ڈوڈہ میں محکمہ دیہی ترقی کی کارکردگی کاجائزہ
ضلع ترقیاتی کمشنرنے بقایا کاموں کی تکمیل کیلئے وقت مقرر کیا
ڈوڈہ //ضلع ترقیاتی کمشنر بھوانی رکوال کی قیادت میں منعقدہ ایک جائزہ میٹنگ میں محکمہ دیہی ترقی کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈی سی نے مختلف سکیموں جیسے کہ ایم جی نریگا، آئی اے وائی، پی ایم اے وائی، ایس بی ایم اور 14ویں ایف سی ،سی ڈی پنچایت،واٹر شیڈ پروجیکٹ(نئے اور پُرانے) ایس اے جی وائی، ایم پی ایل اے ڈی ایس، سی ڈی ایف اور کنوئیر جنس پلانز ،جو کہ ضلع میں محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے لاگو کئے جا رہے ہیں، کا جائزہ لیا ۔اجلاس میں اے ڈی ڈی سی محمد حنیف ملک، اے سی ڈی انگریز سنگھ ،اے ڈی پلاننگ وسیم راجا ، ایگزیکٹو انجینئر ،ڈی پی او ادریس لون، بی ڈی اوز ،اے ای ای ڈوڈہ اور بھدرواہ ،اے ای، جے ای، ٹی اے، وی ایل ڈبلیوز، ایم پی ڈبلیو اور ضلع کے تمام جی آر ایس نے شرکت کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے پی ایم اے وائی کے تحت بلاک اور پنچایت وار کارکردگی کا جائزہ لیا اور تمام بقایاکاموں کی تکمیل کیلئے وقت مقرر کیا۔اجلاس کے دوران ترقیاتی کاموں کی رفتار میں سرعت لانے کی ہدایت دی گئی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے ایس بی ایم اور ایم جی نریگا کے تحت فزیکل اور مالی حصولیابیوں کا جائزہ بھی لیا۔انہوںنے بی ڈی اوز کو اپنے اپنے علاقوں میں جاری تعمیری کاموں کوموثر ڈھنگ سے مکل کرنے کیلئے نئے تکنیک کو لاگو کرکے سرعت لانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ترقیاتی عمل میں مقامی لوگوں کو شامل کرنے کی بھی ہدایت دی۔
بینکوں کا کام کاج دوبارہ بحال
صارفین ، تاجروں نے راحت کی سانس لی
ایم ایم پرویز
رام بن / / بینکوں کی جانب سے دو روزہ ملک گیر ہڑتال کے بعدضلع میں جمعہ کے روز بینکوں نے دوبارہ اپنا کام و کاج شروع کیا ۔یونائیٹڈ فورم آف بینک یونین کی کال پر ملک بھر میں سرکاری بینک دو دن ہڑتال پر چلے جانے کے بعد جمعہ کے روز بینکوں نے دوبارہ اپنا کا م شروع کر دیا ۔بینکوں کی ہڑتال کی وجہ سے بینک خدمات متاثر رہیں جس سے عام لوگوں خصوصاً کاروباری طبقہ کو کافی مشکلات پیش آئے۔بینک کھلنے کے ساتھ ہی تمام بینکوں میں کافی بھیڑ دیکھی گئی اور لوگوں کو رقم جمع کرتے اور نکالتے دیکھا گیا ۔صارفین خصوصاً کاروباری طبقہ نے بینکوں کی جانب سے اپنامعمول کا کام دوبارہ بحال کرنے پر راحت محسوس کی۔ بینک ملازمین کے مطابق اگر سرکار نے انکی مانگوں کو پورا نہیں کیا تو وہ مستقبل میں غیر معین عرصہ کی ہڑتال پر جانے سے بھی دریغ نہیں کریں گے،خواہ انکی اجرت بھی کاٹی جائے۔
ریاسی میںمارکیٹ چیکنگ
۔ 104700 روپے جرمانہ وصول
عظمیٰ نیوز
ریاسی //ریاسی قصبہ میں محکمہ ماپ و تول کی ایک ٹیم نے مارکیٹ چیکنگ کے دوران خاطی دوکانداروں سے104700 روپے بطور جُرمانہ وصول کیا گیا ہے۔ٹیم نے ضلع ترقیاتی کمشنر کی ہدایت پر متبرک ماہ رمضان کے دوران اشیائے خوردنی کی قیمتوں اور معیار کی چیکنگ کے لئے مارکیٹ چیکنگ کی۔ٹیم نے ریاسی، کٹرا،پونی ،بھاملہ اور ملحقہ علاقہ جات کی طویل مارکیٹ چیکنگ کی۔ٹیم نے سامبہ میں مقیم ایک سیمنٹ مینوفیکچرار سے کم وزنی سیمنٹ بیگ سپلائی کرنے کے خلاف25000روپے جُرمانہ کیا۔ٹیم نے تیل خوردنی کے چار برانڈوں کو خالص مقدار اور لازمی اعلامیہ کی خلاف ورزی کرنے پر کیس درج کیا اور مینوفیکچراروں کے خلاف 28000روپے جُرمانہ کیا ۔ٹیم نے ایک آٹے کی ِمل ،ایک اچار بنانے کے یونٹ، تین پٹرول پمپوں اور دس پراویژن سٹورس کو ماپ وتول کے مختلف قوانین کی خلاف ورزی کرنے کے پاداش میںکیس درج کئے۔
رام بن میں بغیر خلل بجلی اور پانی کی سپلائی کا مطالبہ
ایم ایم پرویز
رام بن //ضلع کی سول سوسائٹی اورمذہبی رہنمائوں نے ضلع انتظامیہ پر اس پہاڑی ضلع میں بغیر خلل کے بجلی اور پانی کی سپلائی یقینی بنانے پر زور دیا۔ ان لیڈروں نے بجلی سپلائی چوبیس گھنٹے فراہم کرنے کے اعلان کے باوجودضلع میں بغیر شیڈول کے بجلی کٹوتی پرحیرانگی کا اظہار کیا ہے۔سول سوسائٹی نے توقع کا اظہار کیا ہے کہ ضلع انتظامیہ اب کی بار ذمہ واریوں کا احساس کرکے لوگوں کو بغیر کیس خلل کے بجلی اور پانی کی سپلائی فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔مذہبی رہنمائوں نے جمعہ کے روز خطبہ میںالزام لگایا کہ ضلع انتظامیہ ضلع ترقیاتی کمشنر کی موجودگی میں عوام کے نمائندوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو عملانے میں پوری طرح سے ناکام رہی ہے۔
منشیات فروش گرفتار ،چرس برآمد
زاہد ملک
ریاسی //ریاسی میں پولیس نے ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اسکے قبضہ سے 100 گرام چرس برآمدکی ہے۔ پولیس پوسٹ بان گنگا کی ایک پولیس پارٹی نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے پرآٹو اسٹینڈ بان گنگا پر ایک ناکہ لگایا ۔پولیس پارٹی نے دوران چیکنگ ایک نتو شرما ولد بلدیو شرما ساکنہ چہل لوئرمیر پنچاری اودھمپور سے پوچھ تاچھ کی جو اپنے آپ کو پولیس پارٹی سے چھپانے کی کوشش کر رہا تھا۔پولیس نے ملزم کو حراست میں لیکر اسکی ذاتی تلاشی پر اسکے قبضہ سے 100 گرام چرس برآمدکرنے کا دعویٰ کیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے پرس ضبط کی ہے۔اس سلسلہ میں پولیس نے زیر ایف آئی آر 102/2018 زیر دفعہ 8/20 این ڈی پی ایس ایکٹ پولیس اسٹیشن کٹرا میں ایک معاملہ درج کیا ہے۔
کشتواڑ میں بجلی کی ناقص سپلائی سے عوام خفا
کشتواڑ//قصبہ کشتواڑ و دیگرملحقہ علاقوں میںبغیر اعلان بجلی کٹوتی کی وجہ سے لوگوں میں کافی غم و غُصہ پایا جا رہا ہے اور لوگوں نے متنبہ کیا ہے کہ اگر بجلی کٹوتی کو فوری طرح بند نہیں کیا گیا تووہ سڑکوں پر آئیں گے۔کشتواڑ کے مکینوں کا کہنا ہے کہ ماہ رمضان میں لوگوں کو بغیر خلل کے بجلی کی ضرورت ہوتی ہے خصوصاً سحری اور افطار کے موقعہ پر لیکن محکمہ بجلی نے بغیر اعلان کے کٹوتی جاری رکھی ہے جسکی وجہ سے عام لوگوں کو کافی پریشانیاں ہوتی ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق افطار کے وقت علاقہ میں بجلی نہیں ہوتی ہے اور الزام لگایا ہے کہ انہیں دن میں15گھنٹے بجلی کٹوتی کا سامناکرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نمازیوں کو بھی مساجد میں بجلی کٹوتی سے کافی پریشانیاں ہوتی ہیں۔ایک مقامی شخض عامر امین کے مطابق بغیر شیڈول کئی گھنٹوں کی کٹوتی سے ہماری زندگی مصیبت بن گئی ہے۔اس نے کہا کہ اگر بجلی کا یہی صورتحال رہا تو ہمیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔مقامی لوگوں نے حُکام پر الزام لگایا ہے کہ وہ ماہ رمضان کے دوران بغیر خلل کے بجلی فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔جبکہ کئی لوگوں کا الزام ہے کہ محکمہ چھپُا چھُپی کھیل رہی ہے۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ ماہ رمضان کے دوران بغیر کٹوتی بجلی فراہم کی جائے۔