بارشوں سے مینڈھر میں سڑکیں تباہ
مسافر پیدل سفر کرنے پر مجبور ، حکام سے برہمی کا اظہار
مینڈھر//مینڈھرکے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی خستہ حالی پر لوگوں میں محکمہ تعمیرات عامہ کے تئیں شدید غم وغصہ پایاجارہاہے ۔حالیہ بارشوں کی وجہ سے کچی اور خستہ حال سڑکوں کونقصان پہنچاہے اور پھسلن کی وجہ سے ان پر گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہورہی ہے ۔اس صورتحال پر مقامی لوگوں میں غم وغصہ پایاجارہاہے اور ان کاکہناہے کہ اگر ان سڑکوں پر تارکول بچھایاگیاہوتاتو آج یہ حال نہ ہوتا۔شبیر احمد ، محمد اسمٰعیل، بشیر الدین اور ممتا ز احمد کاکہناہے کہ مینڈھر قصبہ سے جانے والی سڑک اکثر مقامات پر کھڈوں میں تبدیل ہوگئی ہے جبکہ گائوں دیہات کو جوڑنے والے سڑکوں کی حالت تو بیان سے ہی باہر ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ سڑک کی مرمت کے لئے محکمہ تعمیر عامہ کوئی اقدام نہیں کررہااور نتیجہ کے طور پر لوگوں کو مشکلات درپیش ہیں۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام کوٹس سے مس نہیں اور وہ اس جانب کوئی دھیان نہیں دے رہے جس سے ٹرانسپورٹ نظام میں خرابیاں پیداہورہی ہیں۔ان کاکہناہے کہ خراب سڑکوں پر ڈرائیور چلنے کیلئے تیار نہیں ہوتے اور مقامی لوگ پیدل سفر کرنے پر مجبور ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سڑکوں کی مرمت کرکے ان پر تارکول بچھایاجائے نہیں تو وہ احتجاج کی راہ اختیار کرنے پر مجبور ہوجائیں گے جس کی تمام تر ذمہ داری حکام پر عائد ہوگی ۔دریں اثناء کئی ڈرائیوروں نے خراب سڑکوں پر گاڑیاں چلانے سے انکار کردیاہے اوران کاکہناہے کہ انہیں اپنی جان پیاری ہے اور وہ پھسلن اور کھڈوں سے بھری ہوئی سڑکوں پر چل کر گاڑی کو تباہ نہیں کرسکتے۔
پردھان منتری آواس یوجناکے تحت بنامکان اہل خانہ کے سپرد
حسین محتشم
پونچھ// ضلع ترقیاتی کمشنر راہول یادو نے پونچھ کے وارڈ نمبر آٹھ محلہ کھوڑی ناڑ میں پردھان منتر آواس یوجنا۔اربن( PMAY) کے تحت بنائے گئے پہلے گھر کا افتتاح کرکے یہ گھر اہل خانہ کے سپرد کیا ۔اس موقعہ پر معزز شہری اور سیاسی و سماجی کارکنان بھی موجو دتھے جنہوں نے ضلع انتظامیہ کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ اس اسکیم کے تحت بے گھر افراد کیلئے گھروں کی تعمیر باعث مسرت ہے تاہم انہوں نے کہاکہ مستحقین کی فہرست سے باہر رہ جانے والے کنبوں کو بھی اس میں شامل کرکے انہیں بھی گھر وں کی تعمیر کیلئے امداد دی جائے ۔ سرکار کی جانب سے گھر بنانے والے شخص کو چار لاکھ انسٹھ ہزار ایک سو بیس روپے چار قسطوں میں دیئے گئے اور یہ رقم براہ راست اس کے بینک کھاتے میں جمع ہوئی ۔مکان کے مالک کاکہناہے کہ اگرچہ اس رقم سے مکان تعمیر نہیں ہوسکتالیکن ڈوبتے کو تنکے کا سہارا دیا گیا جس سے وہ یہ گھر تعمیر کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے مکان مالک کو چابی دیتے ہوئے اسے مبارک باد پیش کی۔اس دوران انہوں نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پونچھ میں دیگر مستحقین کو بھی امداد دی جارہی ہے تاکہ وہ بھی گھروں کی تعمیر کرسکیں ۔اس موقعہ پر سی ای او میونسپل کونسل پونچھ گرو رام، سینیٹری انسپکٹر عبدالرحمٰن،پراجیکٹ انجینئر PMAY رونیت دلیر سنگھ بھی موجود تھے۔
۔3سال میں 18سال سے زائد کام ہوئے:تانترے
حسین محتشم
پونچھ//ممبر اسمبلی پونچھ شاہ محمد تانترے نے دور دراز علاقہ جات کے دورے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔انہوں نے درہ دلیاں،کواڑایاں ، جبڑی اور نابنا ں کا دورہ کر کے مقامی لوگوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ مختلف اجتماعات میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ غریبوں کا کاروان لیکر آگے بڑھ رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی میں شامل ہونے والے لوگ تنظیمی کارکردگی سے متاثر ہیں ۔انہوں نے سابقہ تین سال میں ضلع پونچھ میں کئے گئے تعمیراتی کاموں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس تین سالہ دور میں جو کام ہوئے ہیں وہ سابقہ18سال میں دوسری حکومتیں نہیں کر پائیں۔انہوں نے کہا کہ ان کو خوشی ہے کہ وہ دور دراز علاقوں کے عوام کو سڑک رابطہ فراہم کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ان کاکہناتھاکہ پانی، بجلی، راشن اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کی کوششیں بھی کی گئیں ۔اس دوران متعدد کارکنان مختلف پارٹیوں کو چھوڑ کر پی ڈی پی میں شامل ہوئے جن کا خیر مقدم کیاگیا اور انہیں ہار پہنائے گئے ۔تانترے نے کہاکہ لوگوں کی زیادہ سے زیادہ شمولیت سے جماعت مزید مضبوط ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ جلد ہی ریاست کے حالات ٹھیک ہونگے اور یہاں تعمیر وترقی کی راہیں دوبارہ ہموار ہونگی۔
ڈی سی نے سیاحتی پارک اور کرشی وگیان کیندرکا دورہ کیا
راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجازاسد نے چیف پلاننگ افسر راجوری اے ایچ چوہدری ، ایگزیکٹو انجینئر آر ڈی اے و دیگر افسران کے ہمراہ سیاحتی پارک مکوٹ کا دورہ کرکے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ پارک میں مصنوعی جھیل کی تعمیر کیلئے تخمینہ رپورٹ پیش کریں ۔انہوں نے کہاکہ پارک میں بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کیاجائے اوراس میں بچوں کے کھیلنے کا اہتمام بھی رکھاجائے ۔ انہوں نے پارک میں صفائی ستھرائی کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہاکہ اسے پالی تھین سے پاک کیاجائے ۔بعد ازآں انہوں نے کرشی وگیان کیندراکادورہ کرکے وہاں سائنسدانوں سے تبادلہ خیال کیا۔اس موقعہ پر سائنسدانوں نے بتایاکہ وہ کاشتکاری کے جدید طریقہ کار اور اعلیٰ سے اعلیٰ پیداوار کے بارے میں جانکاری پروگرام چلارہے ہیں تاکہ زرعی سرگرمیوں کو فروغ مل سکے ۔
۔گائوں سے متعلق صفائی سروے 2018
ڈپٹی کمشنر راجوری نے زور دار مہم چلانے کی ہدایت دی
راجوری//مرکزی حکومت کی طرف سے گائوں سے متعلق صفائی سروے 2018 (سوچھ سرویکشن گرامین)کا پروگرام شروع کیاگیاہے جس کاریاست میں بھی یکم اگست سے آغاز ہورہاہے ۔اس پروگرام کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد کی قیادت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی ۔میٹنگ میں اے ڈی ڈی سی اے ایس چب ، اے ڈی سی راجوری شیر سنگھ م اے ڈی سی کوٹرنکہ شفیق احمد، اے ڈی سی سندر بنی گرمکھ سنگھ، اے ڈی سی کالاکوٹ خالد حسین ، ایس ڈی ایم تھنہ منڈی افضل مرزا، ڈی ایس ڈبلیواو نصیب احمد ، سی ایما و سریش گپتا، ڈی ای پی او گلزار حسین ، تمام بلاک ڈیولپمنٹ افسران ، ای او میونسپلٹی ،بلاک میڈیکل افسران اور زونل ایجوکیشنل افسران بھی موجود تھے ۔اس موقعہ پر ضلع پنچایت افسر ڈاکٹر عبدالخبیر نے سرویکشن یعنی سروے کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔انہوں نے بتایاکہ یہ ضلع سطح پر سروے کیاجارہاہے جس میں سکولوں ، آنگن واڑی مراکز، ہٹ بازاراور دیگر عوامی مقامات میں صفائی ستھرائی کے بارے میں عوام سے ان کی رائے طلب کی جائے گی اوریہ سروے خود مختیار ٹیموں کی طرف سے کیاجائے گا۔انہوں نے بتایاکہ سروے کے بعد جہاں صفائی ستھرائی کے حوالے سے بہتری کے اقدامات کئے جائیں گے وہیں مشاہدہ سے حاصل ہونے والی معلومات کی بناپر ریاستوں اور اضلاع کو بہترین کارکردگی پرگاندھی جینتی کے موقعہ پر اعزازات سے سرفراز کیاجائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیاکہ اس سروے کے بارے میں لوگوں کو جانکاری فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنے علاقے میں صفائی سے متعلق ہوئے کاموں پر اپنی رائے دے سکیں ۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ دیہی ترقی کے افسران و ملازمین اس سروے سے فائدہ اٹھائیں ۔انہوں نے پی جی کالج راجوری کے پرنسپل سے کہاکہ وہ ٹیمیں تشکیل دے کر لوگوں میں بیدار ی لانے میں اہم رول ادا کریں ۔انہوں نے وٹس ایپ اور دیگر سماجی روابط کی ویب سائٹوں پر بھی اس سلسلے میںزور دار مہم چلانے کی ہدایت دی تاکہ سروے کے اس عمل کو کامیابی سے ہمکنار کیاجاسکے۔
پی ایم جی ایس وائی حکام خواب غفلت میں
سیلاب کے چالیس روز بعد بھی سڑک پر کام نہیں ہوا
طارق شال
تھنہ منڈی //تھنہ منڈی کی پنچایت کھبلاں بی موہڑہ جابہ میں سیلاب کوچا لیس دن بیت گئے ہیں مگر محکمہ کی طرف سے امدادی سرگرمیاں نہیں کی گئیں اور حکام غفلت میں سورہے ہیں ۔عید سے قبل بادل پھٹنے سے ہوئی تباہی کے بعد سابق ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے مختلف محکموں کے افسران کے ہمراہ موقعہ پر جاکر جائز ہ لیا اور محکمہ پی ایم جی ایس وائی کو ہدایت دی کہ سڑک پر پڑے ملبے کو ہٹاکر نکاسی کا نظام تیار کیاجائے لیکن آج تک نکاسی کا نظام نہیں بنا اور محکمہ نے صرف ملبہ ہٹاکر کام تمام کردیاہے ۔ مقامی لوگوں کاکہناہے کہ پلیاں تنگ ہونے کی وجہ سے سیلاب آیا اور اسی وجہ سے انہیں نقصان پہنچا ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر راجوری سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں مداخلت کرتے ہوئے پانی کی نکاسی کا انتظام کروائیں تاکہ آئندہ پھر سے نقصان کاسامنا نہ کرناپڑے۔
بادل پھٹنے سے چھ مویشی ہلاک
سمت بھارگو
راجوری //راجوری کے چنگس ناریاں علاقے میں بادل پھٹنے سے چھ مویشی ہلاک ہوگئے ہیں ۔ یہ واقعہ کٹیرہ جگیر علاقے کے نالے میں پیش آیاہے جہاں تین کنبوں سے تعلق رکھنے والے چھ مویشی ہلاک ہوئے ہیں ۔ ذرائع نے بتایاکہ مویشی جنگلات میں گھاس چر رہے تھے جس دوران اچانک سے بادل پھٹ گئے اور وہ اس کی زد میں آکر بہہ گئے ۔اگرچہ مویشیوں کو پانی میں بہتے دیکھ کر مقامی لوگ وہاں جمع ہوئے اورانہوں نے بچائو کی کوششیں کیں تاہم اس میں انہیں کامیابی نہیں ملی ۔اس دوران پولیس کی ٹیم نے بھی موقعہ پر پہنچ کر جائزہ لیا ۔
کسان کانفرنس نوشہر ہ کا اجلاس
رمیش کیسر
نوشہرہ//کسان کانفرنس نوشہرہ کا ایک اجلاس زیر صدارت اس کے صدر یشپال کامریڈ منعقد ہواجس میں ریاستی گورنر سے مطالبہ کیاگیاکہ نوشہرہ میں ایجوکیشن کی شاخ کھولی جائے ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے یشپال کامریڈ نے کہاکہ نوشہرہ کے عوام نے گزشتہ کئی برسوں سے جموں و کشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن کی شاخ کی منظوری کی مانگ جاری رکھی ہوئی ہے لیکن ہنوز سرکار نے اس سلسلے میں کوئی اقدام نہیں کیاگیا ۔انہوں نے کہاکہ اگر سرکار سندر بنی میں شاخ کھول سکتی ہے تو پھر نوشہرہ کے ساتھ کیوں امتیاز برتاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ وہ کئی برسوں سے اس ایجوکیشن شاخ کی مانگ کررہے ہیں جسے ریاستی گورنر کو پورا کرنے کے اقدامات کرنے چاہئیں ۔
روٹ پرمٹ کے 31 معاملات کو منظوری
راجوری//ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راجوری کی ایک میٹنگ ڈپٹی کمشنر محمد اعجاز اسد کی صدارت میں منعقد ہوئی جس دوران روٹ پرمٹ سے جڑے اکتیس معاملات کو منظوری دی گئی ۔ یہ روٹ پرمٹ منی بسوں ، آٹو رکھشائوں اور چار پہیہ گاڑیوں کے لئے ہیں ۔میٹنگ میں ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس ، اے آر ٹی او نیرج شرما اور ٹریفک پولیس کے عہدیداران بھی موجود تھے ۔اس موقعہ پر اے آر ٹی او نے بتایاکہ دورافتادہ علاقوں جیسے مندرگالا، ریحان ، کوٹرنکہ ،بدھل ،پنہڈ، دلہوڑی وغیرہ کے لوگوں کو بہتر ٹرانسپورٹ سروس نہ ہونے کی وجہ سے سخت مشکلات کاسامناکرناپڑتاہے ۔ انہوں نے اس موقعہ پر دستیاب گاڑیوں کی تفصیل اور کئی روٹوں کیلئے مزید گاڑیوں کی ضرورت کے بارے میں بھی بتایا۔میٹنگ میں روٹ پرمٹ کے بیالیس میں سے اکتیس معاملات کو منظوری دی گئی ۔ڈپٹی کمشنر نے سختی سے ہدایت دی کہ منی بسیں اپنے منظور شدہ روٹ پرمٹ کے مطابق چلیں ۔ انہوں نے کہاکہ ائورلوڈنگ ، اضافی کرایہ اور دیگر چیزوں کا خیال رکھاجائے اور قوانین کی پاسداری کو یقینی بنایاجائے ۔
عمران خان کا بیان خوش آئند
بھارت مثبت جواب دے:رشید قریشی
جموں//پی ڈی پی سنیئرلیڈر اور سابقہ ایم ایل سی محمد رشید قریشی نے ہندوستان وپاکستان کے درمیان بہتر تعلقات اور مسئلہ کشمیر حل کے حوالہ سے پاکستان کے نئے متوقع وزیر اعظم عمران خان کے بیان کا خیر مقدم کیاہے۔ایک بیان میں قریشی نے کہاکہ تحریک انصاف اورپاکستان کے متوقع نئے وزیر اعظم عمران خان نے بھارت کو بات چیت کی جوپیشکش کی ہے وہ ایک خوش آئند قدم ہے۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی روز اول سے ہندوپاک کے مابین مذاکرات کی وکالت کرتی آرہی ہے کیونکہ ہند پاک کے درمیان بہتر تعلقات اور دوستی برصغیر میں قیام امن کی ضمانت ہے۔پی ڈی پی لیڈر نے کہاکہ عمران خان نے قوم کے نام اپنے پہلے خطاب میں جو بیان دیااس سے ایک امیدجگی ہے کہ آنے والے دنوں میں ایک دونوں ممالک کے درمیان نہ صرف تعلقات خوشگوار ہوں گے بلکہ پاکستان کی اندرونی صورتحال بھی مستحکم ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ برصغیر ہند میں امن وخوشحالی کے لئے ہندوستان اور پاکستان دونوں کے آپسی بہتر تعلقات اور اندرونی استحکام لازمی ہے۔انہوں نے امیدظاہر کی کہ بھارت کی قیادت بھی اس کا مثبت جواب دے گی اور امن عمل کا یہ سلسلہ آگے بڑھے گا۔
راجوری میں سوچھ سورکھشا گرامین مہم کوحتمی شکل
راجوری // دیہی علاقوںمیں بنیادی سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے ٗضلع ترقیاتی کمشنر نے راجور ی میں سوچھ سرکھشا گرامین مہم کو حتمی شکل شکل دی ۔وزار ت پانی اورشفاف پینے کی سپلائی نے ریاست بھرکے تمام اٗضلاع میں بہتزین خدماتی صورتحال میں فروغ دینے کیلئے کئی کارگراقدامات اٹھائے ہیں اور اس ضمن میں ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمشنر راجوری اعجاز اسدنے سرکار کی جانب سے چلائی جارہی سکیموں کو حتمی شکل دینے کیلئے ایک خصوصی میٹنگ طلب کی تھی۔ میٹنگ میں ایڈیشنل ترقیاتی کمشنر اے ایس چب۔اے ڈی سی راجوری شیرسنگھ۔ شفیق احمد،گورمکھ سنگھ۔افضل مرزا۔نصیب احمد۔سریش گپتا وغیرہ کئی اعلی افسران نے شرکت کی جس میں سوچھ سورکھشا گرامین مہم کو حتمی شکل دی گئی۔
پونچھ کے خوبصورت مقامات کو سیاحتی نقشے پرلانے کی ضرورت:شہزادملک
پونچھ//وائس چانسلر سائی ناتھ یونیورسٹی ڈاکٹرشہزادملک نے کہاہے کہ ضلع پونچھ کے نوجوانوں کوروزگارکے مواقعے فراہم کرنے کیلئے ضلع کے سیاحتی مقامات کوسیاحتی نقشے پرلانے کی اشدضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ خطہ پیرپنچال کے دونوں اضلاع راجوری اورپونچھ میں سیاحوں کوراغب کرنے کے لئے بے شمارخوبصورت مقامات ہیں جن کی طرف حکومت کوتوجہ دینے چاہیئے۔ انہوں نے کہاکہ پونچھ کے سیاحتی مقامات کوسیاحتی نقشے پرلانے سے نہ صرف مقامی نوجوانوں کوروزگارملے گابلکہ ریاست کی معیشت بھی بڑھے گی۔انہوں نے کہاکہ پونچھ ثقافتی مقامات کاخزانہ ہے جس کوابھی تک ریاستی حکومت کی طرف سے پوری طرح سے منظرعام پرنہیں لایاگیاہے ۔شہزادملک نے کہاکہ پونچھ کی تاریخ کامطالعہ کرنے سے اس علاقے کی اہمیت واضح ہوجاتی ہے کہ اس میں کس قدر سیاحتی صلاحتیں موجود ہیں۔انہوں نے پونچھ کے سیاحتی مقامات کوترقی دینے اوروہاں انفراسٹریکچربہتربنانے سے ہوٹل والوں، کلیوں ، ریسٹورنٹ والوں، ڈھابہ والوں نیز ٹیکسی ڈرائیورتک کوروزگارکے وافرمواقعے ملیں گے ۔ڈاکٹر شہزادملکنے الزام لگایاکہ پونچھ کے سیاسی نمائندے ضلع کے سیاحتی مقامات کی ترقی کیلئے سنجیدہ نہیں ہیں ۔شہزادملک نے کہاکہ کٹرہ قصبے کے بعدپونچھ دوسرامقام ہے جو صوبہ جموں میں سیاحوں کواپنی جانب راغب کرنے کی صلاحیت سے مالامال ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت پیرکی گلی،نوری چھم آبشار، چنگس، مغل سرائے، بھمبرگلی، تھنہ منڈی ،پرانے پونچھ قلعہ اوربارڈرٹورازم کی طرف توجہ دے کر خطہ پیرپنچال کی تقدیرکوبدلنے کیلئے اقدامات اٹھانے چاہئیں۔