پونچھ میںقلت ِآب کا مسئلہ سنگین
کئی علاقوں میں شہری مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور
حسین محتشم
پونچھ// سرحدی ضلع میں چند دن کے دوران گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی پانی کی قلت بھی بڑھ گئی ہے ۔ماہ رمضان کے دوران عوام کو پانی کی کمی کا سامنا ہے جس کی وجہ سے لوگ سڑکوں پر اتر کر احتجاج کر رہے ہیں ۔اس سے قبل محکمہ پی ایچ ای کے افسران شہر کے کئی علاقوں کو مرحلہ وار پانی فراہم کررہے تھے لیکن گرمیوںمیں شدت آتے ہی پانی کی سپلائی کم کردی گئی ہے اور کچھ علاقوں میں ہفتے میں ایک بار پانی سپلائی کیاجارہاہے ۔ پونچھ قصبہ کے محلہ کامسر، سوکھا کھٹا، پرانی پونچھ، محلہ کماں خان، محلہ بچتر نگر، محلہ کھوڑی ناڑ، محلہ اعلیٰ پیراور دیگر محلہ جات کے ساتھ ساتھ قصبہ کے ملحقہ دیہی علاقہ جات کنوئیاں،گنڈی، بنوت ،ڈھوکری، گلپور، اجوٹ، دیگوار، کھنیتر چنڈک اور دیگر علاقوں میں پانی کی فراہمی شدید متاثر ہے۔ قلت ِآب سے پریشان شہری اذیت سے دوچار ہیں اورکئی علاقوں میں شہری مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔ سوکھا کھٹا کی عوام کی جانب سے ایک بار پھر سڑک بند کر کے گاڑیوں کی آمدورفت پر قدغن لگایا گیا جس کی وجہ سے مسافروں کو دو گھنٹے تک شدید پریشانیوں کا سامنہ کرنا پڑا۔اس دوران ایس ایچ او پولیس تھانہ پونچھ کی یقین دہانی پر احتجاج ملتوی کیا گیا۔دریں اثناء بنوت کے لوگوں کا ایک وفد ایگزیکٹو انجینئرمحکمہ پی ایچ ای سے ملنے کے لئے ان کے دفتر پہنچا جہاں انہوں نے محکمہ کے ملازموں پر پانی کی غیر منصفانہ تقسیم کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ محکمہ کے ملازموں کی باعث پانی کی قلت اور شدید بحران کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع پونچھ میں پانی کی کوئی کمی نہیں لیکن نظام درست نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو پانی کی قلت کا سامنا ہے۔
سرنکوٹ میں دو ادویہ دکانیں سیز
پونچھ //ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد کی ہدایت پر اسسٹنٹ کنٹرولر ڈرگ ، تحصیلدار سرنکوٹ اور ڈرگ انسپکٹروں کی طرف سے پولیس کی مدد سے سب ضلع ہسپتال سرنکوٹ کے گردونواح میں واقع دوائیوں کی 21دکانوں کا معائنہ کیاگیا جس دوران دو دکانوں کو سیز کرلیاگیا۔ٹیم نے معائنے کے دوران سمیر میڈیکیٹ اور مشتاق میڈیکل ہال کو سیز کرلیا جو ڈرگ کاسمیٹک ایکٹ 1949کی خلاف ورزی کرتے پائی گئیں۔ان دوکانوں میں نہ ہی خریدوفروخت کا کوئی ریکارڈ تھا اور نہ ہی تعلیم یافتہ افرادی قوت ۔ ٹیم نے پندرہ دوائیوں کے معیار کی جانچ کیلئے ان کے نمونے لئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ دوائیوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا اور ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والو ں کے خلاف کارروائی ہوگی ۔انہوںنے کہاکہ متعلقہ حکام کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ مارکیٹ میں معیاری دوائیوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور غیر معیاری دوائیوں کی خریدوفروخت پر پابندی عائد کی جائے ۔
پٹواریوں کی ہڑتال ختم کروانے کی اپیل
طارق شال
تھنہ منڈی // ریاست بھر میںپٹواریوں کی ہڑتال سے عام لوگ متاثر ہو رہے ہیں ۔اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کی خاتون شاخ ضلع صدر راجوری شاہدہ اختر نے کہا کہ موجودہ مخلوط سرکار کو چاہئے کہ پٹواریوں کے مسائل حل کرنے کیلئے بات چیت کی جائے اور ان کی ہڑتال فوری طور پر ختم کروائی جائے ۔اپنے ایک پریس بیان میں انہوںنے کہا کہ ریاست میں پٹواریوں کی ہڑتال کواٹھارہ دن ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر عام لوگ ہورہے ہیںجن کے کام وقت پر نہیں ہوپاتے ۔ انہوں نے کہا کہ اسکولی طلبا کونہ وقت پر آمدن سرٹیفکیٹ ملتی ہے اور نہ ہی ریاستی باشندہ سند۔انہوںنے کہاکہ پٹواریوں کی ہڑتال سے تھنہ منڈی کے ژالہ متاثرین کی تخمینہ رپورٹیں بھی جمع نہیں ہوسکی ہیںاور وہ انصاف کا انتظار کررہے ہیں۔ انہوں۔نے وزیر اعلیٰ سے اپیل کی کہ ریاست میں ہڑتالوں کے رواج کو ختم کرنے کے لئے اقدام کئے جائیں اور پٹواریوں سیت دیگر تمام ملازمین کے مسائل حل کئے جائیں۔
پمپنگ اسٹیشن میں تکنیکی خرابی
راجوری کے دلہوگڑہ گائوں میں سپلائی متاثر
راجوری //پمپنگ اسٹیشن میں تکنیکی خرابی کے باعث راجوری کے دلہوگڑہ گائوں کے لوگ پینے کے پانی سے محروم ہوگئے ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق ایک ہفتہ سے پانی کی سپلائی متاثر ہے جس کی وجہ سے انہیں سخت مشکلات کاسامناکرناپڑرہاہے ۔انہوںنے کہاکہ بیشتر گھروں کا انحصار پی ایچ ای کی سپلائی سکیم پر ہے جو بند ہونے سے وہ پریشان حال ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔اس سلسلے میں محکمہ پی ایچ ای کاکہناہے کہ یہ پریشانی واٹر سپلائی میں تکنیکی خرابی کے باعث ہوئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ بہت جلد اسے ٹھیک کرلیاجائے گاجس کے بعد سپلائی بحال ہوجائے گی ۔
پونچھ میں پٹواریوں کی ہڑتال جاری
حسین محتشم
پونچھ//پٹوار یوں کی ہڑتال سترہویں روز بھی جاری رہی جس سے عام لوگوں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔پٹوار ایسوسی ایشن کے مطابق ریاستی حکومت کی طرف سے ٹال مٹول کی پالیسی اپنائی جارہی ہے جس سے معاملات پیچیدہ بن رہے ہیں اسلئے ایسوسی ایشن نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ ریاستی حکومت کی طرف سے ان کے مسائل حل ہونے تک یہ ہڑتال جاری رکھی جائے گی ۔ایسوسی ایشن کے ضلع صدر کاظمی اور تحصیل صدر سلمان میر نے بتایا کہ ان کے ریاستی عہدیدارن کے ساتھ منگل وار کو ریاستی وزاء اور افسران نے بات چیت کی اور تمام مطالبات پورے کرنے کی بھی یقین دہانی دی لیکن یہ سب زبانی تھااور وہ تحریری طور پر یقین دہانی ملنے تک احتجاج جاری رکھیںگے ۔انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات کا پورا احساس ہے کہ ہڑتال سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن حکومت نے انہیں اس احتجاج کیلئے مجبور کیاہے اور عوامی مشکلات کی ذمہ داری پر اسی پر عائد ہوتی ہے ۔
کوٹرنکہ کا کھاہ علاقہ بنیادی سہولیات سے محروم
کوٹرنکہ // سب ضلع کوٹرنکہ کی دور افتادہ پنچایت کھاہ نمبر دو میں بنیادی سہولیات کا فقدا ن پایاجارہاہے ۔پنچایت کے سابق سرپنچ شبیر بٹ نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شفیق احمد چوہدری کو ایک میمورنڈم پیش کرتے ہوئے علاقے کے مسائل سے روشناس کروایا۔بٹ نے کہاکہ پانی و بجلی کی سپلائی کا برا حال ہے جبکہ محکمہ دیہی ترقی کے تحت چلائی جارہی سکیموں کا فائدہ بھی انہیں نہیں مل رہا۔انہوںنے ذرائع ابلاغ کے نمائندگان کو بتایاکہ پنچایت میں کوئی طبی مرکز نہیںاور چونکہ یہ ایک پہاڑی علاقہ ہے اس لئے مقامی لوگوں کو طبی خدمات کیلئے سخت پریشان ہوناپڑتاہے ۔ان کاکہناتھاکہ نہ ہی انسانوں کے علاج کا کوئی بندوبست ہے اور نہ ہی مال مویشیوں کے علاج کا انتظام ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ پی ایچ ای پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ لوگ پینے کے پانی سے محروم ہیںاور انہیں پائپیں تک نہیں دی جارہی ۔محکمہ بجلی کی کارکردگی پر بھی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ کہیں کھمبے نہیں تو کہیں ترسیلی لائنیں ہی نہیں مگرکرایہ کا بل ہر مہینے آجاتاہے ۔سابق سرپنچ نے الزام عائد کیاکہ محکمہ دیہی ترقی کے تحت چلائی جارہی پی ایم اے وائی (گرامین) کا فائدہ غریبوں کو نہیں مل رہا اور سیاسی پشت پناہی والے لوگوں کے مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ تعلیمی نظام کا حال بھی قابل رحم ہے اور اساتذہ سکولوں میں باری باری آتے ہیں۔شبیر بٹ نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شفیق احمد چوہدری سے اپیل کی کہ وہ علاقے میں خصوصی کیمپ لگاکر لوگوں کے مسائل حل کروائیں ۔
ویری کی نبارڈ افسران کیساتھ میٹنگ ،بنک اور محکمہ دیہی ترقی کے مابین بھرپور تعاون پر زوردیا
سرینگر//دیہی علاقوں کی تعمیروترقی میں نبارڈ (نیشنل بنک فار ایگریکلچرو رورل ڈیولپمنٹ)کے رول کو اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے وزیر برائے دیہی ترقی و پنچایتی راج عبدالرحمن ویری نے کہاکہ محکمہ کے زیر نگرانی سکیموں کی عمل آوری میں بنک کو بھرپور تعاون فراہم کرناچاہئے۔نبارڈ کے افسران کے ساتھ ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہاکہ نبارڈ کا شروع سے ہی اہم رول رہاہے اور یہ بنک سڑک روابط کی تعمیر کے ساتھ ساتھ پانی کی سپلائی سکیموں و دیگر پروجیکٹوں میں بھی معاونت کرتا رہا ہے۔ان کاکہناتھاکہ نبارڈ کے رول کو نظرانداز نہیں کیاجاسکتا اور اس کے تعاون سے محکمہ دیہی ترقی کے تحت چلائی جارہی سکیموں کی سو فیصد عمل آوری کو یقینی بنایاجاسکتاہے۔وزیر موصوف نے زیر التوا پڑی پانی کی سکیموں اور دیگر پروجیکٹوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ نوجوانوں کوتربیت فراہم کرکے روزگار کے قابل بنانے کیلئے شروع کی گئی سکیم حمایت پر خصوصی توجہ دی جائے۔ان کاکہناتھاکہ حمایت سکل ڈیولپمنٹ کا ایک اہم پروگرام ہے جس کے ذریعہ بیروزگار نوجوانوں کو تربیت فراہم کرکے ریاست سے بیروزگاری کو کم کیاجاسکتاہے تاہم اس کیلئے ضروری ہے کہ اس پروگرام کی عمل آوری میں حائل رکاوٹوں کو دور کیاجائے اور تربیتی عمل میں سرعت لائی جائے۔انہوں نے میٹنگ میں موجود حمایت پروگرام کے انچارج کو ہدایت دی کہ اس حوالے سے خصوصی دلچسپی دی جائے اور مقرر کردہ اہداف کو پورا کیاجائے۔ان کاکہناتھاکہ یہ ایسا پروگرام ہے جس پر نہ صرف ریاستی حکومت بلکہ مرکزی سرکار بھی کافی سنجیدہ ہے اور اس میں رقومات کی دستیابی کا بھی کوئی مسئلہ درپیش نہیں لہٰذا تربیتی عمل میں تیزی لائی جائے۔انہوں نے نبارڈ افسران پر زور دیاکہ وہ ٹیکنکل سپورٹ ایجنسی ہونے کے ناطے اپنی طرف سے اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں بھرپور تعاون فراہم کریں۔ وزیر موصوف کاکہناتھاکہ اسی طرح سے جے کے ایس آر ایل ایم، واٹر شیڈ مینجمنٹ اور دیگر پروگراموں میں بھی کانورجنس کے ذریعہ نبارڈ کا اشتراک حاصل کیاجاسکتاہے۔میٹنگ میں یہ فیصلہ لیاگیاکہ نبارڈ اور محکمہ دیہی ترقی کے درمیان بہتر تال میل قائم کرنے کیلئے بہت جلد ایک مشترکہ اجلاس منعقد کیاجائے گا۔اس موقعہ پر چیف جنرل منیجرنبارڈوجے کمار،مینجنگ ڈائریکٹر نریش گپتا،ڈپٹی
جنرل منیجر قمر جاوید ،انچارج حمایت پروگرام کپل شرماو دیگر افسران بھی موجو دتھے۔
مڈل سکول حویلی اڑائی کی عمارت گرنے کے دہلیز پر
عشرت بٹ
منڈی//اڑائی گاؤں کے مڈل سکول کی عمارت گزشتہ کئی سال سے تباہ حال ہے اور اب بالکل گرنے کے قریب آ پہنچی ہے جوکسی بڑے حادثہ کا سبب بن سکتا ہے۔ مڈل سکول میں آٹھ جماعتیں اور دفتر ہیں لیکن خستہ حال کمروں کی تعداد پانچ ہے جن میں دفتر سٹور اور کلاسوں کے بیٹھنے کے لئے جگہ ہے۔ صرف چار کمرے آٹھ جماعتوں کے لئے ہیں جو بھی گرنے کی دہلیز پر ہیں۔ سکول میں تعینات اساتذہ نے بتایا کہ ان کے پاس بچوں کے بٹھانے کے لئے جگہ نہیں ۔ ان کے مطابق باہر دھوپ اور بارش کی فکر اور اندر موت کا خطرہ بنا رہتا ہے۔ اس تباہ حال عمارت میں چھٹی جماعت کے 38 طلبااول اور دوم جماعت کے 22 طلبا ہیں جنہیں باہر بالکونی میں تعلیم دی جاتی ہے ۔ اس بارے میں مقامی شخص لیاقت ملک نے کہا کہ لگ بھگ تیس سال پرانی عمارت میں انکے بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں اور قابل افسوس بات ہے کہ کئی بار حکام کو اس بار ے میں مطلع کئے جانے کے باوجود اس طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔انہوںنے الزام لگایاکہ ان کے بچوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کیاجارہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس عمارت کے گرنے سے کوئی حادثہ پیش آتاہے تواس کی ذمہ داری محکمہ تعلیم پر عائد ہوگی۔
کئی ماہ سے مفرور ملزم گرفتار
راجوری //راجوری پولیس نے کئی ماہ سے مفرور ملزم کو گرفتار کرلیاہے ۔اس کی شناخت محمد ظفر ولد محمد حفیظ ساکن گلہوتی منجاکوٹ عمر پینتالیس سال کے طور پر ہوئی ہے جو پولیس کو مطلوب تھا۔ملزم کے خلاف پولیس تھانہ منجاکوٹ میں ایف آئی زیر نمبر9/2017زیر دفعات 376/363/109آر پی سی کے کیس درج ہیں۔یہ کارروائی ایس ڈی پی او منجاکوٹ ڈاکٹر امتیاز احمدکی نگرانی میں ایس ایچ او منجاکوٹ اعجاز حیدر نے کی ۔
سیاحتی پروجیکٹوں کا جائزہ
ڈپٹی کمشنر نے قلعہ ، موتی محل ، شیش محل اور بلدیو محل کا معائنہ کیا
پونچھ //ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد نے پونچھ کے بڑے سیاحتی پروجیکٹوں کا جائزہ لیا۔اس دوران پونچھ ڈیولپمنٹ اتھارٹی و انتظامیہ کے افسران بھی ا ن کے ہمراہ تھے ۔ایک میٹنگ کے دوران انہوںنے پونچھ قلعہ کی تزئین ،زیارت سائیں میراں صاحب ؒ میں زائرین کی سہولت کیلئے انتظامات ، بڈھاامرناتھ ، گردوارہ ننگالی صاحب کے ساتھ ساتھ سات جھیلوں کی وادی کے پروجیکٹ ، جالیاں، لورن وغیرہ کے سیاحتی مقامات کا جائزہ لیا ۔انہوںنے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ کام میںتیزی لاکر ضلع کے سیاحتی مقامات کو سیاحوں کیلئے قابل توجہ بنائیں۔انہوںنے پونچھ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ایگزیکٹو افسر کو ہدایت دی کہ وہ جالیاں،لورن اور پونچھ میں کیفیٹریا کی تعمیر پر خصوصی توجہ دیں اور سیاحوں کیلئے بنیادی ڈھانچہ و سہولیات دستیاب رکھی جائیں ۔ انہوںنے کہاکہ ان تمام پروجیکٹوں کومکمل کیاجائے جو وزیر اعظم ترقیاتی پیکیج کے تحت شروع کئے گئے ہیں ۔میٹنگ میں دیگر افسران بھی موجو دتھے ۔بعد ازآں ڈپٹی کمشنر نے تاریخی عمارتوں قلعہ پونچھ ، موتی محل اور شیش محل کا دورہ کرکے خود ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا ۔انہوںنے کہاکہ ان تاریخی عمارتوں کے ارد گر د صفائی رکھی جائے اور انہیں دیکھنے آنیوالوں کیلئے سہولیات رکھی جائیں۔
مولاناسید احسان حیدر جوادی کے انتقال پراظہارتعزیت
پونچھ// بر صغیر کی معروف شخصیت شخصیت مرحوم علامہ ذیشان حیدر جوادی کے چھوٹے فرزند ارجمند مولاناسید احسان حیدر جوادی کے انتقال پر مسجد اہل بیت کی انتظامیہ کمیٹی نے گہرے دکھ کا اظہار کیاہے ۔واضح رہے کہ مولانا گزشتہ روز اس دار فانی سے کوچ کرگئے ،انہیںحال ہی میں دل کے درد کی تکلیف ہوئی اور وہ بمبئی کی حیدری مسجد میں مجلس عزا سے خطاب کر رہے تھے کہ اچانک ان کا انتقال ہوگیا۔تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید سجاد حیدر قمی نے کہا کہ مرحوم کے والد علامہ ذیشان حیدر جوادی بھی دس محرم الحرام کو مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے دنیا سے رخصت ہوئے تھے۔ انہوںنے کہا کہ قوم نے ایک خوش اخلاق، ملنسار عالم،ادیب ،خطیب،شاعر و محقق کھو دیا ۔انہوں نے کہا کہ احسان حیدر جوادی اتنی جلدی رحمت حق ہونگے کسی نے سوچا بھی نہ تھا۔انہوں نے کہا کہ کربلا والوں کی یاد ہی اس غم کا مداوا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ پونچھ کے مومنین کی جانب سے مرحوم کے لواحقین کو تعزیت پیش کرتے ہیں۔
اے سی آر اورڈی ایس پی کے تبادلے پر الوداعیہ تقریب
پونچھ//اے سی آر پونچھ اشرف چوہدری اور ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر شاہد نعیم چوہدری کے تبادلہ پر سرسید ایجوکیشن مشن و گوجر بکروال ایمپلائز ایسو سی ایشن کی طرف سے الوداعی تقریب کا اہتمام کیاگیا۔اس موقعہ پر مقررین نے دونوں آفیسران کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پونچھ میں عوام کی بھرپور خدمت کی اورمسائل حل کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔انہوںنے دونوں آفیسر ان کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ایسے عوام دوست افسر بہت کم ملتے ہیں۔ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر محمد نواز کھانڈے نے اس پروگرام کے انعقاد پر سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ پونچھ میں تعیناتی کے بعد ان کی کوشش ہوگی کہ یہاں کے لوگوں کی زیادہ سے زیادہ خدمت کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ان کے دروازے ہمیشہ لوگوں کے لئے کھلے رہیںگے۔اپنے خطاب میںاے سی آر اشرف چوہدری نے کہاکہ ان کی طرف سے کئے گئے کام ان کی ڈیوٹی کا حصہ تھے اور انہوںنے اپنے فرائض منصبی کو ایمانداری سے انجام دینے کی کوشش کی ۔ شاہد نعیم چوہدری نے کہا کہ انہیں یہاں کے لوگوںسے کافی پیار ملاجس کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔انہوںنے کہاکہ وہ لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ تیار رہیںگے ۔اس موقعہ پر گوجر بکروال ایمپلائز ایسو سی ایشن کے صدر چوہدری محمد اسد نعمانی ،سرسید ایجوکیشن مشن کے چیئرمین سرفراز میر،سماجی کارکن و لیکچرار ہارون راٹھور، ریٹائرڈ پرنسپل ڈگری کالج پونچھ ایس ڈی شرما ،سردار سرجن سنگھ ،قاسم کوہلی،لیکچرار عطاللہ شاد،گوجر بکروال یوتھ ایسو سی ایشن کے صدر اخلاق تبسم و جنرل سیکریٹری بشارت عظیم ،ایس آر کے گلوبل پیس فائونڈیشن کے چیئرمین سید نصرت شاہ ، رینج آفیسر افتخار بھٹی ،این وائی کے کے یوتھ کوآرڈی نیٹر ریاض میر،اعجاز کوہلی،محمد اقبال ،غلام محی الدین،افضل پسوال وغیرہ بھی موجود تھے ۔نظامت کے فرائض معروف ناظم پردیپ کھنا نے انجام دیئے۔