تھنہ منڈی میں تیل خاکی کی قلت
طارق شال
طارق شال
تھنہ منڈی //ماہ رمضان میں تھنہ منڈی میں تیل خاکی کی شدید قلت پائی جا رہی ہے اور محکمہ امور صارفین کو ٹس سے مس نہیں ۔ بلاک تھنہ منڈی 18 پنچائتوں پر مشتمل ہے جسکی آبادی 25000 سے زائدہے لیکن محکمہ امور صارفین نے تھنہ منڈی کی عوام کے لئے تیل خاکی فراہم نہیں کیا اور لوگوں کو سحری اور افطاری کے اوقات میں بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے چمنی جلا نے کیلئے بھی تیل نہیں مل رہا۔ تھنہ منڈی کے بالائی علاقو ں میں رہنے والے لوگ ان دنوں ڈھوکوں میں رہائش پذیر ہیں جہاں بجلی کا کوئی بندوبست نہ ہے۔ یہ لوگ تیل خاکی جلا کر گزر بسر کرتے ہیںتاہم انہیں یہ دستیاب ہی نہیں۔ درہ کے مقامی شخص محمد سعید کا کہنا ہے کہ لوگ اپنے مال مویشی اور ڈھیرے لیکر ڈھوکوں میں گئے ہیں جہاں پرنہ ہی بجلی کا کوئی انتظام ہے اور نہ ہی تیل خاکی فراہم کیاجارہاہے۔ انہوںنے کہاکہ تیل خاکی فراہمی کو یقینی بنایاجائے تاکہ ان کو مشکلات کاسامنا نہ کرناپڑے ۔
بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی پر برہمی کا اظہار
مینڈھر// آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ممبر و ریاستی سکریٹری پروین سرور خان نے حکومت کے ساتھ ساتھ محکمہ بجلی کے وزیر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان میں بجلی کی نہایت ہی خستہ حالت ہے اور لوگوں کو وقت پر بجلی سپلائی نہیں ہو رہی ۔اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو ضرورت کے مطابق بجلی نہیں مل رہی اور اس میں سب سے زیادہ قصور وار متعلقہ محکمہ کے وزیر ہیں۔انہوںنے سابق بجلی وزیر اور ریاستی نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ تین سال تک انہوں نے مینڈھر کا ایک بار بھی دورہ کرنا گوارہ نہیں کیا اورنہ ہی یہ پوچھا کہ کیا مینڈھر کے لوگوں کوبجلی کی ضرورت ہے بھی یا نہیں ۔پروین نے کہاکہ اب نئے وزیر نے بھی ابھی تک مینڈھر کے لوگوں کا حال نہیں پوچھا اور عدم توجہی کے باعث علاقے میں کٹوتی کئی گھنٹوں تک کی جارہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ خود وزیر اعلیٰ بجلی کٹوتی کا نوٹس لیں اور غیر اعلانیہ کٹوتی پر قدغن لگائی جائے نہیں تو لوگ احتجاج پر مجبور ہوجائیںگے ۔
پہاڑی زبان بولنے والے طلباء
گزشتہ برس18 کروڑ روپے تقسیم ہوئے: گپتا
سرینگر// پہاڑی زبان بولنے والے لوگوں کی ترقی سے متعلق ریاستی مشاورتی بورڈ کے وائس چیئرمین کلدیپ راج گپتا نے کہا ہے کہ پچھلے مالی سال کے دوران بورڈ نے ریاست میں پہاڑی زبان بولنے والے طُلاب میں18 کروڑ روپے سے زائد کی رقم تقسیم کی۔وائس چیئرمین نے یہ جانکاری بورڈ ارکان کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے دی۔ میٹنگ میں بورڈ کے تمام ارکان نے شرکت کی۔اس موقعہ پر وائس چیئرمین نے کہا کہ بورڈ نے پوسٹ میٹرک وظائف سے متعلق سالانہ رپورٹ مشتہر کی ہے جس میں مالی معاونت کے حوالے سے تمام تفاصیل درج ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پری میٹرک سکالر شِپ سکیم کے تحت بورڈ نے لڑکیوں کے لئے سکالر شِپ رقم دوگنی کی ہے تا کہ تعلیم نسواں کو فروغ دیاجاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں لڑکوں اور لڑکیوں کے لئے9 پہاڑی ہوسٹل کام کر رہے ہیں جہاں طُلاب کو بورڈ کی جانب سے مفت قیام و طعام کی سہولیات اور کتابیں فراہم کی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بورڈ اس طبقہ کے نوجوانوں کی سماجی و اقتصادی حالت بہتر بنانے کے لئے مزید اقدامات کرے گا۔ میٹنگ کے دوران کئی ارکان نے بورڈ کے کام کاج کے حوالے سے کئی معاملات اجاگر کئے۔وی سی نے یہ معاملات غور سے سُنے اور یقین دلایا کہ انہیں جلد از جلد حل کرنے کے لئے مناسب اقدامات کئے جائیں گے۔
پٹواریوںکادھرنا جاری
عام لوگ پریشان ، ہڑتال ختم کروانے کی اپیل
بختیار حسین
سرنکوٹ// پٹوار ایسوسی ایشن سرنکوٹ کی جانب سے مسلسل اٹھارہویں روز بھی ہڑتال کا سلسلہ جاری رہا۔پٹواریوں کی اس ہڑتال سے عام عوام کی پریشانیوں میں بھی دن بدن اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔وہ پچھلے اٹھارہ روز سے دفاترکے چکر کاٹ رہے ہیں لیکن ستم ظریفی کی بات یہ ہے کہ حکومت کی طرف سے ہڑتال ختم نہیں کروائی جارہی ۔سرنکوٹ میں دھرنے دے رہے پٹواریوںنے کہا کہ مطالبات پورے ہونے تک ان کی ہڑتال جاری رہے گی ۔انہوں نے پے گریڈ 2400 سے 2800 کرنے کی مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ڈی پی سی وقت پہ کی جائے اور نائب تحصیلدار کی براہ راست بھرتی پر پابندی عائد کی جائے۔انہوںنے کہاکہ پٹوار خانوں کا کرایہ ادا کیاجائے ۔پٹواریوں کے دھرنے میں مقامی سیول سوسائٹی کے ارکان نے بھی شرکت کی ۔اس موقعہ پر خوشدیو ورما نے پٹواریوں کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے حکومت سے اپیل کی کہ ان کے جائز مطالبات پورے کرکے ہڑتال ختم کروائی جائے تاکہ عام لوگوں کو متاثر نہ ہوناپڑے ۔
نوجوان کی پراسرار موت کی تحقیقات کا مطالبہ
طارق شال
طارق شال
تھنہ منڈی//سرنکوٹ کے علاقہ سیلاں سے تعلق رکھنے والے نوجوان کی پر اسرار موت پرتھنہ منڈی کے لوگوںنے منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ رمیض ملک ولد محمد فاروق ملک سکنہ سیلاں کی پیر کے روز پر اسرار موت واقع ہوئی تھی۔ وہ جو اپنی سات بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا اور بارہویں جماعت کا طالب علم تھا ۔اتوار کے روز شام کوو ہ لاپتہ ہوگیا اور پیر کی صبح قصبہ پونچھ کے آزاد محلہ سے اس کی نعش برآمد ہوئی ۔ تھنہ منڈی کی متعددشخصیات اور غیر سرکاری تنظیموں نے ضلع پونچھ کی پولیس انتظامیہ سے مطالبہ کیاہے کہ نوجوان کی پر اسرار موت پر تحقیقات کروائی جائے ۔
پونچھ میں روزانہ افطار پارٹی کا اہتمام
پونچھ//آغازِ ماہِ رمضان سے اختتامِ ماہِ مقدس تک پونچھ کی مرکزی جامع مسجد میں بوقتِ افطار محفلِ دُعا و افطار کا ہر سال باقاعدہ اہتمام کیا جاتا ہے جو امسال بھی جاری و ساری ہے۔ مولانا مفتی فاروق حُسین مصباحی کی سربراہی میں منعقد کی جانے والی اس محفل میں بُزرگ،نو جوان اور بچے کافی تعداد میں شامل ہوتے ہیں۔ قبل از افطار درود و سلام، ذکر و اذکار اور ساری کائنات و اُمتِ مُسلمہ کی خوشحالی و بُلندی درجات کے لئے دُعائے خیر کی جاتی ہے۔ مولانا موصوف نے حدیثِ مبارکہ کے حوالے سے بتایا کہ افطار کے وقت رب تبارک و تعالیٰ روزہدار کی دُعا کو قبول فرماتا ہے اور اُس کی دُعا کبھی رد نہیں کی جاتی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اس دُعائیہ محفل کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں بچے، بوڑھے، نوجوان، متوسط و متمول سبھی طبقہ کے افراد شامل ہو کر رّبِ قدیر کی بارگاہ میں دست بہ دُعا ہوتے ہیں اور یہ منظر دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے کیوں کہ اس میں اسلام کا مساواتی پیغام صاف دکھائی دیتا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اس مبارک محفل کا آغاز تقریباً دس برس قبل کیا گیا تھا جب سے اس میں آئے روز اضافہ ہی ہو رہا ہے اور لوگ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اس محفل میں شریک ہو کر دُعا و بعد ازاں محفلِ جماعتِ مغرب میں بھی شامل ہوتے ہیں۔
منڈی میں پٹوایوں کا احتجاجی دھرنا
عشرت حسین بٹ
منڈی //ریاست بھر کے ساتھ ساتھ تحصیل منڈی میں بھی پٹواریوں کا احتجاج جاری ہے ۔ان کا یہ احتجاج گزشتہ 17 روز سے جاری ہے جس کی وجہ سے عوام سخت مشکلات کا سامنا کررہی ہے ۔احتجاج کررہے پٹواریوں کا کہناتھا کہ جب تک سرکار ان کے مطالبات کو پورا نہیں کرتی،وہ واپس کام پر نہیں لوٹیںگے ۔انہوںنے کہا کہ ان کے سرکار کے سامنے پانچ مطالبات ہیں جن کو سرکار پہلی فرصت میں پورا کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ گریجویشن تعلیم یافتہ پٹواریوں کی تنخواہوں میں اضافہ کر کے 2400 سے 2800 گریڈ کیا جائے اورپٹواریوں کو بھی DPC فراہم کی جائے جیساکہ دیگر محکمہ جات کو ہر چھ ماہ کے بعد دی جاتی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ ہر پٹواری کے لئے پٹوار خانہ دیاجائے کیونکہ پٹوار خانہ نہ ہونے کے باعث وہ کمرے کا کرایہ جیب سے بھرتے ہیں اور انہیں فائل رکھنے کی جگہ بھی نہیں ملتی جو ان کے ساتھ زیادتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ نائب تحصیلداروں کی براہ راست بھرتی پر پابندی عائد کی جانی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ پٹواری حلقوں میں نئے سرے سے حلقہ بندی کی جائے ۔انہوںنے کہاکہ اس بار وہ حکومت کی یقین دہانیوں پر احتجاج ختم نہیں کریںگے بلکہ تب تک ہڑتال جاری رہے گی جب تک کہ مطالبات پورے نہ ہوجاتے ۔
نوشہرہ کا شہری گرفتار
پوچھ تاچھ کیلئے جموں منتقل
سمت بھارگو
راجوری //راجوری پولیس نے نوشہرہ کے ایک شہری کو گرفتار کرکے مزید پوچھ تاچھ کیلئے جموں منتقل کردیاہے ۔ پولیس کے مطابق طالب حسین ولد محمد دین ساکن سیال جبہ اپنے گھر سے سولہ مئی کو لاپتہ ہوگیا جس کے بارے میں اہل خانہ کی طرف سے پولیس تھانہ میں گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی گئی تاہم دوسرے روز وہ واپس گھر آگیا۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ معاملے کی تحقیقات کرنے کیلئے اس سے پوچھ تاچھ کی گئی تاہم وہ کوئی اطمینان بخش جواب دینے میں ناکام رہا اور یہ پورا معاملہ پراسرار لگتاہے ۔ذرائع نے بتایاکہ پوچھ تاچھ کے دوران وہ اپنے بیانات بھی بدلتارہااور اسی بات کو دیکھتے ہوئے اسے مزید پوچھ تاچھ کیلئے انٹیروگیشن جموں منتقل کیاگیاہے ۔ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس نے بتایاکہ طالب حسین کو جے آئی سی منتقل کیاگیاہے تاکہ اس کے اغوا ہونے کے بارے میں سچائی سامنے آسکے ۔
وزیر اعلیٰ کی ہدایات
ڈپٹی کمشنر پونچھ نے عمل آوری کاجائزہ لیا
پونچھ //وزیر اعلیٰ کی طرف سے دورہ ٔ پونچھ کے دوران دی گئی ہدایات پر عمل درآمد کرنے کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد نے ایک میٹنگ منعقد کی ۔اس دوران انہوںنے جاری کاموں کاجائزہ لیا اور اس بات پر زور دیاکہ انہیں جلد سے جلد مکمل کیاجائے تاکہ لوگوں کو سہولت مل سکے ۔میٹنگ میں ضلع انتظامیہ کے دیگر افسران بھی موجو دتھے ۔اس موقعہ پر بتایاگیاکہ وزیر اعلیٰ کے پونچھ دربار کے دوران مختلف نوعیت کے 351مسائل اٹھائے گئے جن میں کئی ترقیاتی کاموںسے جڑے تھے ۔ اس دوران تمام محکمہ جات نے تفصیل کے ساتھ بتایاکہ اب تک ان پر کس درجہ عمل درآمد ہواہے ۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ بہتر تال میل قائم کرکے ان کاموں کو مقررہ مدت میںمکمل کریں اور ایکشن ٹیکن رپورٹ ہفتہ وار بنیاد پر پیش کریں ۔
جموں پونچھ اور راجوری تھنہ منڈی سڑکیں
جگل کشور کا مسافت کم کرنے کیلئے ٹنلوں کی تعمیر پر زور
راجوری //ممبرپارلیمنٹ جگل کشور شرما نے ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کوآرڈی نیشن و مانیٹرنگ کمیٹی (دیشا )کی میٹنگ منعقد کرکے مرکزی معاونت والی سکیموں کی حصولیابیوں کا جائزہ لیا ۔انہوںنے افسران پر زور دیاکہ وہ ان سکیموں کا لوگوں کو فائدہ دیں اور وہ اہداف پورے کئے جائیں جو مقررکئے گئے ہیں ۔میٹنگ میں ممبراسمبلی راجوری قمر حسین چوہدری ، ایم ایل سی وبودھ گپتا، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری ، ایڈیشنل ڈی ڈی سی اے ایس چب ، اے سی ڈی اختر حسین قاضی و دیگر افسران بھی موجو دتھے ۔اس موقعہ پر قمر چوہدری اور وبودھ گپتا کی طرف سے مختلف مسائل اجاگر کئے گئے ۔اس دوران جموں ۔اکھنور۔پونچھ سڑک اور راجوری تھنہ منڈی سڑک کا معاملہ اجاگر ہواجس پر گریف عہدیداروں نے بتایاکہ دونوں سڑکوں کی ڈی پی آر تیار کی جارہی ہے ۔انہوںنے بتایاکہ راجوری تھنہ منڈی سڑک کی ڈی پی آر اگست 2018جبکہ جموں پونچھ شاہراہ کی ڈی پی آر مارچ 2019تک مکمل ہوجائے گی ۔جگل کشور نے افسران کو ہدایت دی کہ ڈی پی آر جلد تیار کیاجائے اور اس میں زیادہ سے زیادہ ٹنلوں کی تعمیر کا منصوبہ رکھاجائے تاکہ مسافت کم ہوسکے ۔اس دوران انہوںنے سرحدی علاقوں میں بینکروں کی تعمیر پر زور دیتے ہوئے کہاکہ کام معیاری کیاجائے تاکہ لوگ کشیدگی کے دوران محفوظ رہ سکیں۔انہوںنے محکمہ دیہی ترقی کی مختلف سکیموں اور پی ایم جی ایس وائی کے کام میں سرعت لانے کی ہدایت دی ۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے پاور پوائنٹ پریزینٹیشن کے ذریعہ حصولیابیاں بیان کیں ۔ انہوںنے بتایاکہ گزشتہ مالی سال کے دوران نریگا کے تحت پانی کے تحفظ کے950،آبپاشی سے جڑے 359،روایتی آبی ذخائر کی تجدید کے 411،زمین ہموار کرنے کے 109،حفاظتی باندھ کے 725اور دیہی علاقوں تک روابط فراہم کرنے کے 1925کام مکمل کئے گئے ۔انہوںنے بتایاکہ 12520, 4485کام مکمل ہوئے ہیں جبکہ 8035زیر تعمیر ہیں۔
رانا نے روگی کلیان سمیتی میٹنگ کی صدارت کی
مینڈھر //ممبراسمبلی مینڈھر جاوید احمد رانا نے سب ضلع ہسپتال مینڈھر میں روگی کلیان سمیتی کی میٹنگ کی صدارت کی ۔میٹنگ میں ایس ڈی ایم تنویر خان ، بی ایم او ڈاکٹر پرویز خان و دیگر افسران بھی موجو دتھے ۔اس موقعہ پر ممبراسمبلی نے اس بات پر زور دیاکہ لوگوں کو بہتر سے بہتر طبی خدمات فراہم کی جائیں اور دیہی علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے ۔اس دوران پانی کی سپلائی ، صفائی ستھرائی ، نکاسی وغیرہ کے مسائل بھی اجاگر کئے گئے ۔ممبراسمبلی نے طبی اداروں کیلئے عمارتوں کی تعمیر کا جائزہ لیا اور متعلقہ ایجنسی کو ہدایت دی کہ وہ کام میںتیزی لائے ۔انہوںنے کہاکہ معیار پر خاص توجہ دی جائے ۔
پونچھ کے ٹھیکیداروں کا احتجاج
پونچھ //پونچھ میں ٹھیکیداروں نے انتظامیہ کے خلاف احتجا ج کرتے ہوئے الزام عائد کیاہے کہ ایک سینئر ٹھیکیدار کے ساتھ انتظامیہ کے افسران نے بدسلوکی کی ہے ۔ٹھیکیدار وںنے دھرنا دیتے ہوئے مانگ کی کہ بدسلوکی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے یاپھر وہ معافی مانگیں ۔ ان کاکہناتھاکہ وہ واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث مشکلات کاسامناکررہے ہیں اورحکومت کو ان کی کوئی پرواہ نہیں ۔انہوںنے انتباہ دیاکہ اگر ا ن کے واجبات ادانہ ہوئے تو وہ سڑکوں کو بند کردیںگے اور کاموں کا افتتاح نہیںہونے دیںگے ۔
پولیس کی طرف سے مدرسہ میں کمپیوٹر تقسیم
پونچھ //پونچھ پولیس کی طرف سے مدرسہ مدینتہ العلوم میں سیوک ایکشن پروگرام کے تحت کمپیوٹر تقسیم کئے گئے تاکہ طلباء کو کمپیوٹر کی تعلیم حاصل کرنے کا موقعہ مل سکے ۔اس سلسلے میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے ، ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹرنواز کھانڈے اور مولوی فاروق مصباحی کے ہاتھوں طلباء میں کمپیوٹر تقسیم کئے گئے ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے ایس ایس پی پونچھ نے کہاکہ پولیس عوام دوست اقدامات کیلئے وعدہ بند ہے اور اس طرح کے کام آئندہ بھی کئے جاتے رہیںگے ۔ مولوی فاروق نے پولیس کے اس اقدام کی سراہنا کی ۔