سابقہ رینج افسر عبد الرشید بٹ کا انتقال
بانہال کے کئی لیڈروں اور انجمنوں کا اظہار تعزیت
محمد تسکین
بانہال // ریٹائرڈ رینج افسر عبد الرشید بٹ ساکنہ ہولن بانہال گذشتہ شام دل کا دورہ کرنے کی وجہ سے رحلت کر گئے ہیں وہ 74 سال کے تھے ۔ انہیں جمعرات کی صبح ہولن میں سپرد خاک کیا گیا۔ ان کی موت پر کئی سیاسی اور سماجی جماعتوں نے اپنے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور لواحقین سے اپنی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ نیشنل کانفرنس لیڈر سجاد شاہین نے مرحوم عبد الرشید بٹ کی رحلت پر سخت رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم ایک نیک سیرت ، پنجگانہ نمازی اور حقوق اللہ اور حقوق العباد کے پابند انسان تھے۔ انہوں نے مرحوم کیلئے مغفرت کی دعا کی اور پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی دعا کی۔ سابقہ ڈائریکٹر فارسٹ پروٹیکشن فورسز اور سماجی کارکن لیاقت علی ڈار نے مرحوم عبد الرشید بٹ کو اپنے زمانے میں محکمہ جنگلات کا ایک بہترین اور قابل افسر قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرحوم نہایت ہی ملنسار اور ملازم اور عوام دوست انسان تھے۔ انہوں نے مرحوم کی کروٹ کروٹ جنت الفردوس کی اللہ رب العزت سے دعا کی ہے ۔پی ڈی پی لیڈر اور زونل صدر منیر احمد بٹ نے عبد الرشید بٹ کی رحلت پر اپنے رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم ایک زندگی دل اور شریف النفس شخصیت تھے اور انہوں نے تمام عمر غریبوں کی مدد اور فلاح کیلئے کسی کی نظروں میں آئے بغیر فلاحی کام انجام دیئے ہیں۔ انہوں نے مرحوم کیلئے مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبر و جمیل عطا کرنے کی رب العالمین سے دعاکی ہے۔ فارسٹ ایمپلائز فیڈریشن کے صدر محمد اشرف گیری نے مرحوم کو ایک ملازم دوست افسر قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے ہر وقت نچلے درجے کے ملازمین کی رفاقت کی ہے اور انکی مدد کیلئے ہر بار پیش پیش رہے ہیں اور مستقل ہونے تک غیر مستقل ملازمین کی مدد کی ہے – ٹیچرس ایسوسی ایشن بانہال اور سماجی تنظیم سوشل ویلفیئر ایسوسی ایشن نے انکی رحلت پر دکھ کا اظہار کیا ہے اور جنت میں ان کے اعلی درجے کی دعا کی ہے ۔
۔7 مویشی بازیاب، مویشی سمگلر گرفتار
زاہد ملک
ریاسی //جیوتی پورم پولیس نے مویشی سمگلروں کو گرفتار کرکے 07 مویشیوں کو بازیاب کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس بیان کے مطابق انچارج پولیس پوسٹ جیوتی پورم نے پولیس اہلکاروں کے ہمراہ جمعرات کے روز دوران گشت ایک ٹاٹا موبائیل زیر نمبر JK02AD-8909 کو سلال کے نزدیک روکنے کا اشارہ کیا، جو کہ ارناس سے آرہی تھی۔پولیس نے وہیکل میں03 افراد بشمول ڈرائیور کو پایا اور ابتدائی تحقیقات پرمبینہ ملزمان نے اپنے نام رنجیت سنگھ (ڈرائیور) ولد بھوری سنگھ ساکنہ کنتھن /کوڑی ، طالب حُسین ولد بشیر احمد ساکنہ لمسورا، عبدالرشید ولد یوسف ساکنہ بڈا بیان کئے ۔پولیس پارٹی کو وہیکل کی تلاشی کے بعد وہیکل میں سے07 سمگل کئے جا رہے مویشی برآمد ہوئے جن میں 04 بھینسیں اور 03 بچھڑے شامل تھے۔پولیس نے اس پر مبینہ ملزمان سے اجازت نامہ کے متعلق پوچھا تو وہ اجازت نامہ پیش کرنے میں ناکام رہے ۔ مذکورہ مبینہ ملزمان ان مویشیوں کو ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کرکے لے جا رہے تھے۔پولیس اسٹیشن ریاسی نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے ملزمان کو حراست میں لیا ہے۔
اکھڑال میں ڈگری کالج کا قیام
جے کے این پی پی کا ریاستی ہائی کورٹ کے تئیں اظہار تشکر
جموں //جے کے این پی پی نے اکھڑال میں ڈگری کالج کھولنے کے لئے ہدایات اجری رکنے پر ریاستی ہائی کورٹ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ پارٹی کی جانب سے جمعرات کے روز منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں پینتھرز ٹریڈ یونین کے جنرل سیکرٹری سیوا سنگھ بالی نے ہائی کورٹ اور پارٹی کے چیئرمین ہرش دیو سنگھ کا شکریہ ادا کیا ،جو کہ سرکار کے حُکم کو لاگو کرنے کے لئے دائر پٹشن میں وکیل ہیں،جنھوں نے ہائی کورٹ میں عرضداشت کی کہ اس کالج کو سیاسی مصلحتوں کے تحت نہیں کھولا گیا ہے جبکہ ریاست میں علان شدہ دیگر کالجوں کو پہلے ہی کھولا گیا ہے۔سیوا سنگھ بالی نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے اس مسلہ کو سنجیدگی کے ساتھ لیا اور اسے کھولنے کے لئے ہائی کورٹ کا رجوع کیا جہاں پر پارٹی کے چیئرمین ہرش دیو سنگھ نے اس کی موثر ڈھنگ سے پیروی کی ، جس میں ایڈکیٹ ولکاشن سنگھ بھی ہمراہ تھے۔پریس کنافرنس میں موجود دیگران میں پرتاپ سنگھ جموال، شنکر سنگھ چب، انیل رکوال، عبدالاحد وانی ،رنگیل سنگھ، عبدالرشید کٹوچ،ایڈوکیٹ کرنیل سنگھ بھی شامل تھے۔
کھوڑا خاندان کے ساتھ مختلف انجمنوں کا اظہار تعزیت
ڈوڈہ//گذشتہ دن نصیر احمد کھوڑا کے برادار اکبر خواجہ ریاض احمد کھوڑا کی جواں سال بیٹی مہوش ریاض کی بے وقت موت پر مختلف سیاسی ،سماجی،مذہبی انجمنوں کے ساتھ ساتھ سر کردہ شخصیات نے ریاض احمد کھوڑا ،نصیر احمد کھوڑا ،ڈاکٹر رحمت اللہ کھوڑا اور اسحاق احمد کھوڑا اور دیگر افراد خانہ کے ساتھ نہایت دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔متعدد شخصیات نے نے ان کے گھر جا کر تعزیت اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ریاست اور دیگر علاقوں سے بھجی تعزیاتی پیغامات آ رہے ہیں۔جن سرکردہ شخصیات نے تعزیت کا اظہار کیا ان میں خالد نجیب سہراوردی،پی ڈی پی لیڈر شہاب الحق بٹ ،سابق لیڈر غلام قادر وانی ،مرزا مظفر حسین بیگ،سابقہ ایم ایل سی محمد اقبال بٹ،منیر احمد گنائی ،سابقہ اوقاف اسلامیہ ایڈمنسٹریٹر آصف جہاں گتو،پروفیسر ظہیر عباس ہاشمی ،سرکردہ شاعر عرش صہبائی جموں و دیگران نے مر حومہ کے حق میں وفات دعائے مغفرت کی ہے۔
ترشول بھینٹ یاترا کے انتظامات کی حتمی شکل
عظمیٰ نیوز
ڈوڈہ //ضلع ترقیاتی کمشنر سمرن دیپ سنگھ کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پون کمار پریہار نے آنے والی ترشول بھینٹ یاترا کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے ایک اجلاس کا اہتما م کیا ۔یہ سالانہ یاترا 18جولائی2018کو ڈوڈہ سے چنوت مندر بھدرواہ کے لئے روانہ ہوگی ،جو کہ سالانہ مچیل یاترا کا بنیادی کیمپ ہے۔اے سی آر طارق حُسین نائیک، تحصیلدار غیاث الحق ،ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹرز افتخار احمد، اے آر ٹی او زُبیر احمد ، ایگزیکٹو انجینئر پی ڈی ڈی ، محکمہ صحت ،صحت عامہ، تعمیرات عامہ ،میونسپلٹی کے نمائندوں کے علاوہ سناتن د ھرم سبھا کے ممبران بھی اجلاس میں شامل تھے۔سناتن دھرم سبھا کے صدر کے مطالبات کے رد عمل میں اے ڈی سی نے پولیس کو یاترا کے لئے معقول سیکورٹی فراہم کرنے کی ہدایت دی۔اے آر ٹی او کو ڈوڈہ سے بھدرواہ اور واپسی کے لئے مطلوبہ بسوں کے تعداد کو یقینی بنانیکی ہدیات دی گئی۔ محکمہ صحت کو یاترا کے روز ایک ایمبو لنس کو ڈاکٹر اور نیم طبی عملے کے ہمراہ دستیاب رکھنے کی ہدایت دی گئی۔ایگزیکٹو افسر میونسپل کمیٹی کو قصبہ گرد و نواح اور یاترا کے اصل مقام کے میں صفائی یقینی بنانے کی ہدایت دہ گئی۔عارضی ٹائیلٹ تعمیر کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔ بغیر خلل بجلی ، پانی کی سپلائی ،ٹریفک کی نقل و حرکت اور بھدرواہ ڈاک بنگلہ میں ایکموڈیشن مہیا کرنے کے لئے بھی ہدایات جاری کئے گئے۔
وزیر اعظم کی ویڈیو کانفرنس
بلاک پونی کے 20پنچایتوںکے ساتھ براہ راست گفتگو
ریاسی//وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کے روزپونی بلاک کے20پنچایتوں میں جے اینڈ کے سٹیٹ رورل لائیو لی ہُڈ (اُمید) کے مستفیدین کے ساتھ بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ براہ راست(سمو اد) گفتگو کیا ۔دین دیال انتوادیہ یوجنا ۔ این آر ایل ایم ملک میں 45 لاکھ سیلف ہیلپ گروپ کے تحت 5 کروڑ سے زائد خواتین کو بااختیار بنایا گیا ۔یہ براہ راست تبادلہ خیال دوردرشن اور این آئی سی ریاسی نے اپنے نیٹ ورک کے ذریعہ سے ویب کاسٹ کی ۔بلاک پونی میں تقریباً1100 خواتین نے وزیر اعظم کے سمواد کے براہ راست ٹیلی کاسٹ کو مختلف دیہی انجمنوں کے دفاتر، کلسٹر سطح اور بلاک ٹریننگ سنٹر پونی میںدیکھا ۔وزیر اعظم نے ٹیلی کاسٹ میں کہا کہ اب خواتین گھروں سے باہر آ رہی ہیں اور اپنے لیڈر شپ کا رول نبھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گھروں اور کیمونٹی لیول پر ان کا فیصلہ لینے کا رول مستحکم ہو رہا ہے۔