں کی قلت کا سامنا ہے کیونکہ بیشتر اسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں۔ضلع ہسپتال سے حال ہی میں ایک سینئر فزیشن ڈاکٹر راجیو کوتوال کو سی ڈی ہسپتال جموں منتقل کیا گیا ہے جس کا کوئی بھی متبادل ابھی تک نہیں بھیجا گیا ہے۔
ملاڑکشتواڑ میںمنشیات مخالف سیمینار کا اہتمام
کشتواڑ//مقامی لوگوںکو منشیات کی بدعت اور اسکے مضر اثرات سے آگاہ کرنے کے لئے فوج کی جانب سے ضلع کے ملاڑ علاقے میں ایک سیمینار کا اہتمام کیا گیا ۔سیمینار کا مقصد عوام کو منشیات کے مُضر اثرات سے باخبر کرنا تھا۔سیمینار سے خطاب کرنے والے مقررین نے مقامی لوگوں خصوصاً نوجوانوں کو منشیات کے مُضر اثرات اور انکی صحت،کنبہ و سماج پر اثر سے باخبر کیا ۔ سیمینار میں منشیات کے خاتمے اوراس کے علاج پر زور دیا گیا۔میڈیکل افسر نے منشیات کے مُختلف اقسام اور اسکے جسم پر ہونے والے اثرات کی جانکاری دی ۔سیمینار میں علاج سے بہتر پرہیز پر زور دیا گیا اوریہ بتایا گیا کہ سرکار اور این جی اوز کی جانب سے اس سلسلہ میں مختلف بازآباد کاری مراکز قائم کئے گئے ہیںجن میں نہ صرف منشیات کے عادی لوگوں کا علاج کیا جاتا ہے بلکہ انہیں پھرسے معمول کی زندگی بسر کرنے میں مد د بھی دی جاتی ہے۔یہ پروگرام مقامی دیہی آبادی کی بہتر صحت و صفائی کے لئے یہ ایک منفرد پروگرام ثابت ہوا جسکی مقامی لوگوں نے سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ مستقبل میں بھی ایسی تقاریب منعقد کی جائیں ۔