محکمہ سوشل فارسٹری کے پودے لگائو مہم کا حصہ بنے مزدور اجرت سے محروم
محمد تسکین
بانہال // رواں سال جنوری اور فروری کے مہینے میں سابق وزیر جنگلات چودھری لعل سنگھ کے ہدایت پر جواہر ٹنل اور نوگام کے درمیانی سیکٹر میں شاہراہ کے پچھلی طرف پودے لگانے کی مہم کا کامیاب آغاز کیا گیا تھا اور اس مہم میں مزدوروں کی حیثیت سے کام کرنے والے مزدوروں کی اجرت پانچ مہینے بعد بھی محکمہ جنگلات اور محکمہ سوشل فارسٹری کی طرف سے ابھی تک واگذر نہیں کی گئی ہے۔ بانہال کے نوگام ، دھناڑ اور ٹھٹھاڑ علاقے سے تعلق رکھنے و الے کے کئی مزدوروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ محکمہ جنگلات کے ذمہ داروں کے حکم پر پودے لگانے ، گھڑے کھودنے سمیت دیگر کام مقامی مزدوروں نے بھاری برفباری اور سخت سردی کے دوران اس سال جنوری کے مہینے انجام دیا ہے لیکن اب پانچ۔ چھ مہینے گذرجانے کے باوجود بھی ان کی اجرت ادا نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کی مزدوری ابھی تک ادا نہ کئے جانے کی وجہ سے مزدوروں کو مشکلات کا سامنا ہے اور ہر مزدور کی چار سے چھ ہزار روپئے کی رقم محکمہ سوشل فارسٹری کی طرف بقایا چلی آرہی ہیں۔اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر ڈویژنل فارسٹ افسر رام بن ظہیب چودھری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جواہر ٹنل پر بنائے گئے کلوجروں کی رقومات ابھی تک اعلیٰ حکام کی طرف سے ادا نہیں کی گئی ہیں اور اس رقومات واگزار ہوتے ہی مزدوروں کی رقم ترجیحی بنیادوں پر ادا کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کام کرنے والے مزدوروں کو گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور آئیندہ پندرہ۔بیس روز کے اندر اندر انکی رقم ادا کی جائے گی اور اس کیلئے محکمہ کے اعلی حکام سے بقایا رقومات کی واگذاری کیلئے پہلے ہی استدعا کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال میں ابھی تک کوئی نیا کام فنڈس نہ ہونے کی وجہ سے شروع نہیں کیا گیا ہے اور ابھی سابقہ بقایاجات کی واگذاری کیلئے کوشش جاری ہے اور اس میں مزدوروں کا نام سب سے اوپر اور ترجیح پر ہے۔
سالانہ سرتھل یاترا کا آغاز
کشتواڑ//دو روزہ سالانہ سرتھل یاترا کا جمعہ کے روز سے نہایت ہی جوش و خروش سے باضابطہ آغاز ہوا ہے۔اس موقعہ پر ایک پُروقار شوبھا یاترا بھی نکالی گئی۔شوبھا یاترا تواریخی چوگان گرائونڈ اور مین مارکیٹ کشتواڑمیں روایتی مذہبی طریقہ سے انجام دی گئی۔ہزاروں کی تعداد میں یاتریوں اور سکولی بچوں نے شوبھا یاترا میں شرکت کی۔شری سرتھل دیوی جی ٹرسٹ کشتواڑ نے چھڑی مبارک اُٹھائی ،شوبھا یاترا بس اسٹینڈ پر اختتام پذیر ہوئی،جہاں سے یاتری گاڑیوں میں روانہ ہوکر تواریخی ماتا اشٹدش بھجا سرتھل کی جانب روانہ ہوئے۔ہفتہ کے روز سرتھل میں ایک مہیا یگیہ منعقد ہوگا ،جہاں پر چھڑی مبارک دیوی اشٹدش بھجا ماتا کو پیش کی جائے گی۔یہ یاترا کشتواڑ کی صدیوں روایت کی ایک علامت ہے ،جہاں پر اسے عام طور سے ’سرکاری یاترا‘ سے جانا جاتا ہے کیونکہ ڈوگرہ راج کے دوران اس یاترا کا اہتمام مہاراجہ کرتے تھے۔لیکن اب اس تواریخی یاترا کا اہتمام شری سرتھل دیوی جی ٹرسٹ کرتا ہے۔انتظامیہ نے تمام ضروری انتظامات بشمول سیکورٹی، پینے کے پانی،بجلی سپلائی، ٹرانسپورٹ و دیگر سہولیات کا کیا تھا ۔
کشتواڑ سڑک حادثہ میں 7زخمی
اے آئی بٹ
کشتواڑ//کشتواڑ میں سڑک حادثہ میں 7 افراد زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔اطلاعات کے مطابق ایک لوڈ کئیرئیر جو کہ کشتواڑ قصبہ سے بھاٹا کی جانب جا رہا تھا ،کوسگڈی کے مقام پر حادثہ پیش آیا ۔اطلاعا ت کے مطابق لوڈ کئیر ئیر میں سات افراد زخمی ہوئے ہیں۔جن کی پہچان بشیر احمد ولد کریم ، یوسف ولد عبدالرشید، غلام رسول ولد احد چوپان ،محمد اقبال ولد عزیز حجام ، شبیر احمد ولد عبدا لطیف، اور برہام ولد روشن لعل ساکنان سگڈی کے بطور کی گئی ہے۔ تمام زخمیوں کا ضلع ہسپتال کشتواڑ میں محالجہ چل رہا ہے ۔
پریم نگر، نصیب نگر فٹ برج کا افتتاح
ڈوڈہ / سابقہ وزیر و ایم ایل اے ڈوڈہ شکتی راج پریہار نے جمعہ کے روز حلقہ کے پریم نگر کے نصیب نگر میں ایک فُٹ برج کا افتتاح کیا۔اس موقعہ پر بی جے پی کے ریاستی صد ررویندر رینہ، نائب صدر پون کھجوریہ،ایم ایل اے رام بن نیلم کمار لنگہے،ایم ایل اے راجیش شرما ،ایم ایل اے کھوڑ کرسن لعل، ایم ایل سی رندھاوا، پارٹی کے ریاستی سیکرٹری سنجے بارو اور جنرل سیکرٹری آرگنائزیشن ڈوڈہ اور رام بن وپن شرما بھی موجود تھے۔اس پُل سے ساراز علاقہ کے بہت سے دیہات قومی شاہراہ کے ساتھ جڑ جائیںگے۔یہ پُل ایک کروڑ 50لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔پروگرام کا اہتمام منڈل پردھان محلہ اکیش شرما اور سابق سرپنچ راجیش کمار اور شکتی کیندر انچارج سرجیت پریہار نے کیا تھا ۔پُل اس علاقہ کے لوگوں کی ایک دیرینہ مانگ تھی جسے ایم ایل اے پریہار کی کاوشوں سے پورا کیا گیا ہے۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میں ایم ایل اے ڈوڈہ نے علاقہ کے لوگوں کو مبارک باد دی اور کہا کہ اس پُل کی مدد سے مقامی لوگوں کی قومی شاہراہ کی دوری میں کافی کمی ہوگی۔ بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر رینہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بی جے پی ریاست کی ترقی کی وعدہ بند ہے۔انہوں نے عوام کے مسائل حل کرنے اور حلقہ کی ترقیاتی کاموں میں دلچسپی لینے پر ایم ایل اے ڈوڈہ کو مبارک باد دی ،انہوں نے سراز علاقہ کے لوگوں کو بھی پُل کی مبارک باد دی۔اس موقعہ پر بی جے پی کی ضلع ٹیم ، تمام منڈل ٹیمیں،مورچہ ٹیمیں، اور بی جے پی آئی ٹی انچارج دوڈہ بھی موجود تھے۔عوام نے پُل کا افتتاح کرنے پر ایم ایل اے اور انکی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
کچلو کا پانچ روزہ دورہ مڑواہ
عوام کی شکایات کا سنجید ہ نوٹس لیا
رفیع احمد چودھری
کشتواڑ//نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر سجاد احمد کچلو نے ضلع کے مڑواہ علاقہ کا پانچ روزہ دورہ کرکے لوگوں سے تبادلہ خیالات کیا۔اپنے دورہ کے دوران انہوں نے رونیال نالہ میں دو روزہ پروگرام منعقد کیا ،جہاں سے انہوںنے دور دراز دیہات راسل ،ایاز، سودار، گوڈانترور، زابین ، ڈُنڈ، ششلن ، ماتھون ، ہُمڈُنڈ وغیرہ دیہات کا دورہ کیا ۔دورہ کے دوران لوگوں نے اپنے مسائل اُبھارے ،جن میں سڑکوں کی بہتری، راشن ، پینے کے پانی اور بجلی سپلائی کا مطالبہ شامل تھا ۔مقامی جاب کارڈ ہولڈروں نے شکایت کی کہا گُذشتہ کئی برسوں سے اُجرت ادا نہیں کی گئی ہے۔اسکے علاوہ مقامی لوگوں نے کچلو کو بتایا کہ سڑک کی تعمیر بند کر دی گئی ہے ،جسکی وجہ سے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے سڑک کی از سر نو تعمیر کا مطالبہ کیا۔کچلو نے لوگوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگوں کو بنیادی سہولیات مہیا کرنے کے وعدہ بند ہیںاور انہیں یقین دلایا کہ انکے جائز مطالبات پورے کئے جائیں گے۔کچلو کے ہمراہ ضلع نائب صدر غام رسول ماگرے،سرپنچ غلام علی، اور عبدالرزاق، ظہور احمد زرگر، حاجی محمد مختیار ، غلام احمد مٹو، محمد شعبان کھانڈے، مشتاق احمد کھانڈے، ولی محمد بٹ، غلام رسول ملک، محمد حُسین لون و دیگران بھی تھے۔
پی ڈی پی۔بھاجپانے ریاست میںبدترین سماجی،اقتصادی وسیاسی صورتحال پیدا کر دی:سروڑی
کشتواڑ//جموںوکشمیرپردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر ورکن اسمبلی اندروال غلام محمد سروڑی نے سابق پی ڈی پی۔بھاجپا مخلوط سرکار پرحملہ کرتے ہوئے الزام عائدکیاکہ ان دونوں جماعتوں نے اپنے سیاہ دورمیں ریاست جموں وکشمیرکو بدترین سماجی،اقتصادی ،سیاسی وسلامتی صورتحال سے دوچارکردیا۔اُنہوں نے کہاکہ سابق حکمران جماعتیں ریاست کے تینوں خطوں کے عوام میںخوف ودہشت کابنیادی ذریعہ رہی ہیں ۔ درابشالہ بلاک کے لاس ، دھار اور کھوڑی میں متعددعوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے سروڑی نے سابق حکمران اتحادکوبے نقاب کیا۔اس موقع پرگائوں کے کئی لوگوں نے کانگریس میں شمولیت اختیار کر لی اورسروڑی پراپنااعتماد ظاہرکیا۔سروڑی نے اس موقع پربھاجپا کومفاد پرست اور فرقہ پرست جماعت قرار دیتے ہوئے کہاکہ حکومت سے راہِ فرار اختیارکرکے مخلوط سرکارکوگرانے سے بھی بھاجپانقصانات سے بچ نہیں سکتی،اس نے عوام کیساتھ جودھوکہ کیاہے اس کاخمیازہ اِسے بھگتناپڑیگا۔سروڑی نے کہاکہ سابق پی ڈی پی۔بھاجپامخلوط سرکار ریاست جموں وکشمیرکی تاریخ کاتاریک ترین دورثابت ہوا۔انہوں نے کہاکہ دونوں جماعتوں نے اپنے حقیر مفادات کی تکمیل کیلئے عوام کے جذبات کیساتھ کھلواڑ کیا۔انہوں نے کہاکہ جب دونوں جماعتوںکویہ احساس ہواکہ ان کی زمین تنگ ہورہی ہے،لوگوں کااعتمادیہ کھوتی جارہی ہیں تو انہوں نے اپنی راہیں جداکرنے کافیصلہ لیا۔اُنہوں نے کہاکہ ریاستی عوام ان دونوں مفادپرست جماعتوں کومنہ توڑ جواب دینے کوتیارہے۔اُنہوں نے کہاکہ اس ناپاک اتحادکے ٹوٹنے کے بعد لوگ کچھ راحت محسوس کررہے ہیں اورانہیں اب اپنامستقبل پھرسے رقم کرنے کاموقع ملاہے۔سروڑی نے کہاکہ یہ دونوں جماعتیں اپنے نام نہاد ایجنڈاآف الائنس کی آڑلیکراقتدارتک پہنچیں اورپھر4سال اقتدار میں رہتے ہوئے ایجنڈاآف الائنس کو ردی کی ٹوکری میں پھینکے رکھا کیونکہ ان کامقصد صرف کرسی ہتھیانااور خاموش ہو جانا تھا ۔ سروڑی نے کہاکہ اب ریاست کے تینوں خطوں کے عوام کو انتہائی دانشمندی کامظاہرہ کرناہوگااور پھر سے جذباتی استحصال کرنے والے عناصرکے بہکاوے میں نہیں آناہے۔سروڑی نے کانگریس کوبہترین متبادل اور عوام دوست جماعت قرار دیتے ہوئے کہاکہ اب عوام کی تمام تراُمیدیں کانگریس سے وابستہ ہیں۔اس سے قبل سروڑی نے یہاں اسلامیہ فریدیہ انسٹی چیوٹ آف ریسرچ اینڈایجوکیشن کشتواڑمیں عازمین حج کو ہری جھنڈی دکھاکرسفرمحمود کیلئے روانہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے عازمین حج سے تلقین کی کہ وہ امن وامان اورریاست کی خوشحالی کیلئے دعاکریں۔سروڑی نے کہاکہ ایک مومن کیلئے حج کی سعادت کاموقع ملنابڑے نصیب کی بات ہے اور اس عظیم سفرپرروانہ ہونے والے یقینامبارک باد کے مستحق ہیں۔سروڑی نے کہاکہ حج کے بعد انسان کے گناہ اس طرح دھل جاتے ہیں جیسے ماں نے بچے کوجنم دیاہواوروہ بچہ پاک وصاف ہوتاہے۔اُنہوں نے عازمین سے امن وامان اور ریاستی عوام کی بہتری کیلئے دعائیں مانگنے کی پھرسے تلقین کی۔
’آر ایس ایس کا وجود ملک کی سا لمیت کیلئے خطرہ‘
ارشدکاظمی
بٹوت//ملک میں گزشتہ سو سالہ عرصہ سے سر گرم مخصوص قومی نظریہ کی ترجمان بنیاد پرست تنظیم راشٹریہ سیوک سنگھ اور اُس کی ہمنوا ومعاون تنظیمیں ہی 1947میں برصغیر ہند کی تقسیم کی وجہ بنی اور موجودہ وقت میں بھی وطن عزیز ہندوستان میں سرگرم یہ فرقہ پرست تنظیمیں اپنی فرقہ پرستی پر مبنی سرگرمیوں کی وجہ سے ملک کی سا لمیت کے لئے بہت بڑا خطرہ بن چکی ہیں ۔ان خیالات کا اظہاربٹوت میں منعقد ایک تقریب کے دوران بٹوت سے تعلق رکھنے والے 96سالہ سیاسی سماجی ومذہبی بزرگ رہنماحضرت مولانا شیخ غلام رسول نے تقریب کے حاشئہ پرمختلف ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے رسمی بات چیت میں کیا ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا میں کثیر مذاہب کے ماننے والے لوگوں کے وطن ہندوستان کویہ فرقہ پرست قوتیںاپنی منافرت فرقہ پرستی پر مبنی سوچ اور سرگرمیوں سے تباہی و بربادی کی جانب لینے میںمشغول عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان فرقہ پرست قوتوں نے ملک کے امن ،ملک میں آباد مختلف مذاہب کے ماننے والو ں کے درمیان قائم آپسی بھائی چارے کوبڑے پیمانے پر نقصان سے دوچار کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں عوام کے ذہنوں کو فرقہ پرستی کی سوچ سے آلودہ کرنے کاناپاک کام قومیت کے لبادے میں کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آر ایس آیس جیسی تنظیموں کی سر گر میوں سے ملک کے حالات دن بہ دن بتر سے ابتر ہوتے جارہے ہیں۔ملک میں آباد اقلیتی آبادی خوف وہراس،افراتفری کے ماحول میں زندگی جینے پر مجبورہوگئی ہے اور بدقستمی سے ملک میں گزشتہ چار سالہ عرصہ سے حکمرانوں کی حیثیت آر ایس ایس کے ہاتھوں کی کٹ پتلی کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے۔مولانا نے کہا کہ یہ کتنی عجیب بات ہے کہ اپنے آپ کو ملک کے اتحاد اور سا لمیت کی نگہبان بتانے والی یہ فرقہ پرست تنظیمں اپنے جنون کی آگ میںملکی عوام کے درمیان اتحاد کی دشمن بنی ہوئی ہیں، اپنے خودغرض اعزائم کی تکمیل کی خاطرملک کی سا لمیت کو دائو پر لگانے کی بھی پروا نہیں کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا ملک کیلئے راشٹریہ سیوک سنگھ اوراس کی معاون تنظیموں کی جانب سے پیدا کردہ تشویش ناک حالات کے اس دور میں اگر وقت رہتے ہم ملکی عوام نے ملک کی سیکولر اقدار وسوچ کی حفاظت کیلئے درکار اقدامات کی جانب توجہ مبذول کرنے کی زحمت گوارہ نہیں کی تو ہماری اس کوہتائی وغلطی کیلئے ملک کی آئندہ نسلیںہم کو کبھی معاف نہیں کریں گی ۔انہوں نے کہا کہ ہم کو ملکی عوام ہونے کے ناطے اپنے اوپر عائد اس ذمہ داری کا احساس ہر صورت میں کرنا ہوگا، ملک کو مزید انتشار اور تقسیم سے بچانا ہی ہوگا کیوں کہ اس ملک کی بقاء کی ضامن اس ملک کے عوام کی سیکولر اور آپسی رواداری کی حامل سوچ و نظریا ہی ہے۔
ریاسی میں بائیو میٹرک حاضری نظام کا جائزہ
ریاسی //ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر رمیش چندر نے ضلع میں آدھار پر مبنی بائیو میٹرک حاضری نظام کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس کا اہتمام کیا گیا۔اجلاس میں ضلع کے افسروں نے شرکت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ملازمین کی کافی تعداد کا نئے سسٹم کے تحت اندراج کیا گیا ہے۔اجلاس میں اے ڈی ڈی سی نے متعلقہ ضلع افسروں سے باقی ماندہ ملازموں کا آدھار پر مبنی بائیو میٹرک حاضری نظام سے اندراج اور رجسٹر دو دنوں کے اندر اندرکرنے کے لئے کہا گیاہے۔اجلاس میں اے ڈی سی ، اے سی آر، اے سی ڈی، ڈپٹی ایس پی ، ڈی ٹی او، ڈی پی او، سی ای او، سی ایم او، پی ڈبلیو ڈی اور پی ڈبلیو ڈی کے انجینئروں،ڈی وائی ایس ایس او، ڈی ایف او کے علاوہ دیگر ضلع و سیکٹورل افسروں نے شرکت کی ۔
کا کلہوتران ،بھلیسہ یونٹ تشکیلNSF
کالج کیلئے بنیادی سہولیات فراہم کرنے کاگورنر انتظامیہ سے اپیل
عظمیٰ نیوز
گندو // نیشنل سیکولر فورم نے گورنمنٹ ڈگری کالج کلہو تران کے لئے یونٹ کی تشکیل دی۔ اس موقعہ پر این ایس ایف کے ریاستی سیکرٹری اشتیاق نائیک بھی موجود تھے۔نوجوان کارکنوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے نائیک نے ریاستی و ضلع سطح پر این ایس ایف کی حصولیابیوں کا جائزہ لیااور کئی مسائل پر مباحثہ بھی کیا۔اس موقعہ پر انہوںنے کالج کے یونٹ کا اعلان بھی کیا۔اخلاق احمد کو صدر، اظہر محمود اوراجے سنگھ کو نائب صدور، ارشاد احمد جنرل سیکرٹری،عمران ا حمد اورشایان ڈار کو بطور سیکرٹرئیز بنایا گیا ہے۔جعفر ملک کو آرگنائزنگ سیکرٹری،عمر ملک کو پبلسٹی سیکرٹری اور انکت بخشی کو خزانچی جبکہ سلمان منٹو اور ماجد وانی ، نوجوت ،سندیپ کمار، امت، انکت کمار، اشونی و دیگران کو بطور ممبران منتخب کیا گیا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائیک نے این ایس ایف تحریک کو مستحکم کرنے کے لئے نوجوانوں کا خیر مقدم کیا۔انہوں نے اس اُمید ظاہر کی کہ نوجوان این ایس ایف کو مستحکم بنائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ اگر سرکا رنے گورنمنٹ ڈگری کالج کلہوتران بھلیسہ کو منظوری دی ہے تاہم، کالج کا انفراسٹریکچر کالج کی بنیادی سہولیات کو پورا نہیں کرتا ہے،جو فقط دو ہی کمروں سے چلتا ہے۔ انہوں نے اسے مذاق قرار دیا ،انہوں نے کہا کہ ابھی تک کالج کیلئے عمارت کی تعمیر نہیں کی گئی ہے۔انہوں نے گورنر انتظامیہ سے معاملہ پر غور رکے کالج کے لئے بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔