پنتھرس پارٹی کے نمائندوں کا کنونشن مئی 2018 میں
شہری حقوق کیلئے مشترکہ حکمت عملی تیارکی جائے گی:بھیم سنگھ
جموں//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی اور اسٹیٹ لیگل ایڈ کمیٹی کے ایکزیکیوٹیو چیرمین پروفیسربھیم سنگھ نے اعلان کیا کہ تمام سیکولر، ترقی پسند، قوم سیاسی جماعتوں اور سماجی گروپوں کے نمائندوں کا قومی کنونشن مئی میں منعقد کیا جائے گا جس میں جموں وکشمیر کے لوگوں کو بھی جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے فوائد دستیاب کرانے کے لئے مشترکہ حکمت عملی بنائی جائے گی جو تمام دیگر ہندستانی شہریوں کو حاصل ہیں۔پروفیسر بھیم سنگھ نے یہ بھی اعلان کیا کہ نوجوانوں اور طلبا کی ایک مشترکہ کمیٹی قائم کی جائے گی جوگاووں میں جاکر اتحاد، بھائی چارہ اور انصاف کاپیغام پھیلائے گی جس سے بھائی چارہ اور اتحاد کے دشمن بے نقاب ہوسکیں۔انہوں نے جموں وکشمیر کی حکمراں جماعتوں پر نفرت پھیلانے والے عناصرکی مد دکرنے کا الزام لگایاجس سے علاقہ میں شہری بدامنی اور علاقائی تنازعہ پیدا ہوسکے۔پنتھرس سپریمو نے جموں وکشمیر کے تمام طبقات سے نفرت اور افواہ پھیلانے والے شرپسند عناصر سے ہوشیا رہنے کی اپیل کی۔پنتھرس سربراہ پروفیسر بھیم سنگھ نے صدر جمہوریہ سے دفعہ 370نافذ کرکے ریاستی اسمبلی کو تحلیل کرنے اور موجود ہ ہر محاذ پر ناکام حکومت کو برخاست کرنے کی اپیل کی جو ریاست کے لوگوں پر بوجھ بن چکی ہے۔
سماج وادی پارٹی کاعصمت دری کے واقعات پراظہارتشویش
جموں// سماج وادی پارٹی جموں کشمیر اکائی کے جنرل سیکریٹری محمد امین بٹ و اقلیتی امور صدراندر جی لابرو کے مشترکہ بیان میں دونوں سماج وادی پارٹی رہنماوں نے کہا کہ ایک طرف ہمارے ملک میں بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو کا پرچار ہو رہا ہے اور دوسری طرف آئے دن ہر دن صبح اور شام ہماری بیٹیوں کو عدم تحفظ کا پیغام ملتا ہے ۔ پچھلے کئی سالوں سے ہمارے ملک میں بہت سارے اجتماعی عصمت دری کے معاملات سامنے آئے ہیںجن کو دیکھ کر پوری انسانیت رو رہی ہے چاہے وہ دہلی ہو ،گجرات ہو،یوپی ہو یا پھر ہمارے جموں وکشمیرکا کٹھوعہ معاملہ ہو۔غرض ہماری بیٹیاں کہیں بھی محفوظ نہیں ہے کیوں کہ ہمارے معاشرے میں ناپاک عزائم رکھنے والے لوگوں کو سر پرستی کے لئے چنا گیا ہے اور یہ لوگ اپنے ناپاک ارادوں کی وجہ سے قانونی کاروائیوں کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔لہذا اقتدار پر بیٹھے لوگوں کو یہ بات ذہن نشین کرنی چاہیئے کہ جب تک ایسے عناصر کوتختہ دار پر چڑھایا نا جائے تب تک بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو کا نعرہ جھوٹا ہے۔ لہذا حکومت کی ذمہ داری ہے کہ قانون کو بروئے کار لا کر ایسے عناصر کو مذموم سازشوں میں ناکام کرنا ضروری ہے ۔
مختلف علاقوں کے وفود کی وزیر اعلیٰ سے ملاقات
جموں/ریاست کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے کئی عوامی وفود نے یہاں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی اور اپنے اپنے مسائل اُن کی نوٹس میں لائے۔بٹھنڈی سے تعلق رکھنے والے وفد نے علاقہ میں پینے کے پانی کی سہولیات کو بڑھاوا دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے علاقہ میں مقامی ہائی سکول کو ہائیر سکینڈری سکول کا درجہ دینے اور ایک ہیلتھ سینٹر قائم کرنے کی بھی مانگ کی۔وفد نے بٹھنڈی۔ ساگر محلہ، بٹھنڈی۔ پنج پیر اور بٹھنڈی۔ برمینی سڑکوں کو بڑھاوا دینے کی بھی وکالت کی۔درہال سے تعلق رکھنے والے سول سوسائٹی کے ارکان کے ایک وفد نے علاقہ میں تعلیمی بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے کا معاملہ اجاگر کیا۔بجبہاڑہ سے تعلق رکھنے والے ایک وفد نے علاقہ میں بنیادی سہولیات کو فروغ دینے کا مطالبہ کیا۔وزیر اعلیٰ نے وفود کے مطالبات غور سے سُنے اور انہیں یقین دلایا کہ ان مطالبات کو پورا کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کاروائی کی جائے گی۔
’سماج کے تمام طبقے ماحولیات کے تحفظ کیلئے کام کریں‘
’’ارتھ ڈے‘‘ کے موقعہ پرگورنرکاپیغام
جموں//گورنر این این ووہرا نے ’’ارتھ ڈے ‘‘کے موقعہ پر لوگوں کو مبارک باد دی ہے جو دُنیا بھر میں22 اپریل کو منایاجاتا ہے تا کہ لوگوں میں ماحولیات کو تحفظ دینے کے حوالے سے بیداری پیدا کی جاسکے۔اس موقعہ پر گورنر نے سماج کے مختلف طبقوں پر زور دیا کہ وہ ماحولیات کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے متحد ہوکر کام کریں۔انہوں نے کہا کہ قرہ ارض کے قدرتی وسائل کو تحفظ دینے کے لئے ہر سطح پر اقدامات کئے جانے چاہئیں۔گورنر نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ شجرکاری کرنے، جنگلات کو تباہی سے بچانے کے ساتھ ساتھ ہوا کی آلودگی کو قابو میں کرنے کے لئے انفرادی اور اجتماعی سطحوں پر اختراعی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے لوگوں سے پلاسٹ تھیلے استعمال نہ کرنے کی اپیل کی۔
نائب وزیر اعلیٰ کے آبائی گاؤں میں طبی کیمپ منعقد
جموں//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ کی ہدایات کے مطابق محکمہ صحت نے ضلع کٹھوعہ میں گورنمنٹ مڈل سکول کرن وار میں طبی کیمپ منعقد کیا۔ڈاکٹر نرمل سنگھ نے ذاتی طور کیمپ میں طبی سہولیات کی فراہمی کی نگرانی کی اور اس موقعہ پر طُلاب کے ساتھ بات چیت کی۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ حکومت نے دور دراز اور دشوار گذار علاقوں میں لوگوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کا تہیہ کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم کی فراہمی کو بھی احسن طریقے پر ان علاقوں میں یقینی بنانے کی متمنی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کا اہم سرمایہ نوجوان ہیں اور ان کی صلاحیتوں میں نکھار لانے اور انہیں ملک کی ترقی میں بروئے کار لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کرن وارہ ڈاکٹر سنگھ کا آبائی گاؤں ہے۔
جموں کشمیرکالج ٹیچرس ایسوسی ایشن کا وزیرتعلیم کے ساتھ اجلاس
جموں //جموں کشمیر کالج ٹیچرس ایسو سی ایشن کی وزیر تعلیم سعید الطاف بخاری کے ساتھ ایک میٹنگ منعقدہوئی جس میںکالج کے تدریسی عملے کودرپیش مسائل پرتبادلہ خیال کیاگیا۔اس دوران ایسوسی ایشن نے وزیر تعلیم کااسسٹنٹ پروفیسروں سے ایسوسی ایٹ پروفیسرکے طورپرترقی دینے کے دیرینہ مسئلے کوحل کرنے کیلئے رول کوسراہا۔ اس دوران وزیرموصوف سے کالج ٹیچروں کیلئے ساتویں تنخواہ کمیشن کی سفارشات لاگوکرنے کی مانگ کی گئی اورچھٹے تنخواہ کمیشن میں کالج ٹیچروں کی تنخواہوں میں پائی جانے والی تفاوت دورکرنے کی استدعا کی گئی ۔اس موقعہ پر دیگرمسائل بھی اُجاگرکئے گئے جن کے ازالہ کی وزیر موصوف نے یقین دہانی کرائی۔اس دوران میٹنگ میں ڈاکٹرایم ۔ایس سینی (نائب صدر)، ڈاکٹرانل گنجو (جنرل سیکریٹری )،پروفیسر نرائن دت (آرگنائزنگ سیکریٹری)، پروفیسر لیکھ راج،پروفیسرمحمدصادق اورپروفیسرراکیش شرما(جوائنٹ سیکریٹریز ) شامل تھے۔
سرکاری سکولوں میں تعلیمی معیارکی گراوٹ باعث تشویش:صاف ستھرامومنٹ
جموں//جموں کشمیرصاف ستھرامومنٹ نے سرکاری سکولوں میں تعلیمی معیارمیں مسلسل آرہی گراوٹ پرتشویش کااظہارکیاہے۔یہاں جاری پریس ریلیزکے مطابق نگروٹہ میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جموں کشمیرصاف ستھرامومنٹ کے صدرشوکت علی چوہدری نے کہاکہ سرکاری سکولوں میں اساتذہ غفلت شعار ی سے کام لیتے ہیں جس کی وجہ سے ان سکولوں میں زیرتعلیم غریب بچوں کوبہترتعلیم نہیں مل پارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ سرکاری سکولوں کے اساتذہ کی غیرسنجیدگی کی وجہ سے ہی سرکاری سکولوں کے نتائج غیرتسلی بخش ہوتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کویقینی بناناچاہیئے کہ سرکاری سکولوں کے ٹیچر ٹیوشن نہ پڑھائیں۔شوکت چوہدری نے کہاکہ محکمہ تعلیم کے ملازمین کواپنے پیشے کے ساتھ انصاف کرناچاہیئے لیکن بدقسمتی سے وہ ایسانہیں کررہے ہیں جس کی وجہ سے غریب بچوں کوبہترتعلیم نہیں مل پارہی ہے۔اس دوران پروگرام میں نذیرعلی، کشورشرما اورلیاقت سرپنچ نے بھی خیالات کااظہارکیا۔
جے ایم سی وپولیس کی تجاوزات مخالف مشترکہ مہم
جموں//شہرمیں صفائی ستھرائی کویقینی بنانے کیلئے جموں میونسپل کارپوریشن کے کمشنر رمیش کمار کی نگرانی میں پولیس اورجے ایم سی نے تجاوزات مخالف مشترکہ مہم شروع کی جو سیکریٹری جے ایم سی سنیناشرما ،ڈی ایس پی ٹریفک ، سنی گپتاایس ڈی پی اونارتھ ورون جنڈیال انکروچمنٹ افسر، کامنی کیسرریونیوافسر، اشونی سودن اور سنیل گپتا،اورمتعلقہ پولیس تھانوں کے ایس ایچ او زاورجے ایم سی فیلڈعملہ کی قیادت میں چلائی گئی ۔اس دوران فٹ پاتھوں سے تجاوزات ہٹانے کے علاوہ ریہڑی پھڑی والوں کوہٹایاگیا۔ یہ مہم اندراچوک ، ہری مارکیٹ ،رگھوناتھ بازار،ریذیڈنسی روڈ، عیدگاہ وغیرہ علاقوں میں چلائی گئی ۔اس دوران ٹیم نے چارٹرک میٹریل ضبط کیاجودکانداروں نے فٹ پاتھوں پرلگایاہواتھا۔دکانداروں سے کہاگیاکہ وہ میونسپل کارپوریشن کوتعاون دیں اورتجاوزات نہ کریں۔
حسیب درابوکودوبارہ کابینہ میں شامل کرنے کامطالبہ
جموں /جموں وکشمیرپیوپلز ڈیموکریٹک ٹریڈیونین نے وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی سے استدعاکی ہے کہ وہ ریاست کے لوگوں،ملازموں اورڈیلی ویجروں کے مفادکی خاطرریاستی کابینہ کے آئیندہ پھیربدل میں حسیب درابوکوپھرسے وزیرخزانہ کے طورپرشامل کیاجائے۔ٹریڈیونین نے کہاہے کہ ہم سب انسان ہیں اورخطابھی انسان سے ہی ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ حسیب درابونے ریاست کے وزیرخزانہ کی حیثیت سے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔درابونے جہاں ریاست کی اقتصادیات کوایک نئی جلابخشی وہاں ریاست کے ہرطبقہ کے ملازموں کی بہبودکیلئے بھی نمایاں کام کیاہے۔
سیڈپروسیسنگ اینڈسٹوریج یونٹ کاقیام
محکمہ زراعت کانیشنل سیڈکاپروریشن کے ساتھ سمجھوتے پردستخط
جموں//زراعت ،مال محکموں اورنیشنل سیڈ کارپوریشن لمٹیڈ موہالی چندی گڑھ کے سینئرافسروں اورنمائندوں کی ایک میٹنگ شوکت احمدبیگ سیکریٹری زرعی پیداوارکی صدارت میں منعقدہوئی جس میں ضلع کٹھوعہ کے موضع تارف منجالی میں 16کنال رقبہ پر سیڈپروسیسنگ اینڈسٹوریج یونٹ قائم کرنے کیلئے باہمی سمجھوتے پردستخط کئے گئے ۔اس یونٹ کے قیام کامقصد کسانوں کی بہبودہے۔اس سیڈ پروسیسنگ یونٹ کے قیام سے کسانوں کومعیاری بیج دستیاب ہوں گے جس کے نتیجہ میں فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔