رام بن میں ٹا ٹا سو مو ڈرائیوروں کی لوٹ کھسوٹ
ضلع کی مختلف رابطہ سڑکوں پر اضافی کرائے کیخلاف لوگ سراپا احتجاج
محمد تسکین
بانہال // ضلع رام بن کی مختلف رابطہ سڑکوں پر ٹاٹا سومو ڈرائیوروں نے لوٹ مچا رکھی ہے اور مسافروں سے من مرضی سے کرایہ وصول کیا جارہا ہے ۔لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناچلانہ کھڑی۔ مہو اور مگرکوٹ اکرال پوگل سینابتی رابطہ سڑکوں پر سومو ڈرائیور غریب مسافروں سے اپنی مرضی کے مطابق سے کرایہ وصول کر رہے اور وضع کئے گئے کرایہ پر کوئی عملدرامد نہیں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا ناچلانہ پْل سے کھڑی تک کے چار کلومیٹروں کی مسافت کیلئے مسافروں اور سکولی بچوں کو اورلوڈنگ میں بیٹھا کر بیس بیس روپئے کی رقم بطور کرایہ لیا جاتا ہے جبکہ منڈکباس ، کاونہ اور کھڑی کے تین کلومیٹر کی مسافت کیلئے بھی بیس روپئے لئے جاتے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ مگرکوٹ اور اْکھڑال کے درمیان آٹھ کلومیٹرکی لمبی مسافت ہے لیکن وہاں بیس روپئے ہی بطورکرایہ مسافروں سے لئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض سومو ڈرائیوروں نے کھڑی مہو روڈ اور مکرکوٹ۔ پوگل اْکڑال اور نیل چملواس رابطہ سڑکوں کے علاوہ رام بن سے دور علاقوں میں جانے والی رابطہ سڑکوں پربھی من مرضی کے کرائے مقرر کر رکھے ہیں جس کی سزا عام غریبوں اور سکول اور کالج جانے والے بچوں روزانہ کی بنیادوں پر بھگتنا پڑرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رام بن اور بانہال کے درمیان بھی دس سے گیارہ مسافروں کو بٹھانے کے باوجود بھی ٹاٹا سومو والے فی مسافر سے ایک ایک سو روپئے کی رقم کرایہ کے طور لی جاتی ہے جبکہ مقرر کئے گئے کرائے کے مطابق ستر سے اسی روپئے تک کا ہی اصل کرایہ بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کے کرایہ کولے کر کئی بار اعلیٰ حکام سے اپیل کی گئی لیکن اس لوٹ کھسوٹ کے دیرپا مسئلے کا ابھی تک کوئی حل نہیں نکالا جا سکا ہے۔ اس سلسلے میں سوشل میڈیا پر ایسی شکایات سامنے انے کیبعد ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے رام بن نے معاملہ کو دیکھنے اور کاروائی کرنے کی کھڑی کے لوگوں کو یقین دہانی کرائی ہے۔
پٹواریوں کی ہڑتال ایم ایل سی سرکار پر
مسائل حل نہ کرنیکیلئے برہم
کشتواڑ//این سی کے سینئر لیڈر سجاد کچلو نے 16 دنوں سے جاری پٹواریوں کے ہڑتال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سرکار پر انکے مطالبات حل کرنے میں ناکام رہنے کا الزام لگایا ۔انہوںنے کہا ہے کہ پٹواریوں کی ہڑتال سے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوںنے پٹواریوں کے جائز مطالبات کو حل کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ لوگوں کو مصائب کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ پٹواریوں کی ہڑتال کی وجہ سے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے خصوصاً سٹیٹ سبجیکٹ سرٹفکیٹ حاصل کرنے میں۔انہوں نے سرکا رسے ہڑتالی پٹواریوں کے ساتھ بات و چیت شروع کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ اسکے مسائل کا حل ہو۔ انہوں نے سرکار کو متنبہ کیا کہ پٹواریوں کی ہڑتال سے محکمہ مال بیکار ہو جائے گا جس کی وجہ سے عام لوگوں کے مشکلات میں اضافہ ہوگا۔
بھدرواہ میں قانونی بیداری کیمپ منعقد
عظمیٰنیوز
بھدرواہ //تمباکو نوشی کے خلاف دن پر ضلع عدالتی کمپلیکس بھدرواہ میں جمعرات کے روز زیر قیادت چیئر مین ضلع لیگل سروسز اتھارٹی ایم کے شرما ایک قانونی بیداری کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔کیمپ میں تحصیل لیگل سروس کمیٹی کی چیئر پرشن رینو ڈوگرہ اور ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے سیکرٹری مدثر فاروق نے بھی شرکت کی۔اس موقعہ پر مدثر فاروق نے اجتماع کو تمباکو نوشی کے مُضر اثرات کی جانکاری دی اور تماباکو نوشی ترک کرنے پر زور دیا ۔شرکا ء نے ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کی جانب سے اس سلسلہ میں کی گئی پہل کی ستائش کی۔
تین روزہ اگھار جتو میلہ 27جون سے ضلع انتظامیہ نے انتظامات کا جائزہ لیا
ریاسی //ضلع ترقیاتی کمشنر پرسننا راما سوامی کی قیادت میں جمعرات کے روز ایک اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں 27جون سے شروع ہونے والے اگھار جتو میلے کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں ضلع کے پولیس، سول انتظامیہ ،محکمہ صحت، بجلی و دیگر محکموں کے سینئر افسروں کے علاوہ مذہبی و سماجی نمائندوںنے بھی شرکت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ اس سالانہ میلے میں ریاست اور بیرون ریاست کے علاوہ دنیا بھر کے عقیدت مند شرکت کریں گے۔اس موقعہ پر بابا جتو مندر ڈیولپمنٹ کمیٹی کے ممبران نے ڈی سی کو تما اہم مسائل اور ضروریات سے واقف کرایا ۔انہوں نے فاضل سیڑھیاں ، مرکری لائٹس، بہتر صحت و صفائی ،کوڑی دان ، اگہر جتو نالہ پر فٹ برج کی تعمیر و دیگر سہولیات کا مطالبہ کیا ۔طویل بحث و مباحثہ کے بعد ڈی سی نے متعلقہ افسروں کو نالیوں کی صفائی ،لوئر مندر سے اپر مندر تک کے سڑک کی مرمت ،سیڑھیوں اور گرائونڈ کی دیکھ ریکھ کرنے کی ہدایت دی۔محکمہ امور صارفین کو راشن اور ضروری اشیائے یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی اور محکمہ صحت عامہ اور محکمہ بجلی کو باقاعدہ سپلائی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔سیکورٹی اہلکاروں اور صفائی کرمچاریوں کی تعیناتی کی ہدایت بھی دی گئی۔ محکمہ سیاحت کومیلے سے متعلق وسیع تشہیر دینے کی ہدایت دی گئی۔اجلاس میں اس سلسلسہ میں بیداری کیمپ منعقد کرنے کا بھی فیصلہ لیا گیا ۔
کشتواڑ میں طبی کیمپ کا اہتمام
کشواڑ//ضلع کے دور افتادہ علاقوں میں مقامی لوگوں کی مدد کے لئے فوج نے اپنی انتھک کوششیں جاری رکھتے ہوئے سوندر خطہ کے رہائش پذیر لوگوں کے طبی مشکلات کم کرنے کے لئے سوندر میں ایک طبی کیمپ کا انعقاد کیاگیا جس میں سوندر اور ضلع کے تقریباً دیگر چھوٹے بڑے20گائوں کے مکینوں نے شرکت کی۔کیمپ میں سیول و فوجی ڈاکٹروں نے شرکت کی۔کیمپ میں ایک لیکچر کا بھی ا ہتمام کیا گیا جس میں خواتین اور بچوں کے صحت کو فروغ دینے کے لئے جانکاری فراہم کی گئی۔ اس کیمپ میں 980سے زائد مریضوں کا معائینہ کیا گیا جن میں 420مرد ،380خواتین اور 180 بچے شامل تھے۔مریضوں میں مفت ادویات بھی تقسیم کئے گئے۔یہ علاقے ضلع کے دور دراز علاقے ہیں جہاں پر طبی سہولیات محدود ہیںاور مقامی لوگوں کو سخت ترین سڑک کو پار کرکے طبی خدمات کے لئے کشتواڑ جانا پڑتا ہے۔مقامی لوگوں راشٹریہ رائفلز بٹالین کی جانب سے کیمپ منعقد کرنے پر فوج کی ستائش کی۔مقامی لوگوں نے کہا کہ ان کیمپوں سے عوام کو نہ صرف اپنے گھروں کے پاس ہی طبی سہولیات میسر ہوئیں بلکہ انہیں صحت و صفائی ،حفظان صحت اور صحت مند طرز زندگی بسر کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
تمباکو نوشی کیخلاف بانہال
میں پروگرام کاانعقاد
بانہال //بانہال کے کالج میں عالمی تمباکو نوشی مخالف دن کے موقعہ پر این سی سی یونٹ نے این ایس ایس اور محکمہ ماحولیاتی سائنس کے اشتراک سے تمباکو نوشی کے خلاف ایک سیمنار کا انعقاد کیا گیا ۔سیمنار میں دو اسسٹنٹ پروفیسروں کے علاوہ تقریباً 12 طلاب نے تمباکو نوشی کے مُضر اثرات پر خطبہ دیا ۔کلیدی خطبہ اسسٹنٹ پروفیسر ای وی ایس راہل کمار نے دیا جبکہ نظامت کے فرائض شعبہ اردو کے اسٹنٹ پروفیسر اور کالج کے این سی سی افسر شفیق احمد کٹوچ نے انجام د ئے۔کالج کے پرنسپل پروفیسر عبدل رحمان نجار نے سیمنار کا افتتاح کیا اور خُطبہ دیا ۔ سیمنار میں شعبہ پولٹیکل سائنس کے اسسٹنٹ پروفیسر مشتاق احمد سوہیل اور سوشالوجی کے اسسٹنٹ پروفیسر اجے کمار نے بطور جئیوری ممبران کے فرائض انجام دئے اور مشتاق احمد سوہیل نے سیمنار کے اختتام پر شکریہ کا ووٹ پیش کیا ۔
بملانگ ،کشتواڑ میں قومی ایکتا میٹنگ منعقد
کشتواڑ// لوگوں میں آپسی روا داری کے جذبہ کو استحکام بخشنے کے لئے آرمی کی جانب سے ضلع کے بملانگ علاقہ میں ایکتا میٹنگ کا اہتمام کیا گیا جس کا مقصد ضلع میں امن و خوشحالی کو فروغ دینا تھا۔اس ایوئینٹ سے مقامی لوگوں کو ایک دوسرے کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے اور اتحاد و بھائی چارے کا پیغام دینے کیلئے ایک عظیم پلیٹ فارم مہیا ہوا ہے۔اجلاس میں 24 مقامی لوگوں نے شرکت کی۔مقامی لوگوں اور کیمونٹی لیڈروں نے فوج کی اس پہل کی ستائش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ اس پہل سے خطہ میں آپسی روا داری کو فروغ حاصل ہوگا۔اس ایوئینٹ سے لوگوں کو روایتی بھائی چارہ اور مل جُل کر رہنے کی روایت برقرار رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔