مہور میں چرس سمیت ایک گرفتار
زا ہدملک
ریاسی //پولیس اسٹیشن مہور کی ایک پولیس ٹیم نے ناکہ چیکنگ کے دوران کنڈ موڑ ،مہورپر ایک شخص کو گرفتار کیا اور اسکے قبضہ سے 60 گرام چرس برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ مبینہ ملزم کی پہچان شاہین ولد گلزار احمد ساکنہ کرم کاٹھا مہور کے بطور کی گئی ہے۔پولیس نے مبینہ ملزم کو گرفتار کرکے اس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر21/2018 درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔
مغل میدان میں نظم گوئی کامقابلہ منعقد
کشتواڑ//فوج کی جانب سے مغل میدان میں طلاب کی حوصلہ افزائی کرنے کے لئے ’’حُب الوطنی‘‘ اور’’ جموں و کشمیر کی خوبصورتی‘‘کے لئے نظم گوئی کاایک مقابلہ منعقد کیا گیا ۔مقابلہ میں 48طلاب نے شرکت کی اور اُردو میں اپنی نظمیں پڑھیں۔ شرکا نے مثالی کار کردگی کا مظاہرہ کرکے سامعین کو محظوظ کیا۔پروگرام کے اختتام پر فوجی اہلکاروں نے فاتح میں انعامات تقسیم کئے۔فوجی اہلکاروں نے شرکا کی جانب سے جوش و خروش دکھانے کی سراہنا کی اور انہیں مستقبل میں اور بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے حوصلہ افزائی کی۔
ڈیلی ویجروں کے بقایاجات
۔31مارچ سے قبل وا گزار کرنے کی مانگ
نمائندہ عظمیٰ
رام بن //سینئر ٹریڈیونین لیڈر و نائب صدر پی ایچ ای ایسوسی ایشن جموں محمد اکرم ملک نے حکومت جموں وکشمیر سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ پی ایچ ای میں کام کر رہے ہزاروں بے بس ڈیلی ویجروں کی تقریباً چالیس ماہ کی تنخواہیں فوراً و اگزار کی جا ئے۔ان کاکہناہے کہ پچھلے دو برسوں سے ان ڈیلی ویجروں کو تنخواہیں وا گزارنہیں کی گئی ہیں جس کی وجہ سے ان کی زندگی اجیرن بن گئی ہے اوروہ لوگ بھکمری کے شکار ہو رہے ہیں ۔ملک نے کہاکہ ڈیلی ویجروں کے بچے تعلیم حاصل کر نے سے بھی محروم ہو چکے ہیں کیونکہ فیس کی ادائیگی نہ کر نے پر ان کے بچوں کو سکولوں سے نکالا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وہیں حکومت و محکمہ تعلیم نے بچوں کی فیس اتنی بڑھادی ہے کہ اس کی ادائیگی کر نا کسی کے بس کی بات نہیں ہے ۔ وہیں ان کے بچوں کے پاس کتابیں پین ، پنسلیں وغیرہ بھی وقت پر نہیں ملتے ہیں ۔ملک نے کہاکہ گزشتہ سال رام بن میں وزیر اعلیٰ کے دربار میں انہیںیقین دہانی کرائی تھی کہ جلد ہی ان کے مسائل کو حل کیا جا ئے گالیکن ابھی تک یہ ڈیلی ویجر در در کی ٹھوکریں کھارہے ہیں جبکہ محکمہ جات بھی ان ڈیلی ویجروں سے پورا کام کروارہے ہیں ۔ محمد اکرم ملک نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ 31مارچ سے پہلے تمام ڈیلی ویجروں کو مستقلی کے آرڈر بھی تقسیم کئے جا ئیں اور ان کے بقایاجات بھی واگزار کئے جائیں نہیں تو صوبہ جموں میں پانی بند کی کال دی جائے گی ۔
سرینگر میں منعقدہ ورکشاپ میں وحید خاور کی شرکت
محمداسحٰق عارف
ڈوڈہ//گورنمنٹ اسلامیہ پوسٹ گریجویٹ کالج برائے سائنس و کامرس حول ،سری نگر میں جاری سات روز ورکشاپ کے دوران گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج ڈوڈہ میں تعینات شعبہ زالوجی کے سربراہ ڈاکٹر وحید خاور بلوان نے بطور ماہر شرکت کرکے توسیعی خطبہ دیا ہے۔ اُنہوں نے ’’ہیومن کریوٹائپی اینڈ اٹس سگنیفکینس ان ڈیٹکشن آف کروموسومل ڈیزیزز‘‘ کے موضوع پر خطبہ دیا ہے ۔یہ سات روز ہ کانفرنس’’ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے پڑھنے پڑھانے (سیکھنے سکھانے) میں اہمیت ‘‘کے موضوع پر ہورہی ہے جس میں ریاست اور ریاست سے باہر ماہرین لوگ شرکت کررہے ہیں۔ کانفرنس میں ڈاکٹر وحید خاور بلوان کے خصوصی خطبہ کو شرکاء نے خوب سراہا ہے۔
ٹھاٹھری کو ضلع کادرجہ دینے کی مانگ
کشتواڑ//ٹھاٹھری کے عوام نے علاقے کو ضلع کا درجہ دینے کی مانگ کی ہے ۔سب ڈیویژن کے عوام نے شکایت کی ہے کہ آزادی کے بعد سے ٹھاٹھری کو نہ تو کوئی ایم ایل اے ملا ہے اور نہ ہی ایم ایل سی دیا گیا ہے۔ان لوگوں کا کہنا ہے کہ سابقہ تحصیل ٹھاٹھری جو کہ اب سب ڈویژن بن گیا ہے ، کشتواڑ اور رام بن تحصیلوں کے طرز پر ضلع کا درجہ حاصل کرنے کا مستحق ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ مرکزی مقامات تھے۔انہوںنے کہاکہ سب ڈویژن ٹھاٹھری تین تحصیلوں کے بجائے5تحصیلوں یعنی کہ ٹھاٹھری، کہارا،فگسو، چھرالہ اور بھیلہ پر مشتمل ہے پھر بھی سب ڈویژن کو نظر انداز کیا گیا ۔ان کاکہناتھاکہ اسکے علاوہ ٹھاٹھری سب ڈویژن تما م چار تحصیلوں میں ایک مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔انہوںنے کہاکہ سب ڈویژن کیلئے اے ڈی سی منظور کرنے کے ساتھ ساتھ بعد میں اسے ایک مکمل ضلع کا درجہ دینے کامطالبہ کیا۔انہوں نے متنبہ کیا ہے کہا کہ اگر انکے اس جائز مطالبہ کو پورا نہیں کیا گیا تو و ہ سڑکوں پر اتریں گے۔
اکھڑہال کے منریگا مزدور اجرتوں سے محروم
نمائندہ عظمیٰ
رام بن //نیشنل کانفرنس کے بلاک سکریٹری اکھڑہال شکیب الرحمٰن رونیال نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پچھلے دو سال سے منریگا مزدور اپنی اجرت کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں اور کوئی بھی پرسان حال نہیں۔انہوںنے کہاکہ مخلوط حکومت کا کوئی بھی فرد غریب عوام کو سننے کے لئے تیار نہیں ۔ان کاکہناتھاکہ ادھر پنچایت مالیگام اے کے ہالہ گائوں میں پل کی دیواروں کا کام 2017مارچ میں کیا جس کی اجرت کیلئے مزدور ابھی بھی ترس رہے ہیں۔ اس طرح پنچایت مالیگام بی پنچایت پوگل اپر پوگل لور پنچایت پانچل اے بی اور دیگر پنچایتوں میں بھی لوگوں نے منریگا کے تحت کام کیا ہے اور اجرت سے محروم رکھیں جا رہے ہیں ۔اس ضمن میں لوگوں نے جب متعلقہ افسر سے رابطہ کیا تو سٹاپ کی کمی کو اجرت کی تاخیر وجہ بتایا شکیب الرحمٰن کا کہنا تھا کہ سٹاپ کی کمی کی وجہ بھی ایک مسئلہ ہے کیونکہ گزشتہ ایک سال میں سیاسی بنیادوں پر تقریباً ایک درجن VLW اورJEکو تبدیل یا اٹیچ کیا گیا ہے ،حکومت کی بے حسی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ چودہ پنچایتوں میں صرف تین VLW اورایک JE تعینات ہے۔ان کاکہناہے کہ اس کے علاوہ اگر کچھ کام ہوتا بھی ہے تو صرف صاحب نظر اثر رسوخ زکھنے والے افراد کو ہی کام دیا جاتا ہے، غریب مفلوک الحال افراد کو نظر انداز کیا جاتا ہے۔انہوںنے کہاکہ حد تو یہ ہے کہ آئی اے وائی کے تحت بے گھر افراد کو نظر انداز کر کے ایسے لوگوں کو فائدہ دیاگیاہے جن کے پہلے سے ہی دو دو منزلہ مکانات ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اب یہ ناانصافی ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی اور لوگ سڑکوں پر اترنے سے بھی گریز نہیں کر ینگے۔
ڈوڈہ کے لئے کلسٹر یونیورسٹی کا مطالبہ
نمائندہ عظمیٰ
ڈوڈہ//جوائنٹ سول سوسائٹی ڈوڈہ کے ترجمان اشتیاق احمد دیو اور صدر ڈوڈہ ڈیولپمنٹ فرنٹ غلام حسن پانپوری نے ایم ایل اے ڈوڈہ اور مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ کی جانب سے کلسٹر یونیورسٹی ڈوڈہ میں قائم کرنے کی حمایت کی سراہنا کی ۔انہوںنے کہاکہ ڈوڈہ میں کلسٹر یونیورسٹی کو قائم کرنے کیلئے وسیع پیمانہ پر حمایت حاصل ہو رہی ہے اور لوگ اس جائز مانگ کو تسلیم کرنے پر پُر امُید ہیں۔ان کاکہناتھاکہ ڈوڈہ ضلع ہیڈ کوارٹر نے مرکزی حیثیت رکھنے کی وجہ سے سابقہ ضلع ڈوڈہ کے لئے مرکزی مقام کا کردار نبھا یا اور ڈوڈہ میں برسوں پُرانی مذہبی ہم آہنگی کو مد نظر کرھتے ہوئے ضلع کی مختلف سماجی، تمدنی انجمنوں، ٹریڈ یونیوں اور سٹوڈنٹ انجمنوں نے ڈوڈہ میں کلسٹر یونیورسٹی کا قیام عمل میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔اسکے علاوہ ڈوڈہ میں موسم سال بھر موافق رہتا ہے۔انہوںنے کہاکہ حال ہی میں اس مسئلہ کو سیاسی طور پر بھی اُبھارا گیا ہے اور متعلقہ ایم ایل اے شکتی راج پریہار نے بھی حلقہ کے عوام سے وعدہ کیا ہے کہ انکی دیرینہ مانگ عنقریب ہی پوری ہوگی۔اس سلسلہ میں ایم ایل اے مذکورہ نے معاملہ مرکزی وزیر و ممبر پارلیمنٹ جیتندر سنگھ کے ساتھ بھی اُٹھایا اور انہیں اس معاملہ میںمداخلت کرکے علاقہ کے جائز مطالبہ کو پورا کریں۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے یہ معاملہ ریاستی وزیر تعلیم الطاف بُخاری کے ساتھ بھی اُٹھایا اور ڈوڈہ میں کلسٹر یونیورسٹی قائم کرنے کی سفارش کی ہے۔ضلع کے عوام نے ممبر اسمبلی اور ڈاکٹرجتیندر سنگھ کی جانب سے اس کی حمایت کرنے کی سراہنا کی ہے۔ یہ بات قابل غور ہے کہ جموں یونیورسٹی کا کیمپس اور سکاسٹ پہلے ہی بھدرقاہ میں قائم کئے گئے ہیں اور بی جی ایس بی یونیورسٹی کا کیمپس کشتواڑ میں چل رہا ہے ا ور تا دم ڈوڈہ میں کوئی یونیورسٹی کیمپس نہیں ہے ،جسکی وجہ سے ڈوڈہ کلسٹر یونیورسٹی کا حق دار ہے۔
حکومت عوامی مشکلات کے ازالہ کیلئے وعدہ بند:ناصر
نمائندہ عظمیٰ
کشتواڑ// محبوبہ مفتی کی سربراہی والی موجودہ سرکار کی طرف سے جاری بہبودی سکیموں کی سراہنا کرتے ہوئے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ضلع صدر کشتواڑایڈووکیٹ شیخ ناصر حسین نے کہا کہ پی ڈی پی عوامی مشکلات کے ازالہ کیلئے وعدہ بند ہے۔یہاں جاری بیان کے مطابق شیخ ناصر نے ان باتوں کا اظہار حلقہ اندروال کے پسماندہ دیہات ہوڑنہ دربیل میں پارٹی کارکنان کے ایک اجلاس میں کیا۔ شیخ ناصر نے کہا کہ ریاست کی وزیر اعلیٰ نے حکومت کو صرف سیکریٹریٹ تک محدود نہ رکھتے ہوئے بذات خود عوام کے درمیان پہنچ کر ا ن کے مسائل سنے اور ان کا ازالہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ریاست کے تمام خطوں کی یکساں ترقی کے ساتھ ساتھ پسماندہ علاقوں کی بہتر تعمیر و ترقی کیلئے سنجیدہ ہے۔ میٹنگ کے دوران کارکنان نے کئی مقامی مسائل بھی ابھارے جن میں سڑک رابطوں کی تعمیر ، سکولوں کا درجہ بڑھانے اور بجلی اور پینے کے پانی کی بہتر سپلائی کے مطالبات شامل تھے۔ شیخ ناصر نے کارکنان کو یقین دلایا کہ ان کے مطالبات متعلقہ حکام کی نوٹس میں لائے جائیں گے اور ان کے پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔انہوں نے پارٹی کارکنان پرزوردیا کہ وہ عوام کے درمیان جا کر ان میں سرکار کی طرف سے جاری بہبودی سکیموں کے بارے میں بیداری پیدا کریں۔ خطاب کرنے والے دیگر سینئر کارکنان میں ٹھاکر پورن چند، عطا محمد ڈار، راجندر کمار اور محمد عباس چپو بھی شامل تھے۔