پیس اینڈ ویلفیئر کمیٹی گول کا یوم تاسیس
زاہد بشیر
گول//پیس اینڈ ویلفیئر کمیٹی گول کو دو سال ہوئے اور آج اپنے یوم تاسیس پر گول کے عوام کو ایک پیغام میں جہاں مبارک باد دی وہیں انہیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازا ۔ پریس کے نام جاری ایک بیان میں کمیٹی کے صدر عبدالرشید بیگ نے کمیٹی کے تمام عہدیداروں ،ممبران ، بیو پار منڈل گول، اور گول کے عوام کو دل کی عمیق گہرائیوں سے مبارک باد پیش کیا ۔کمیٹی کے کامیاب دو سال ہونے پر بیگ نے کہا کہ جس طرح سے عوام نے ، بیو پار منڈل اور کمیٹی کے عہدیداروں نے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور انہیں انتظامیہ تک پہنچانے میں کوشش کی وہ قابل تحسین ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اطمینان ہے کہ ہم عوامی مسائل کو اجا گر کرنے اور کسی حد تک مسائل کو حل کروانے میں کامیاب رہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی مسئلہ کمیٹی کے پاس آیا اور انہوں نے ا س مسئلے کو سرکار اور انتظامیہ تک پہنچانے اور انہیں حل کرنے کی کامیاب کوشش کی ۔ بیگ نے اس موقعہ پر کہا کہ وہ عوامی مسائل کو آگے بھی حل کرنے میں پیش پیش ہیں اور لوگوں کو چاہئے کہ وہ اپنے مسائل اُن تک پہنچائیں ۔ انہوں نے عوام کو سوجھ بوجھ کے ساتھ نیک اور ایماندار نمائندہ چننے کا مشورہ دیا تا کہ وہ عوام سے جو بھی وعدے کرے انہیں پورا کرنے میں کوتاہی نہ برتے۔
کشتواڑ کے دیہات میں پانی کی سخت قلت کا سامنا
کشمیر عظمیٰ
کشتواڑ//محکمہ صحت عامہ پر لوگوں کی حالت زار کو نظر انداز کرنے کامبینہ الزام لگاتے ہوئے کشتواڑ کے مکینوں نے فوری طور سے انکے مطالبات کو حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔بلاک پلماڑ او رسنگرام بھاٹا کے مکینوں نے الزام لگایا ہے کہ محکمہ کی بد نظمی کی وجہ سے ان علاقوں میں پینے کے پانی کی سنگین قلت ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ میں بہنے والی بیشتر نہریں خُشک ہوئی ہیں۔سنگرام بھاٹا کے لوگوں نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ انہوں نے حُکام کے خلاف کئی مرتبہ احتجاج کیا لیکن بد قسمتی سے اسکا کوئی اثر نہیں ہوا ہے۔ ایک مقامی خاتون نے کہا کہ ہمیں ایک بالٹی پانی حاصل کرنے کے لئے آدھا گھنٹہ لگتا ہے ۔لوگوں نے کہا کہ پانی فراہم کرنے میں ناکام رہنے کی وجہ سے مقامی لوگوں میں محکمہ صحت عامہ کے خلاف ناراضگی پائی جاتی ہے۔ پھر بھی محکمہ صحت عامہ نے ابھی تک اس مسئلہ کا حل نکالنے کیلئے کوئی ٹھوس قدم نہیں اُٹھایا ہے۔مکینوں نے محکمہ سے ان علاقوں میں پانی مہیا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ان لوگوں نے محکمہ صحت عامہ کے ایگزیکٹو انجینئر سے ان علاقوں میں پینے کا پانی مہیا کرنے کی اپیل کی ہے۔ ان لوگوں نے انتباہ کیا کہ اگر ان علاقوںمیں پانی فوری طور سے فراہم نہیں کیا گیا تو وہ سڑکوں پر آنے کو مجبور ہو جائیں گے۔
جے اینڈ کے کلریکل ایسو سی ایشن کا وفد مشیر سے ملاقی
جموں // جموں و کشمیر اینڈ لداخ آل ڈیپارٹمنٹل کلریکل سٹاف ایسو سی ایشن کا ایک وفد گورنر کے مشیر بی بی ویاس سے ملاقی ہوا اور انہیں اپنے مطالبات کی ایک فہرست پیش کی۔ مطالبات میں نیونئیر اسسٹنٹوں کی تنخواہ سکیل 4000-6000 روپے ،سینئر اسسٹنٹوں کی تنخواہ سکیل 4500-7000روپے اور ہیڈ اسسٹنٹ/اسٹینو گرافروں کی تنخواہ سکیل 5500-9000 پری ریوائزڈ سکیل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ وفد نے مشیر کو بتایا کہ ایسوسی ایشن کی یہ ایک دیرینہ مانگ ہے۔مشیر نے وفد کو یقین دلایا کہ یہ مدعا عنقریب ہی حل کیا جائے گا اور اگلی ایس اے سی اجلاس میں پیش کیاجائے گا۔ وفد نے مشیر کو ہائی کورٹ کے تاریخی فیصلہ کو لاگو کرنے کا مطالبہ کیا اور کلریکل کیڈر کی تنخواہوں میں تفاوت کو دور کرنے کی اپیل کی۔وفد نے مطالبہ کیا کہ تنخواہوں میں تفاوت کو 01-01-1996 سے نوشنل جبکہ مالی فوائد کے ساتھ 19-02-2003سے جاری کرنے کی اپیل کی۔وفد میں بابو حُسین ملک، روی سنگھ باہو، بھارت بھوشن کوتوال، منیش شرما ، گورمیت سنگھ، وکاس چندر، ارون شرما ، تلک راج ،سیوا رام ودیگران شامل تھے۔
کرگل وجے دوس تقریبات
گوہا مرمت میں مضمون نویسی کا مقابلہ
عظمیٰ نیوز
ڈوڈہ //ضلع ڈوڈہ کے مرمت گائوں میں مضمون نگاری کے ایک مقابلہ کا اہتمام کیا گیا۔ یہاں موصولہ ایک پریس ریلیز کے مطابق فوج کی جانب سے کرگل وجے دوس کی تقاریب کے سلسلہ میں مرمت کے صدر مقام گوہا میں ہوئے اس مقابلہ میں علاقہ کے مختلف تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے 45بچوں نے حصہ لیا اور خاصے جو ش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ بچوں اور اساتذہ نے فوج کی طرف سے اٹھائے گئے ان اقدامات کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بچوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لئے مواقع ملتے ہیں۔ مقررین نے کرگل کی جنگ کے دوران ہندوستانی فوج کی طر ف سے دکھائی گئی بہادری پر روشنی ڈالی اور ساتھ ہی اپنے فرائض منصبی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے پسماندگان کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ اول، دوم اور سوئم آنے والے طلباء کو انعامات دینے کے ساتھ ساتھ تمام شرکاء کو بھی اعزازات دے کر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔
منشیات فروش گرفتار ،40گرام ہیروئن برآمد
جموں //گاندھی نگر پولیس اسٹیشن نے وئیر ہائو س،جموں میں گاڑیوں کی چیکنگ کے لئے ایک ناکہ لگایا ۔دوران چیکنگ پولیس پارٹی نے ایک تویرا زیر رجسٹریشن نمبر JK02BB-2317 کی چیکنگ کے دوران گاڑی سے40گرام ہیروئن برآمد کیا ،دوران تحقیقات ڈرائیور نے اپنا نام بطور پردیپ سنگھ ولد درشن سنگھ ساکنہ کنیا ،پونچھ کے بطور ظاہر کیا۔ اس کے ساتھ ہی پولیس نے گاندھی نگر پولیس اسٹیشن میںایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر 164/2018درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی۔ منشیا ت کی برآمدگی اور گرفتاری ایس ایچ او پولیس اسٹیشن گاندھی نگر انسپکٹر سنیل سنگھ نے انچارج پولیس پوسٹ نہرو مارکیٹ ایس آئی سندیپ چاڑک کی معاونت سے زیر نگرانی ایس ڈی پی او ساوتھ رفیق منہاس انچارج ایس پی سٹی ونے کمار اور ایس ایس پی جموں وویک گپتا (آئی پی ایس ) کی نگرانی میں انجام دی۔