کدھ میں گرمت سماگم کاانعقاد
ادہم پور//مہنت منجیت سنگھ ڈیرہ سنت ننگالی صاحب اوربابالکھاسنگھ ،ڈیرہ نانک سرکیرالہ کی زیرنگرانی کدھ گورودوارہ پربندک کمیٹی نے گرمت سماگم کاانعقادکیا۔اس دوران مہنت منجیت سنگھ نے دنیامیں امن وآشتی اوربھائی چارے وخوشحالی کیلئے عقیدت مندوں سے عظیم گروکے نقش قدم پرچلنے کی تلقین کی۔انہوں نے برادری کے لوگوں سے شری گورونانک دیوکی بتائے ہوئے راستے کواپنانے پرزوردیا۔اپنے پانچ روزہ دورہ کے دوران بابالکھاجی نے کدھ کے مختلف علاقوں کادورہ کیااورانسانیت اوروحدانیت کے پیغام کوسماج میں عام کیا۔ اس کے علاوہ گرمت سماگم کدھ گرودوارہ میں خطاب کرتے ہوئے بابالکھاسنگھ نے سنگت سے خطاب کیا۔انہوں نے کہاکہ لوگوں سے اپیل کی کہ وہ انسانیت اورگرومت کے راستے پرچلیں۔اس دوران ایڈوکیٹ امریک سنگھ صدرآل پی اوجے کے انٹلیکچول فورم نے سکھ برادری کی قربانیوں اورگوروصاحب کی انسانیت کی بقاء کیلئے تعلیمات پرخیالات کااظہارکیا۔اس کے علاوہ جموں وکشمیرمیں سکھ برادری کی مانگوں کواُجاگرکیا۔پروگرام کوسرجیت سنگھ، ایڈوکیٹ امریک سنگھ ،رمنیک سنگھ کے تعاون سے منعقدکیاگیاتھا۔
اردو یونیورسٹی میں مسلم اقلیتی اعلیٰ تعلیمی اداروں کے لیے اورینٹیشن پروگرام
حیدرآباد// مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی ، مرکز برائے فروغ انسانی وسائل اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن پلاننگ اینڈ ایڈمنسٹریشن (نیپا)، نئی دہلی کے زیر اہتمام انتظامی قیادت کے موضوع پر دسویں سالانہ اورینٹیشن پروگرام کا انعقاد 2؍ جولائی سے انعقاد عمل میں آرہا ہے۔ اس پروگرام کا اہتمام مسلم اقلیتوں کے زیر انتظام اعلیٰ تعلیمی اداروں کے سربراہان کے لیے کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر تحسین بلگرامی، پروگرام کو آرڈینیٹر کے بموجب اس پروگرام کا افتتاحی اجلاس 2؍ جولائی کو 2:15 بجے دن یونیورسٹی کے مرکز برائے فروغ انسانی وسائل ، مانو کیمپس میں ہوگا۔ ڈاکٹر محمد اسلم پرویز، وائس چانسلر مہمانِ خصوصی ہوں گے۔ ڈاکٹر ایم اے سکندر، رجسٹرار صدارت کریں گے۔ پروفیسر نجمہ اختر صدر شعبۂ تربیت و فروغ تعلیمی صلاحیت ، نیپا؛ پروگرام کی ڈائرکٹر ہیں۔ ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے مسلم اقلیتی تعلیمی اداروں کے ذمہ دار شرکت کریں گے۔
مانو میں نان ٹیچنگ ایسوسی ایشن کی جانب سے تقریب
حیدرآباد//مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ایمپلائز ویلفیئر اسوسئیشن (میوا) کی جانب سے آج یونیورسٹی گیسٹ ہائوز میں عید ملاپ کا اہتمام کیا گیا۔ ڈاکٹر ایم اے سکندر ، رجسٹرار نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انتظامیہ کی طرف سے اسٹاف کو عید الفطر کی مبارکباد دی اور کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ ملازمین کی ضروریات اور تقاضوں کے تئیں ہمدردی رکھتا ہے۔ جناب شیخ نوید، صدر میوا نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ میوا کے عہدیداران مسرز بی بکشاپتی، وجیہہ الشمس، دھرم جیت کمار، رزاق شریف، سید یوسف رضوی، ایم اے نواز، محمد عارف، سید غوث، خواجہ مختار احمد نے انتظامات میں حصہ لیا۔ اس موقع پر تمام اسٹاف کی ظہرانے سے تواضع کی گئی۔
اردو یونیورسٹی کے فیکلٹی رکن محمد انیس کی ترکی روانگی
حیدرآباد// مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی کے شعبۂ سیاسیات کے گیسٹ فیکلٹی محمد انیس جو نظامت فاصلاتی تعلیم سے وابستہ ہیں استنبول (ترکی) میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی گریجویٹ سمینار میں شرکت کے لیے ترکی روانہ ہو رہے ہیں جہاں وہ اپنا تحقیقی مقالہ پیش کریں گے۔ تحقیقی مقالہ کا عنوان اسلام اور جدیدیت، علامہ نورسی اور مولانا ابوالحسن علی ندویؒ کے تناظر میں ہے۔ ان کا علامہ نورسی کے موضوع پر سمینار کا اہتمام 2تا 6؍ جولائی استنبول فائونڈیشن فار سائنس اینڈ کلچر کر رہی ہے۔ ان کے متعدد مقالات شائع ہوچکے ہیں۔ اس موقع نظامت فاصلاتی تعلیم کے تمام اساتذہ اور اسٹاف نے ان کو مبارکباد پیش کی اور نیٹ تمنائوں کا اظہار کیا ہے۔
پروفیسربھیم سنگھ کاسانبہ اورکٹھوعہ کے علاقہ جات کادورہ
نوجوان پر انسانی حقوق و انصاف کیلئے لڑنے پرزوردیا
جموں//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ پنتھرس پارٹی کے سینئرلیڈروں کے ساتھ کٹھوعہ اور سامبا کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر پہنچے اور پارلیمنٹ سے جموں وکشمیر میں جمہوریت اور قانون کی حکمرانی یقینی بنانے کی مانگ کی جہاں کے لوگ ہندستانی آئین میں دیئے گئے بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔پروفیسر بھیم سنگھ نے یہاں کٹھوعہ/سامبا میں پنتھرس کارکنوں سے خطا ب کرتے ہوئے جموں وکشمیر میں رہنے والے ہندستانی شہریوں کو ، 1950 جب سے ہندستانی آئین نافذ ہوا ہے، انسانی حقوق سے محروم رکھے جانے پر دکھ کا اظہار کیاجبکہ مہاراجہ ہری سنگھ نے بھی کشمیر سے کنیا کماری تک کی دیگر 575ریاستوں کے ساتھ یکساں الحاق نامہ پر دستخط کئے تھے۔پروفیسر بھیم سنگھ نے پاکستان کی سرحد پر واقع کٹھوعہ اور سامبا میں نوجوانوں اور میڈیا سے کہا کہ جموں وکشمیر ، جس میں تین خطے لداخ، جموں پردیش اور کشمیر شامل ہیں، کے لوگ ہندستانی آئین میں دیئے گئے بنیادی حقوق سے محروم ہیں اور اس ریاست کو قومی پرچم بھی نہیں دیا گیا ہے۔پروفیسربھیم سنگھ نے پنتھرس پارٹی کی اسمبلی تحلیل کرنے اور حد بندی کمیشن قائم کئے جانے کی مانگ کو جائز قرار دیا جس سے خواتین کو اسمبلی میں 33 فیصد حصہ داری مل سکے اور گجر ۔بکروال ااور گدی سمیت دیگر قبائلیوں کو بھی اسمبلی میں ان کا جائز حصہ مل سکے۔انہوں نے حریت کانفرنس سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے آئندہ اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کی بھی اپیل کی جس سے تما م لوگ مل کر جموں وکشمیر میں قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کے لئے جدوجہد کرسکیں۔انہو ں نے امید ظاہر کی حکومت ہند جموں وکشمیر کے لوگوں کی حد بندی کمیشن قائم کرنے کی مانگ کو قبول کرے گی جس سے وادی کشمیر اور جموں پردیش کو علیحدہ علیحدہ ریاست کے طورپر ترقی کرنے موقع مل سکے جبکہ لداخ کے لوگوں کو اس بات کا حق دیا جائے کہ وہ چاہیں تو کشمیر کے ساتھ جاسکتے ہیں یا پھر جمو ں پردیش کے ساتھ۔پروفیسر بھیم سنگھ کے ساتھ گئی ٹیم میں محترمہ انیتا ٹھاکر، مشر شیو چرن سامبیال، مسٹر روبن شرما، مسٹر راجیشور سنگھ، مسٹر اجیت سنگھ،غلام احمد میر، مسٹر وجے کمار اور دیگر شامل تھے۔
سیاحوں کوریاست کی متنوع ثقافت سے آگاہی فراہم کرنے کے مقصدسے
محکمہ سیاحت ہرٹی ڈی اے میں 15جولائی سے ایوننگ پروگرام منعقدکرے گا
یوگیش سگوترہ
جموں//سیاحتی سیزن کوپیش نظررکھتے ہوئے محکمہ سیاحت ٹوریسٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ٹی ڈی اے ) میں ریاست کی ثقافت کوظاہرکرنے کے مقصد سے 15جولائی سے شام کوکلچرل پروگرام منعقدکرنے جارہاہے۔اس سلسلے میں محکمہ سیاحت کے ذرائع کاکہناہے کہ کلچرل ایوننگ منعقدکرنے کامقصد سیاحوں کوجموں وکشمیرکے متنوع ثقافت کے بارے میں جانکاری دینااوراسے دکھاناہے جس میں تمام طرح کے روایتی ڈانس اورموسیقی کوسیاحوں سے مستفیدکیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ محکمہ سیاحت ،محکمہ کلچرکے ساتھ مل کر ریاست کی اصل تصویرپیش کرے گا۔انہوں نے کہاکہ شام کی سرگرمیاں سیاحوں کوٹورسٹ ریزارٹوں میں ایک دن مزیدرکنے کیلئے باعث بنیں گی۔سیکریٹری برائے محکمہ سیاحت رگزن سمفیل نے کشمیرعظمیٰ کوبتایاکہ پروگراموں کوحتمی شکل اسسٹنٹ ڈائریکٹراورٹورسٹ آفیسران دیں گے ۔اس سلسلے میں 7جولائی سے پروگراموں کاکلینڈرمتعلقہ ڈائریکٹروں کے پاس جمع کرایاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ ایوننگ کلچرل پروگرام 15 جولائی سے ہرٹی ڈی اے میںجموں اورسرینگردونوں ڈائریکٹروں کی نگرانی میں منعقدہوں گے ۔
ڈاکٹرسنیل گپتاکی سبکدوشی کے سلسلے میں تقریب
جموں//ڈاکٹرسنیل گپتا ،پروفیسراینڈہیڈ ،سرجری گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کی سبکدوشی کے سلسلے میں جی ایم سی کے کمیٹی حال میں الوداعی تقریب کااہتمام کیا۔اس دوران تقریب میں پرنسپل جی ایم سی ،جموں ،فیکلٹی ممبران ،میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ودیگرافسران واہلکاران بھی موجودتھے۔اس موقعہ پر پرنسپل جی ایم سی نے ڈاکٹرسنیل گپتاکی ادارہ کیلئے خدمات کوسراہااورانہیں سبکدوشی کے بعدکی زندگی کیلئے نیک توقعات اورتندرستی صحت کیلئے نیک تمنائیں دیں۔اس دوران ڈاکٹرنصیب چندڈگرہ،پروفیسرسرجری ڈیپارٹمنٹ کوہیڈڈیپارٹمنٹ آف سرجری کی ذمہ داری تفویض کی گئی۔
ڈپٹی کمشنرسانبہ نے عوامی مسائل ازالہ کیمپ منعقدکیا
جموں//ضلع ترقیاتی کمشنرسانبہ راجندرسنگھ تارانے نندپورہ میں ایک پبلک میٹنگ کاانعقادکیا۔اس دوران ڈی ڈی سی نے نندپورنشین رفیوجی (1965اور1971) کے 30کنبوں میں 1.65کروڑ روپے معاوضہ کے طورپرتقسیم کئے۔اس دوران لوگوں نے اپنے مسائل بھی ڈی ڈی سی کوبتائے اوران کے ازالہ کیلئے ڈی سی نے متعلقہ حکام کوہدایات دیں ۔علاوہ ازیں ڈی ڈی سی نے پی ایچ سی نندپورکادورہ کرکے اس کے کام کاج کابھی جائزہ لیا۔انہوں نے فیلڈعملہ کوہدایت دی کہ لوگوں کوبہترسہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔اس دوران اے سی آرسانبہ وسیم راجہ، تحصیلداررام گڑھ،تحصیلدارہیڈکوارٹر کے علاوہ مختلف محکموں کے افسران اورمعززشہری بھی موجودتھے۔
رہبر تعلیم اساتذہ سے پریشان نہ ہونے کی اپیل
فورم نے ایک ماہ وقت دیا ، مسائل حل نہ ہونے پر دوبارہ احتجاج کا انتباہ
جموں /سرینگر // جموں کشمیر رہبرتعلیم ٹیچرز فورم نے ریاست کے رہبر تعلیم اساتذہ سے اپیل کی ہے کہ اْنہیں ساتویں پے کمیشن اور تنخواہوں کی ڈی لنکنگ کے حوالے سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہاں جاری ایک پریس بیان میں فورم کے ریاستی چیئرمین فاروق احمد تانترے نے کہا ہے کہ جموں کشمیر رہبر تعلیم ٹیچرز فورم ریاست کے رہبر تعلیم استاد کی نمائندہ تنظیم ہے اور وہ اساتذہ کے حقوق کی حصولیابی کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ فورم نے سرکار کو یہ معاملات حل کر نے کے لئے ایک ماہ کا وقت دیا ہے جو پندرہ جولائی کو پورا ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ انہیں اْمید ہے کہ گورنر کی قیادت میں ریاست کی سرکار ریاست کے اکتا لیس ہزار اساتذہ کی ساتویں پے کمیشن کو لاگو کر نے کے علاوہ ڈی لنکنگ کے مسئلے کو حل کرینگے۔ اْنہوں نے کہا ہے کہ اگر سرکار یہ معاملے مقررہ وقت کے اندر حل کرنے میں ناکام ہوئے تو فورم دوبارہ احتجاج کا راستہ اختیار کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے مستقل رہبر تعلیم اساتذہ کو چھٹے پے کمیشن کے علاوہ ریاست کے دیگر ملازمین کے برابر اب تک ہر مرعات دی گئی ہے لیکن اچانک ساتویں پے کمیشن کو لاگو نہ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے امید ہے کہ ریاست کے گونر اور ان کے ساتھ دیگر اعلیٰ عہداران اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر ینگے اور اساتذہ کو دوبارہ احتجاج کا رخ اختیار کر نے پر مجبور نہیں کرینگے ۔
سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے
ڈی سی ادہم پورنے انتظامات کوزیربحث لایا
ادہم پور//بارشوں کی وجہ سے پیداہوئی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ضلع ترقیاتی کمشنرنے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی کی میٹنگ منعقدکرکے تیاریوں کاجائزہ لیا۔اس دوران میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کرشن لال ،اے ایس پی فیصل قریشی، اے سی آرسبھاش ڈوگرہ، چیف پلاننگ آفیسراشوک کھجوریہ ،اسسٹنٹ کمشنرڈیولپمنٹ نورعالم ودیگرآفیسران موجودتھے۔میٹنگ میں مونسون سیزن میں پیداہونے والی ہرقسم کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مربوط منصوبے کوترتیب دیاگیا۔اس موقعہ پرڈی ڈی سی نے محکمہ جات پربین محکمہ جاتی تعاون کی تلقین کی۔ انہوں نے سب ڈویژن سطحوں پرمیٹنگیں منعقدکرنے کی بھی ہدایت دی اورہرطرح کی ایمرجنسی صورتحال کاسامناکرنے کیلئے متعلقہ ایجنسیوں کومشینری تیاررکھنے پرزوردیا۔
پولیس کی منشیات مخالف مہم
۔250نشہ آورکیپسول ضبط، سمگلرگرفتار
جموں//پولیس سٹیشن گنگیال نے منشیات مخالف مہم کوجاری رکھتے ہوئے ڈگیانہ کیمپ میں لگائے گئے ناکے پردوران تلاشی ایک شخص سے 250نشہ آورکیپسول برآمدکرکے اسے گرفتارکرلیا۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ ناکے پرایک پیدل شخص کومشتبہ حالات میں دیکھاتواس کی تلاشی کیلئے اسے روکاتواس نے موقعہ سے بھاگنے کی کوشش کی۔اس پرحرکت میںپولیس اہلکاروں نے بھاگنے والے شخص کوپکڑنے میں کامیابی حاصل کرلی۔دوران پوچھ تاچھ سمگلرکی شناخت پربھوجوت سنگھ عرف کالوولد مرحوم راجندرسنگھ ساکن دشمیش نگرڈگیانہ جموں کے طورپرہوئی ہے۔پولیس نے مذکورہ شخص سے 250نشہ آورکیپسول برآمدکرکے معاملہ درج کرلیاہے۔پولیس نے یہ کامیابی ایس آئی نائت علی ایس ایچ او گنگیال کی قیادت اورایس ڈی پی اوسائوتھ جموں محمدرفیق منہاس کی نگرانی میں حاصل کی۔