سرنکوٹ میں سرکاری ملازم معطل
بختیار حسین
سرنکوٹ//ضلع انتظامیہ نے سرنکوٹ کی ہاڑی مرہوٹ پنچایت کے ایک ملازم کو معطل کردیاہے ۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر پونچھ راہل یادو کی طرف سے معطلی کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔اس حکمنامہ میں بتایاگیاہے کہ ٹیمپریری سیٹلمنٹ اسسٹنٹ مستور احمد جو ہاڑی مرہوٹ میں تعینات تھا،کو اس پر لگے سنگین الزامات کی بناپر معطل کیاجاتاہے ۔حکمنامہ کے مطابق اس سلسلے میں تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔ڈپٹی کمشنر پونچھ کی طرف سے اس حوالے سے ایس ڈی ایم سرنکوٹ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مذکورہ ملازم پر لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کرکے پانچ دنوں میں رپورٹ پیش کریں ۔
مینڈھر ہسپتال میں ورکشاپ کااہتمام
مینڈھر//سب ضلع ہسپتال مینڈھر میں ایم آر ویکسین اور ڈی وارمنگ ڈے پر ایک ورکشاپ کا اہتمام کیاگیا۔اس ورکشاپ کی صدارت بلاک میڈیکل افسر مینڈھر ڈاکٹر پرویز احمد خان نے کی جبکہ اس موقعہ پر سکولوں کے پرنسپل ، زیڈ ای اوز ، سی ڈی پی اوز، ہیڈماسٹر اورانچارج بھی موجو دتھے۔اس موقعہ پر بی ایم او مینڈھر نے ایم آر ویکسین اور ڈی وارمنگ ڈے پر پریزینٹیشن پیش کی اوراس کے فوائد کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ انہوں نے کہاکہ اس دوران بچوں کو ویکسین دی جائے ۔
نوجوانوں کا وفد ڈی سے ملاقی
راجوری//راجوری کے نوجوانوں کے ایک وفد نے ڈپٹی کمشنر محمد اعجازاسدسے ملاقات کرکے کئی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔وفد کی قیادت علی چوہدری کررہے تھے ۔اس موقعہ پر نوجوانوں نے ڈپٹی کمشنر کے سامنے کئی مطالبات رکھے ۔ انہوں نے کہاکہ راجوری میں نوجوانوں کو کھیل کو د کیلئے بنیادی ڈھانچہ فراہم کیاجائے جو وقت کی ضرورت ہے تاکہ نوجوان صحیح سمت میں چل سکیں اور بری صحبتوں سے بچیں۔ڈپٹی کمشنر نے تمام مطالبات سننے کے بعد یقین دلایاکہ وہ انہیں حل کرنے کی کوشش کریں گے اور نوجوانوں کے مسائل کو ترجیح دی جائے گی ۔
زیارت کو سیاسی اکھاڑہ نہیں بننے دیاجائیگا:تانترے
حسین محتشم
پونچھ//ممبراسمبلی حویلی پونچھ شاہ محمد تانترے نے کہاہے کہ کچھ شکست خوردہ عناصر زیارت گاہوں اور مساجد میں بھی سیاست کو گھسیٹناچاہتے ہیں۔ لورن میں واقع حضرت سائیں الٰہی بخش ؒکے مزار پر حاضری دینے کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے تانترے نے کہاکہ چند روز قبل کچھ عناصر نے یہاں ایک نام نہاد کمیٹی تشکیل دی جس کے بعد عوام میں شدید غم و غصہ پایاجارہاہے اور اسی لئے وہ یہاں آئے ہیں۔ان کاکہناہے کہ انہوں نے مقامی لوگوں کے سامنے تجویز پیش کی ہے کہ یاتو اس زیارت کو اوقاف کے حوالے کردیاجائے یاپھر بٹل کوٹ پنچایت سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک کمیٹی بنے جو اس کی دیکھ ریکھ کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ تیس سال سے اس زیارت کو لوٹاگیا اور لوٹ مار کا بازار گرم کیاگیاجس کا آڈٹ کروایاجائے گاتاکہ یہ معلوم ہوسکے یہ پیسہ کہاں گیا اور قیمتی سامان کس نے گھروں میں لیا۔ انہوں نے کہاکہ وہ کوشش کریں گے کہ یہ پیسہ واپس آیا اوراس پیسے کا احتساب بھی ہو جو ایک پارٹی نے ورکروں میں تقسیم کیاہے ۔تانترے نے کہا کہ درگاہ شریف پر فتنہ فساد پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہاکہ مزاراتِ اولیاء دین کی تبلیغ و اشاعت کا مراکز ہیں اوریہاںپرکسی کو سیاسی اکھاڑہ بنانے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔
انجمن جعفریہ سرنکوٹ مینڈھر کی تشکیل
مولانا صفدر صدر اور ماسٹر قربان جنرل سیکریٹری نامزد
سرنکوٹ//ملت جعفریہ سرنکوٹ مینڈھر کا ایک اجلاس منعقد ہواجس دوران انجمن جعفریہ سرنکوٹ پونچھ کی عبوری کمیٹی کی طرف سے تنظیم کی تشکیل عمل میں لائی گئی ۔ یہا ں جاری پریس بیان کے مطابق اس موقعہ پر اتفاق رائے سے مولانا سید صفدر حسین جعفری کو تنظیم کا صدرجبکہ جنرل سیکریٹری ماسٹر سید قربان حسین شاہ کو بنایاگیا۔اس کے علاوہ ڈاکٹر سید مشتاق حسین جعفری کو سینئر نائب صدر،سید شبیر حسین بخاری ،ماسٹر سید مطلوب حسین اورسید تعظیم حسین کاظمی کو نائب صدر،ڈاکٹر سید افتخار حسین کو کنوینئر،سید صابر حسین شاہ کو جوائنٹ سیکریٹری،سید سجادحسین شاہ کو خزانچی،سید عظمت حسین شاہ کو آفس سیکریٹری،سید ارادت علی اور سید توقیر عباس و سید اعجازعلی کو پبلسٹی سیکریٹری،ماسٹر سید تصدق حسین کو چیف آرگنائزر،ڈاکٹر سید بشرت حسین ،سید علی نقی ایڈووکیٹ،سید ماہر حسین ایڈووکیٹ،سیدواجد علی کاظمی،سید مظہر علی ،سید وقار علی،سید منظور حسین او ر ماسٹر سید سجاد حسین کو آرگنائزربنایاگیاہے۔اس دوران ممبران کا اعلان بھی کیاگیا جن میں سید اقبال حسین ،سید مطلوب حسین ، سید عاشق حسین،سید منیر حسین،سید سفیر حسین ،سید مقصود حسین شامل ہیں۔اجلاس میں اس بات کافیصلہ لیاگیاکہ آئندہ دنوں مشاورتی کونسل اور چیئرمین کا انتخاب عمل میں لایاجائے گا۔
پونچھ میں گندگی کے ڈھیر جمع
’دفتر فون کرنے تک صفائی نہیں کی جاتی ‘
حسین محتشم
حسین محتشم
پونچھ// قصبہ پونچھ میں مختلف مقامات پر گندگی کے ڈھیر جمع ہیںجن کی وجہ سے مقامی لوگوں اور راہگیروں کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔خصوصی طور پرزنانہ پارک کے صدر دروازے کے سامنے چوک میں پانی کی ٹینکی کے بالکل ساتھ گندگی کا ڈھیر لگا ہے جس کے باعث دکانداروں اور ضلع ہسپتال پونچھ،ڈاک خانہ پونچھ، کامسر، محلہ کماں خان اور صدر بازار کی جانب جانے والے ہزاروں لوگوں کو عفونت کاسامناکرناپڑتاہے ۔مقامی دکاندار ریاض احمد نے بتایا کہ یہ روز کا معمول بن چکا ہے کہ جب تک وہ میونسپل دفتر فون نہ کریں ، صفائی نہیں کی جاتی۔انہوں نے کہا کہ گندی کے ڈھیر سے آنے والی بدبو کی وجہ سے ان کو امراض میں مبتلا ہوجانے کا خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک بیت الخلاء بھی ہے جہاں لوگ رفع حاجت کرتے ہیںلیکن اس کی بھی صفائی نہیں کی جاتی ۔ انہوں نے بتایا کہ زنانہ پارک پونچھ میں آرام کیلئے ہزاروں لوگ آتے ہیںجن کو اس عفونت نے پریشان کررکھاہے اور اسی وجہ سے مچھر بھی بہت زیادہ ہوتے ہیں۔مقامی شہری مولانا حکیم دین نے بتایا کہ میونسپل کمیٹی پونچھ کا براحال ہے،کڑوروں روپے صفائی کے نام پر خرچ دکھائے جاتے ہیں لیکن معلوم نہیں پھر بھی نظام میں تبدیلی کیوںنہیں آرہی ۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ حکام کو صفائی ستھرائی کی ہدایت جاری کریں۔رابطہ کرنے پر میونسپل کمیٹی کے افسر عبدالرحمٰن نے بتایا کہ ان کے صفائی کرمچاری ہر روز قصبہ میں صفائی کر تے ہیں اور اگر کہیں کچراہوتاہے تو اسے ٹھکانے لگایاجاتاہے ۔
نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی مانگ
حسین محتشم
حسین محتشم
پونچھ // غیر سرکاری تنظیم کے رضاکاروں کا ایک اجلاس اس کے چیئرمین امتیاز احمد سلاریہ کی قیادت میں ڈاک بنگلہ پونچھ میں منعقد کیا گیا ۔اس موقعہ پر اس بات پر تشویش کا اظہار کیاگیاکہ نوجوانوں کی بڑی تعداد منشیات میں ملوث ہوتی جارہی ہے جو تباہ کن ہے۔ سلاریہ نے کہا کہ سرحدی ضلع پونچھ کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے اور انہیںاعلیٰ تعلیم کے لئے جموں یا سرینگر یا پھر ریاست سے باہرجاناپڑتاہے ۔انہوں نے کہا کہ پونچھ ضلع میں منشیات کے پھیلنے کی سب سے بڑی وجہ یہاں کے نوجوانون کی بے روزگاری ہے جسے ختم کرنے کے لئے یہاں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی شدید ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں یونیورسٹی کی شاخ پونچھ کئی دہائیوں سے قائم ہے لیکن اس کا کوئی فائدہ نہیں۔انہوں نے کہاکہ اسی طرح سے پالی ٹیکنک کی تعمیر بھی سست رفتاری کا شکارہے جبکہ نرسنگ کالج کا حال بھی براہے۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ گورنر پونچھ کے مسائل پر توجہ دے کر انہیں حل کرنے کے اقدامات کریں۔انہوں نے درنگلی نالہ پل کی مرمت،ننگالی صاحب اور بڈھا امرناتھ و پونچھ کے مختلف خوبصورت مقامات اور زیارات کو سیاحتی نقشہ پر لانے کا مطالبہ کیا ۔اس موقعہ پرفاروق تنہا، ابرار اختر، آصف خان، اسرار خان، محمد فیاض ، سنجے کمار، جسپریت سنگھ، محمد اکرم، آصف، نشانت اور روہت شرما بھی موجو دتھے۔
ضلع الیکٹورل لٹریسی کلب کی میٹنگ منعقد
راجوری//ضلع الیکشن افسر محمد اعجازاسد کی صدارت میں ڈسٹرکٹ الیکٹورل لٹریسی کلب کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ای آر اوز،ڈپٹی ڈی ای او، ڈی آئی او، نوڈل افسرٹریننگ مینجمنٹ،نوڈل افسر سویپ، اے ای آر اوز اور ضلع سطح کے ماسٹر ٹرینروں نے بھی حصہ لیا ۔ اس موقعہ پر تعلیمی اداروں اور طبقوں کااحاطہ کرنے کے بارے میں تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقعہ پر محمد اعجاز اسد نے اس بات پر زور دیاکہ لوگوں کو الیکشن کے طریقہ کار اور جمہوری عمل کے بارے میں جانکاری فراہم کی جائے ۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں رائے دہندگان کیلئے جانکاری پروگرام چلائے جائیں ۔
اسلام آباد۔پونچھ سڑک ابتر حالت کاشکار
مقامی عوام کی سالانہ عرس سے قبل مرمت کی اپیل
حسینمحتشم
ونچھ//معروف درگاہ عالیہ حضرت سائیں میراں بخش ؒ گونتریاں کو جانے والی سڑک خستہ حالی کا شکار ہے۔ اس سڑک پر عرصہ دراز قبل بچھایاگیاتارکول اکھڑ جانے کے بعد اس کی حالت پکڈنڈی کی سی ہوگئی ہے اور جگہ جگہ کھڈے بنے ہوئے ہیں جن پر گاڑی چلانا خطرے سے خالی نہیں ۔مقامی شخص فیض اکبر خان راٹھور نے کہا کہ سڑک کی حالت اس قدر ابتر ہے کہ اس پر سفر کرتے ہوئے جان جانے کا خطرہ رہتاہے ۔انہوں نے کہا کہ بہت ہی جلد زیارت سائیں میراں بخش ؒ پر سالانا عر س ہونے جا رہا ہے جس میں ریاست اور بیرون ریاسست کے ہزاروں عقیدتمند شامل ہوتے ہیں جنہیں ایسی سڑک پر سفر کرنے میں مشکلات کاسامناکرناپڑے گااس لئے اس کی فوری طور پر مرمت کی جائے اور نئے سرے سے تارکول بچھایاجائے ۔انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں کو سابق ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد نے یقین دلایا تھا کہ عرس سے پہلے پہلے سڑک کی مرمت کی جائے گی لیکن ابھی تک اس سلسلہ میں کچھ نہیں کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ سڑک پر بنے کھڈوں میں پانی جمع ہوجاتاہے جس سے بھی تارکول کو نقصان پہنچاہے۔مقامی لوگوں نے مانگ کی ہے کہ اس سڑک کی فور ی طور پر مرمت کی جائے ۔دریں اثناء شاہپور کی سڑک کی بھی خستہ حالت ہے جس کی وجہ سے مقامی عوام کوبارشوں کے موسم میں گھنٹوں پیدل چلنا پڑتا ہے۔
علماکے وفد کی گنائی سے ملاقات،ریاست میں مدرسہ بورڈ قائم کرنے کی مانگ
راجوری//انجمن علماء اہل سنت صوبہ جموں کا ایک وفد گورنر کے صلاح کارخورشید گنائی سے ملاقی ہوا۔اس وفد کی قیادت مولانا محمد فاروق نعیمی صدر انجمن علماء اہل سنت ضلع راجوری کررہے تھے۔اس موقعہ پرگنائی سے باقی ریاستوں کی طرح جموں کشمیر میں بھی مدرسہ بورڈ کا قیام عمل میں لانے کا مطالبہ کیاگیاجس پر گنائی نے یقین دلائی اور کہاکہ اس سلسلے میں کچھ حد تک کام ہو بھی چکاہے اور مزید کاغذی کارروائی کرکے بہت جلد ریاست میں مدرسہ بورڈ قائم کیاجائے گا۔یہاں جاری بیان کے مطابق مولانا فاروق نعیمی نے کہا کہ اگر کوئی مدرسہ بورڈ سے نہ جڑنا چاہے تو اس کے لئے اسے لازمی نہ سمجھاجائے۔اس دوران علماء کی ماہانہ تنخواہ میں اضافہ کرنے کی مانگ بھی کی گئی۔وفد میں مولانا حافظ محمد سعید صدر انجمن علماء اہل سنت صوبہ جموں، مولانا محمد فاروق نعیمی صدر انجمن علماء اہل سنت ضلع راجوری، مولانا مفتی عبد الرئوف ،مولانا مفتی غلام محی الدین ،مولانا غلام رسول ،مولانا حافظ محمد الیاس چیئرمین جامعہ ضیاء الاسلام منجا کوٹ ،مولانا حافظ ذاکر نقشبندی چیئرمین دار العلوم مجدد الف ثانی جموں ،مولانا عبد الخالق ،مولانا مشتاق ،مولانا غلام یٰسین اور مفتی اسلم رضا مصباحی بھی شامل تھے۔
رہبر تعلیم اساتذہ کا اجلاس منعقد
ساتویں تنخواہ کمیشن اور تنخواہیں ڈی لنک کرنے کامطالبہ
حسین محتشم
پونچھ// رہبر تعلیم ٹیچرز فورم کی جانب سے ضلع صدر پونچھ سید شاہنواز کاظمی کی قیادت میں ایک اجلاس فوارہ گارڈن پونچھ میں منعقد کیا گیا ۔اس موقعہ پر فورم عہدیداران نے کہا کہ17جولائی کو سرینگر پرتاپ پارک میں فورم کی ریاستی سطح کمیٹی کی جانب احتجاج کے دوران ایس ایس اے ٹیچرز کو ساتوا ں تنخواہ کمیشن دینے اور تنخواہوں کو ڈی لنک کرنے کا کیا مطالبہ کیا گیا تھا جس کے بعد تمام اساتذہ نے27جولائی تک کا انتظامیہ کووقت دیا تھااور کہاتھاکہ اگر مطالبات پورے نہ ہوئے تو ریاست گیر ہڑتال کی جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ گورنر انتظامیہ اساتذہ کے مسائل حل کرے اور انہیں مجبور نہ سمجھاجائے ۔انہوں نے کہا کہ اگر27تاریخ تک انہیں ساتویں تنخواہ کمیشن کافائدہ نہ ملا اوران کی تنخواہوں کو ڈی لنک نہیں ہوئیں تو وہ اٹھائیس تاریخ سے احتجاج کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ انہیں اس بات کیلئے مجبور کیاجاتاہے کہ وہ سکولوں کو چھوڑ کر سڑکوں پر احتجاج کرنے کیلئے اتریں ۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر اساتذہ کی جانب سے دیئے گئے وقت کے دوران تمام مطالبات پورے نہ ہوئے تو وہ ریاست گیر احتجاج کریں گے ۔اجلاس میں محمد یوسف شاہ زونل صدر سرنکوٹ، سید علی مرتضیٰ شاہ، ، نیاز کرمانی زونل صدر ساتھرہ، سجاد کرمانی ،امیر کرمانی، شبیر خواجہ، فاروق احمد شاہ، غلام محی الدین ، اقبال خان، اشتیاق بھٹی، محمد شفیع ، عبدالمجید، اقرام کوہلی وغیرہ بھی موجو دتھے ۔