تھنہ منڈی رائفل چوری کا معاملہ
راجوری پونچھ میں الرٹ جاری
سمت بھارگو
راجوری//گزشتہ روز تھنہ منڈی میں رائفل چوری ہونے کے واقعہ کے بعد سیکورٹی فورسز کی طرف سے راجوری اور پونچھ میں الرٹ جاری کیاگیاہے جبکہ انٹیلی جنس ایجنسیوں میں مستقبل میں اس طرح کے مزید واقعات رونما ہونے کا اندیشہ ظاہر کیاہے۔ذرائع نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ روز کے واقعہ کا اعلیٰ حکام نے سنجیدہ نوٹس لیاہے۔ذرائع کاکہناہے کہ حالانکہ یہ ہتھیار برآمد بھی ہوگیا تاہم چوری ہونا لاپرواہی کا نتیجہ ہے۔ذرائع کاکہناہے کہ یہ واقعہ شاہدرہ شریف میں تعینات اہلکاروں کی لاپرواہی کی وجہ سے پیش آیاہے جو کسی ایک بھی اہلکارکو حفاظت پرمامور رکھنے کے بغیر عبادت کیلئے چلے گئے۔دریں اثناذرائع نے بتایاکہ انٹیلی جنس ایجنسیوں کی طرف سے اس سلسلے میں الرٹ جاری کی گئی ہے اور سیکورٹی فورسز سے مستعد رہنے کو کہاگیاہے۔انٹیلی جنس ذرائع نے بتایاکہ گزشتہ روز کا واقعہ صاف ظاہر کرتاہے کہ کچھ نوجوان عسکریت پسندوں کی صفوں میں شامل ہونے کیلئے تیار ہیں۔ذرائع کاکہناہے کہ یہ واقعہ راجوری پونچھ کیلئے چشم کشاہے اوراس سے یہ پتہ بھی چلتاہے کہ اسے ایک منصوبہ بندطریقہ سے انجام دیاگیاہے۔انٹیلی جنس ذرائع نے اس بات کا اندیشہ ظاہر کیاکہ اس طرح کے واقعات مستقبل میں بھی رونماہوسکتے ہیں۔ذرائع کاکہناہے کہ ایک دوتعداد میں تعینات پولیس اہلکار نشانہ رہ سکتے ہیں اس لئے ضروری ہے کہ اہلکارمستعدی سے کام لیں۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز شاہدرہ شریف زیارت پولیس چوکی پر تعینات اہلکاروں کی ایک رائفل اور میگزین چوری ہوگئی جس کے بعد یہ ہتھیار تھنہ منڈی میں ایک ناکہ کے دوران ملے اور پولیس نے شوپیاں سے تعلق رکھنے والے حزب المجاہدین کے دو عسکریت پسندوں کی گرفتاری کا دعویٰ کیاہے۔
تیل خاکی فراہم نہ ہونے پر لوگ برہم
طارق شال
تھنہ منڈی //تھنہ منڈی کے لوگوں نے تیل خاکی کی عدم دستیابی پر محکمہ امورصارفین پربرہمی کا اظہار کیاہے۔بلاک تھنہ منڈی کیعوام نے کہا کہ محکمہ امورصارفین و عوامی تقسیم کاری راجوری نے ماہ صیام میں تیل خاکی تقسیم نہ کیا ہے جسکی وجہ سے عوام کو سحری اور افطاری کے اوقات میں کافی مشکلات کاسامناہے۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ تھنہ منڈی کے بالائی علاقوں میں رہنے والی آبادی چھ ماہ کے لئے ڈھوکوں میں مقیم رہتی ہے جس کے پاس رات کی تاریکی میں روشنی کا انتظام کرنے کیلئے سوائے تیل خاکی کے کوئی دوسرا ذریعہ نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ نیعوام کو تیل فراہم نہ کر کے نا انصافی کی ہے۔
الجعیۃ کے زیر اہتمام ضلع ہسپتال میں افطار پارٹی
حسین محتشم
پونچھ//الجمعۃ الاِسلامیۃ الخیریۃ پونچھ کے شعبہ خیرات کے زیر انتظام ضلع پونچھ کے مرکزی ہسپتال کے داخلی احاطے میں روزے داران کے لیے افطاری کا اہتمام کیا گیا جس میں سینکڑوں افراد نے روزہ افطار کیا۔ شعبہ نشرواشاعت جمعیت کے ایک رکن نے اس حوالے سے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ان کی تنظیم پورے ملک میں ان لوگوں کی معاونت کرتی ہے جو یتیم ، لاچار ہیں اور جن کا کوئی پرسان حال نہیں۔انہوں نے کیا کہ حافظ شہزاد انوری کی قیادت میںیہ تنظیم پورے ملک میں ان لوگوں کی بھی امداد کرتی ہے جو کسی آسمانی آفت کا شکار ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیونکہ سرحدی ضلع پونچھ ایک دور دراز اور پچھڑ اعلاقہ ہے اوریہاں سہولیات کی کمی ہے اس لئے اس ضلع میں کام کرنے کیلئے بہت کچھ ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع ہسپتال پونچھ میں زیر علاج درجنو ں مریضوں کے ساتھ سینکڑوں لوگ آتے ہیں جو روزے سے ہوتے ہیں جن کو افطار کروایاگیا۔
نوجوان لڑکی کی پراسرار موت
بدھل//بدھل میں ایک نوجوان لڑکی کی پراسرا رطور پر موت ہوگئی ہے۔اس کی شناخت نسیم اختر کے طور پر ہوئی ہے جو بدھل کے ترگائیں علاقے کی رہنے والی تھی۔ذرائع نے بتایاکہ اس لڑکی کی حالت اچانک سے بگڑ گئی جس کے بعد اسے فوری طور پر آرمی کیمپ منتقل کیاگیاجہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔بعد ازآں قانونی لوازمات ادا کرکے نعش کو لواحقین کے حوالے کیاگیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں تحقیقات شروع کردی ہیں تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکاہے کہ موت کس وجہ سے ہوئی تھی البتہ یہ واقعہ زہر خوردنی کا لگتاہے۔
اینٹ بٹوں سے آلودگی
ڈھانگری کے لوگ حکام پر برہم
راجوری//راجوری کے ڈھانگری علاقے کے لوگوں نے پولوشن کنٹرول بورڈ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ان کے علاقے میں چل رہے اینٹ بٹوں سے بڑے پیمانے پر آلودگی پھیل رہی ہے۔مقامی شہری ہریش بھارتی نے کہاکہ ان کے آبائی علاقے کو پوری طرح سے تباہ کردیاگیاہے کیونکہ اینٹ بٹے چلائے جارہے ہیں جن سے بڑے پیمانے پر آلودگی پھیل رہی ہے۔ان کاکہناہے کہ مقامی لوگوں کی طرف سے کئی بار اعتراضات ظاہر کئے جانے کے باوجود ضلع پولوشن کنٹرول بورڈ کی طرف سے اس سلسلے میں کوئی اقدام نہیں کیاگیا اور سب کچھ دیکھنے کے باوجود غفلت کا مظاہرہ کیاجارہاہے۔انہوں نے انتظامیہ پر زور دیاکہ اس سلسلے میں مداخلت کرتے ہوئے انہیں دھوئیں سے نکلنے والی فضائی آلودگی سے نجات دلائی جائے۔انہوں نے کہاکہ ان اینٹ بٹوں کی وجہ سے پوٹھہ، سیالسوئی،پلمہ،بنڈی،دلہوڑی وغیرہ علاقوں کے پانچ ہزار سے زائد طلباکی صحت بگڑ رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ اینٹ بٹے علاقے کے وسط میں چلانا قوانین کی سراسر خلاف ورزی ہے۔دریں اثنامحکمہ صحت کی ایک ٹیم کو ڈھانگری روانہ کیاگیاجس نے مقامی لوگوں کو درپیش صحت کی مشکلات کا جائزہ لیا۔
مال مویشیوں کیلئے حفاظتی اقدام
گیارہ ٹیمیں ڈھوکوں میں تعینات
پونچھ//ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد کی ہدایت پر محکمہ اینمل و شیپ ہسبنڈری کی طرف سے مختلف ٹیموں کو تشکیل دے کر انہیں ڈھوکوں میں جاکر مویشیوں کی حفظان صحت کی ذمہ داری دی گئی ہے۔یہ ٹیمیں ایسے موسم میں تشکیل دی گئی ہیں جب بڑے تعداد میں لوگ مال مویشیوں کے ہمراہ نچلے علاقوں بالائی علاقوں یعنی ڈھوکوں میں منتقل ہوتے ہیں۔ٹیموں کی تشکیل سے قبل اسی ہفتے کے اوائل میں ڈپٹی کمشنر پونچھ کی قیادت میں منعقد ہوئی میٹنگ کے دوران انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔اس سلسلے میں گیارہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو تینتیس افسران پر مشتمل ہیں۔یہ ٹیمیں ڈھوکری،شین والی،گرجن،برانری،کمل منڈ،جبی طوطی،اندروالی،دھڑانوالی،وانسی،بیریبارہ،مولسر،کافر کٹھا،سری مستان،پیر گلی،گریز،ہل کاکا،نور پور،خون والی،چیباکٹھا،گمسر،جڈی،چھوٹی مرگ وغیرہ میں تعینات کی گئی ہیں۔ان ٹیموں کو مناسب مقدار میں دوائیوں فراہم کی گئی ہیں تاکہ خانہ بدوش لوگوں کی ڈھوکوں میں پہنچ کر مدد کی جاسکے۔ٹیموں کی نگرانی مستقل بنیاد پر اسسٹنٹ سرجن کریں گے۔
مدرسہ اسلامیہ تعلیم القرآن میں تقریب
تھنہ منڈی //مدرسہ اسلامیہ تعلیم القرآن پرانہ تھنہ منڈی میں شب قدر کی مناسبت سے نماز تراویح کے بعد ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں مدرسہ کے بچوں نے رنگا رنگ پروگرام پیش کئے۔ تقریب کے دوران مدرسہ کے قدیم طالبعلم حافظ محمد صدیق ولد محمد رفیق بٹ جو مدرسہ ہذا میں حفظ کرنے کے بعد فوج میں ملازمت کر رہے ہیں ، کو اپنے استاد حافظ عبدالمجید بانڈے کی طرف سے تحائف پیش کئے گئے جو مدرسہ کے مہتمم ماسٹر مختار احمد وانی وحافظ محمد صدیق نے حاصل کئے۔ مہتمم مدرسہ نے حافظ عبدالمجید بانڈے کو کامیاب استاد قرار دیا اور انیہں مبارکباد پیش کی۔اس موقعہ پر محمد اقبال ملک، نصیر احمد ملک، بشیر خان،عبدالمجید بٹ، محمد اسلم گنائی، محمد رفیق ملک ،تبویر ملک،ممتاز خان، محمد امین ٹھکر، کالا خان،عبدالرئوف قریشی اور فوجی طالب حسین چوہدری بھی موجود تھے۔
احتجاجی ملازمین کے مطالبات پورے کرنے پر زور
جاوید اقبال
مینڈھر//آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ممبر و ریاستی سکریٹری پروین سرور خان نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ وہ ایس ایس اے اساتذہ کے مطالبات پورے کرنے میں ناکام ہوگئی ہے اور انہیں سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیلئے مجبور کیاگیاہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ خواتین بھی سڑکوں پر آ کر کئی مہینوں سے احتجاج کر رہی ہیں اور انہیں تنخواہیں نہیں دی جارہی۔انہوں نے کہاکہ حکومت کمیٹیاں تشکیل دینے کے بجائے ایس ایس اے اساتذہ کے مسائل حل کرے اور ان کے جائز مطالبات پورے کئے جائیں۔ان کاکہناتھاکہ صرف اساتذہ ہی نہیں بلکہ آنگن واڑی ورکرز و ہیلپرز اور دیگر ملازمین بھی سراپا احتجاج ہیں مگر حکومت کو ٹس سے مس نہیں ہورہا اور اس کے سامنے جیسے یہ کوئی مسئلہ ہی نہیں۔انہوں نے کہاکہ شرم کی بات ہے کہ مائیں بہنیں سڑکوں پر نکل کر احتجاج کررہی ہیں اور سرکار خاموشی سے تماشائی کا رول ادا کررہی ہے۔