مختلف زبانوں میں بیسٹ بُک ایوارڈ
کلچرل اکادمی نے ادباء کے ناموں کااعلان کیا
جموں//جموں وکشمیراکیڈمی آف آرٹ کلچراینڈلنگویجز (جے کے اے اے سی ایل ) نے مختلف زبانوں میں بیسٹ بُک ایوارڈ۔2016 جوکہ ایک لاکھ روپے ،ایک توصیفی سند،ایک مومنٹو،شال پرمشتمل کااعلان کیاہے۔یہ اعلان سیکریٹری جموں کشمیراکیڈمی آف آرٹ کلچراینڈلنگویجز ڈاکٹرعزیزحاجنی نے ججزکی تجاویزکے بعد صدراکیڈمی (وزیراعلیٰ ) کی منظوری ملنے پرکیا۔اس سلسلے میں انعام حاصل کرنے والوں کے ناموں کااعلان کرتے ہوئے عزیزحاجنی نے کہاکہ ڈوگری زبان میں بیسٹ بُک کاایوارڈ پورن چندبڑگوترہ کوشبدشبدسرمتھ ،کشمیرمیں مکھن لال پنڈتااورستیش ومل کوبالترتیب سز بونن ہنداورسیاہ وارکیلئے، اُردومیں ہمدم کاشمیری کو ورق صدا ،پہاڑی میں عبدالرشیدی کولکھتاں پیاردیاں ، گوجری میں تاج الدین تاج کوخواب سلونا ،لداخی میں خانپو کونچک ،تھپسن میں دتون جون نوئی گلریان ،پنجابی میں دویندروشواناگرک کوشبدشبدزندگی کیلئے،ہندی میں سنجیوبھسین کوکب صبح ہوگی اورشینہ میں احمدجوان کوبیزوں کیلئے بیسٹ بُک ایوارڈکیلئے منتخب کیاگیاہے۔قابل ذکرہے کہ بیسٹ بُک ایوارڈ 2016 کے انتخاب کیلئے نیشنل اکادمی آف لیٹرس(ساہتیہ اکادمی نئی دہلی ) کی طرزپر اپنایاگیاہے۔ڈاکٹرعزیزحاجنی نے کہاکہ 2016سال کے بعدسے بیسٹ بُک ایوارڈ ساہتیہ اکادمی نئی دہلی کی طرزپردیاجاناطے پایاہے جوایک لاکھ روپے ،مین ایوارڈجبکہ ترجمے کیلے 50ہزارروپے رکھاگیاہے۔حاجنی نے ایوارڈکیلئے نامزدادباء کومبارکبادپیش کی ہے۔
جنگ تباہی کاضامن، امن ہی خوشحالی کا واحد راستہ: بھیم سنگھ
جموں//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی ، عالمی امن کونسل(ہندستان)کے چیرمین اور سپریم کورٹ کے سینئر وکیل پروفیسر بھیم سنگھ نے امن و سکون کے ساتھ رہنے کے لئے دنیا سے تخفیف اسلحہ کی اپیل کی ہے کیونکہ تاریخ شاہد ہے کہ جنگ سے کبھی کسی کا بھلا نہیں ہوا۔ خونی جنگ سے صرف نفرت میں ہی اضافہ ہوتا ہے نیز موت اور تباہی ہی پھیلتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کو بندوق کا استعمال بند کرنا چاہئے اور یہ سمجھنا چاہئے کہ مشرق ہو یا مغرب نیوکلیائی اسلحہ سے صرف عارضی عظمت حاصل کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کو پوری دنیا کے لئے پرامن ہم آہنگی کے پیغام کو آگے بڑھانا چاہئے جس سے آئندہ نسل پرامن طریقہ سے خوشحال زندگی گزار سکے۔انہوں نے کہا کہ دونوں پڑوسی ممالک ہندستان اور پاکستان کے سرحدی علاقوں اور کنٹرول لائن پر کشیدگی افسوسناک اور ناقابل قبول ہے جس سے وہاں رہنے والے مقامی لوگوں کو پریشانیوں اور تباہ کاری کاسامنا کرنا پڑرہا ہے۔ دونوں ممالک کو ،جو 1947سے پہلے ایک ہی ملک تھے ، تاریخ سے سبق لینا چاہئے کہ جنگ سے کسی کا کبھی فائدہ نہیں ہوا اور نہ ہی ہوگا۔پنتھرس سربراہ بھیم سنگھ نے جنہوں نے لندن سے قانون میںپوسٹ گریجوئیشن کی ہے ، اقوام متحدہ کے اراکین سے اس امیداور اعتماد کے ساتھ اپیل کی ہے کہ وہ عالمی امن کے فروغ کے لئے ملک کر کام کریں گے۔انہوں نے کہاکہ نیوکلیائی بم سے ہونے والی تباہ کاری کو ناگاساکی اور ہیروشمیا نے جھیلا ہے جہاں اس سے صرف موت اور تباہی ہی پھیلی ہے اور آج تک اس کے مضر اثرات وہاں کے لوگ جھیل رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آج نام نہاد بڑے ممالک یا ان کے ایجنٹو ں کے پاس پانچ ہزار گنا نیوکلیائی ہتھیار ہیں جن سے سبب پوری دنیا کے امن کو خطرہ لاحق ہے۔انہوں نے کہاکہ پڑوسی ممالک کے درمیان امن ہی خوشحالی کا واحدراستہ ہے جس کے فروغ کے لئے پوری دنیا کو مل جل کر کام کرنا چاہئے۔
راجیو جسروٹیہ نے امرناتھ یاترا انتظامات کا جائزہ لیا
سرینگر/ جنگلات و ماحولیات کے وزیر راجیو جسروٹیہ نے سالانہ شری امرناتھ یاترا کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیا۔وزیرموصوف نے سونہ مرگ کلب میں افسروں کی ایک میٹنگ کے دوران جائزہ لیا او ربعد میں بال تل میںیاتریوں کے لئے ایک اسسٹنس کیمپ کا افتتاح کیا ۔میٹنگ میں مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔جسروٹیہ نے کئے جارہے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یاترا کے دوران ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کی طرف خصوصی توجہ دی جانی چاہئیں۔سی ای او ایس ڈی اے نے جانکاری دی کہ پہلے مرحلے میں پانچ سو اینمل ڈائپرس کا انتظامات کیا گیا ہے تاکہ پشو ئوں کی طرف سے آلودگی نہ پھیلائی جائیں۔وزیر نے یاترا کی نظامت کے ساتھ جڑے مختلف محکموں کے افسروں پر زور دیا کہ وہ یاتریوں کی سہولیت کے لئے ہرممکن انتظامات کو حتمی شکل دیں۔انہوںنے خاص طور سے طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا ۔بعدمیں وزیر نے بال تل بنیادی کیمپ کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوںنے وہاں فارسٹ اسسٹنس کیمپ کا بھی افتتاح کیا۔
ست شرما گورنر سے ملاقی
ماسٹر پلان و دیگر قوانین پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت
سرینگر/مکانات و شہر ی ترقی کے وزیر ست پال شرما نے یہاں گورنر این این ووہرا کے ساتھ راج بھون میں ملاقات کی۔وزیرنے گورنر کو ان کے ماتحت محکموں کے کام کاج اور چلائی جارہی مختلف سکیموں کے بارے میں جانکاری دی۔ گورنر نے ست شرما کو صلاح دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی قصبے اور شہر میں کام کی اجازت کے بغیر کوئی بھی تعمیراتی کام ہاتھ میںنہیں لیا جانا چاہیئے اور ماسٹر پلان و دیگر قوانین پر سختی سے عمل کی جانی چاہئیں تاکہ وادی اور ریاست کے دیگر علاقوں میں قدرتی خوبصورتی کو برقرار رکھا جاسکے۔گورنر نے جھیل ولر ،جھیل ڈل اور نگین جھیل کی بگڑتی حالت کا ذکر کرتے ہوئے وزیر پر زور دیا کہ وہ ان خوبصورت آبی ذخائر کو تحفظ دینے کے لئے لازمی اقدامات کریں۔گورنر نے شہر بلدیاتی اداروں کے انتخابات بلا کسی تاخیر کے منعقد کرنے کی ضرور ت پر زور دیا۔ انہوںنے کہاکہ میونسپلٹیوں کے انتخابات 14برس پہلے منعقد کئے گئے اور اب 13ویں اور 14ویں مالی کمیشن کے مراعات سے ہمیں محروم ہونا پڑ رہا ہے۔
جموں یونیورسٹی میں یوگاکیمپ کاافتتاح
جموں//ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس اینڈفزیکل ایجوکیشن جموں یونیورسٹی نے ایک ہفتہ تک چلنے والے یوگاکیمپ کااہتمام کیاجو14 سے 21جون تک چوتھے انٹرنیشنل یوگاڈے کے سلسلے میں منعقدکیاجارہاہے۔یوگاکیمپ کی افتتاحی تقریب میں پروفیسرکیشوشرما ،ڈین اکیڈمک افیئرس جموں یونیورسٹی اورمس رنجیتاجموال ، جوکہ کلاسیکل ہاتھ یوگاپریکٹیشنرہیں مہمان خصوصی تھے ۔اس دوران کثیرتعدادمیں شخصیات اورمعززشہریوں نے یوگاکیمپ میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسرشرمانے شرکاء سے کہاکہ وہ ایک ہفتے کے یوگاکیمپ سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اُٹھائیں۔اس موقعہ پر ڈاکٹردائوداقبال بابا ڈائریکٹرسپورٹس اینڈفزیکل ایجوکیشن جموں یونیورسٹی نے مہمانوں کااستقبال کیا۔انہوں نے کہاکہ یہ کیمپ 21جون تک متواترچلے گا۔اس دوران تقریب کی نظامت سنیل بوگلے نے کی اورسنجیوکمارریسورس پرسن تھے۔اس موقعہ پر لوچن سنگھ چب ، راج کماربخشی، رویش وید ،گگن کمار،ونے منہاس، پردیپ شرما،ایس ہرمیندرپال سنگھ، جے بھارت ،آشیش کپوراورایس ڈی ،پی ڈی سنگھ بھی موجودتھے۔
سماجی تنظیموں وٹریڈیونینوں سے حمایت کی اپیل
رہبرتعلیم ٹیچرس فورم کاعیدکویوم سیاہ کے طورمنانے کااعلان
جموں // جموں کشمیر رہبر تعلیم ٹیچرز فورم نے ریاست کی سماجی اور طلباء تنظیموں کے علاوہ ٹریڈ یونین لیڈران اور قانون بنانے والے اداروں کو اُن کی جدو جہد میں مدد کی اپیل کی ہے -یہاں جاری ایک پریس بیان کے مطابق فورم چیرمین فاروق احمد تانترے نے تمام ٹریڈ یونینوں ،طلباء اور سماجی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ سرکار کی طرف سے رہبر تعلیم اساتذہ کے ساتھ روا رکھے گئے سوتیلے سلوک کے خلاف ریاست کے ہزاروں رہبر تعلیم اساتذہ گذشتہ دو مہینوں کے زائد عرصے سے سراپا احتجاج ہیں – اْنہوں نے کہا کہ سرکار کی طرف سے رہبر تعلیم اساتذہ کو پانچ سالہ تسلی بخش نوکری کے بعد اس استاد کو سرکار نے ہی اپنے ایک حکم نامے کے تحت مستقل جنرل لائن استاد کا درجہ دیا ہے اور آج تک ریاستی ملازمین کو ملنے والی تمام مراعات انہیں بھی دی جا رہی ہیں – تانترے نے کہا ہے کہ سرکارآج سرکاری آرڈر کو ئی غلط قرار دے رہی ہے جو کہ شرم اور افسوس ناک عمل ہے – اْنہوں نے کہا کہ اچانک اساتذہ کو ساتویں پے کمیشن کی مراعات سے محروم رکھا جا رہا ہے اور ریاست کے اکتا لیس ہزار رہبر تعلیم اساتذہ کو ذہنی کوفت کا شکار بنایا گیا ہے – اْنہوں نے کہا کہ ریاست کے رہبر تعلیم اساتذہ عید الفطر کے نماز عید ایک ساتھ پرتاب پارک میں ادا کریں گے اور احتجاج کے طور پر اس عید کو بلیک ڈے کے طور منائیں گے -اْنہوں نے تمام طلباء ،سماجی اور ٹریڈ یونین تنظیموں کو ان کے ساتھ نماز عید پڑھنے کی دعوت دینے کے ساتھ ساتھ اس جدوجہد میں اْن کا ساتھ دینے کی اپیل کی ہے ۔
مانو آئی ٹی آئی میں داخلوں کا آغاز
حیدرآباد//مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (آئی ٹی آئی) ، حیدرآباد میں داخلوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ ڈاکٹر عرشیہ اعظم، پرنسپل آئی ٹی آئی کے بموجب ڈرافٹسمین سیول، ریفریجریشن اینڈ ایئر کنڈیشننگ، الیکٹریکل، الیکٹرانک میکانک اور پلمبنگ جیسے روزگار پر مبنی کورسز میں داخلے کے لیے درخواست فارمس مانو آئی ٹی آئی حیدرآباد، یونیورسٹی کیمپس، گچی باؤلی، حیدرآباد سے مفت حاصل کیے جاسکتے ہیں یا ویب سائٹ www.manuu.ac.in سے بھی ڈاؤن لوڈ کیے جاسکتے ہیں۔پُر کردہ درخواست فارم مانو آئی ٹی آئی حیدرآبادمیں جمع کرنے کی آخری تاریخ 30؍ جون 2018 ہے۔ تمام درخواست گذاروں کا 10 ویں جماعت میں اردو کا بطور مضمون؍زبان؍میڈیم کے ساتھ کامیاب ہونا لازمی ہے۔تمام ٹریڈس پروگرامس کا ذریعہ تعلیم اردو ہے۔ داخلہ میرٹ کی بنیاد پرہوگا۔ مذکورہ تمام پروگرامس کے لیے کوئی فیس نہیںلی جائے گی۔ البتہ ایک قابل واپسی احتیاطی رقم 60/- روپئے داخلہ کے وقت ادا کرنی ہوگا۔ حکومت ہند کے قواعد کے مطابق ریزرویشن پالیسی کا اطلاق ہوگا۔ مزید تفصیلات دفتر آئی ٹی آئی، مانو کیمپس سے فون نمبر : 040-23008413-14 یا ویب سائٹ سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔
سدھ مہادیومیلہ
دھرمارتھ ٹرسٹ انتظامیہ نے انتظامات کاجائزہ لیا
جموں//جموں کشمیردھرمارتھ ٹرسٹ کی انتظامیہ نے تاریخی سدھ مہادیومندرکادورہ کرکے 27جون سے شروع ہونے والے سدھ مہادیومیلے کے انتظامات کاجائزہ لیا۔ دھرمارتھ ٹرسٹ کونسل کے صدربی آرکنڈل نے دورے کے بعدجاری پریس بیان میں کہاکہ انتظامیہ کمیٹی نے عقیدت مندوں کیلئے کیے جارہے انتظامات کاجائزہ لیا تاکہ تین روزہ سدھ مہادیومیلے کے دوران قدیم مندرمیں آنے والے شردھائوں کوکسی قسم کی پریشانی کاسامنانہ کرناپڑے۔کنڈل نے کہاکہ ٹرسٹ اہلکاران اورمعززشہریوں کے ساتھ میٹنگ منعقدکرکے انتظامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ میلے کی توجہ کامرکز ’شیوردری ‘‘کے درشن ہوں گے ۔
وائس چیئرمین کسان بورڈ کاسرحدی علاقوں کادورہ مکمل
جموں//وائس چیئرمین جموں کشمیرسٹیٹ ایڈوائزری بورڈ فار ڈیولپمنٹ آف کسان دلجیت سنگھ چب نے سرحدی دیہات کادوروزہ دورہ مکمل کرلیاہے۔اپنے دورے کے دوران دلجیت سنگھ چب نے پرگوال،این ایس پور، چھنی،نجوال، چھباچک، بھلوال پارتھا ،ٹکوال وغیرہ کادورہ کرکے گولہ باری سے متاثرہ لوگوں کے ساتھ بات چیت کی اورنقصانات کاجائزہ لیا۔ اس دوران تحصیلدارپرگوال،ایس ڈی اے اواکھنورودیگرمتعلقہ آفیسران بھی وائس چیئرمین کے ہمراہ تھے۔وائس چیئرمین نے حالات کاجائزہ لینے کے بعدمتعلقہ آفیسران کوجانوروں کاعلاج کرنے، نقصانات کامعاوضہ دینے کیلئے ٹھو س اقدامات اٹھانے کی ہدایات دیں۔ دورے کے دوران دلجیت سنگھ چب نے رتن لال بھگت ،ساکن بیلہ جواناپرگوال کی رہائش گاہ پرقیام کیا۔اس دوران معززشہری شمشیرسنگھ ،سرپنچ بھوپندرسنگھ، رمیش کھجوریہ،کشمیرسنگھ،یش پال ، پریتم سنگھ ودیگران بھی موجودتھے۔
ہوٹل کے کمرے میں نوجوان لٹکاہواپایاگیا
جموں//ریاسی ضلع کے ایک گیسٹ ہائوس کے کمرے میں ایک لڑکے کولٹکاہواپایاگیا۔پولیس ذرائع کے مطابق لڑکے کی شناخت کش شرما ساکن پونی بارکھ کے طورپرکی گئی ہے جوکرشناگلی کٹرہ کے گیسٹ ہائوس میں مردہ پایاگیا۔پولیس نے لڑکے کوپراسرارحالت میں پایا گیاجس کے بعدسیکشن 174 آف سی آرپی سی کے تحت معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔