مینڈھر میں پی ڈی پی کا ماہانہ اجلاس
مرفاد کے قتل کی مذمت ،35اے کے تحفظ پر زور دیا
مینڈھر//پی ڈی پی زون مینڈھر کی ماہانہ میٹنگ زیر صدارت محمد اعظم ساگر زونل صدر و زیر سرپرستی ایڈووکیٹ محمد معروف خان سینئر لیڈر منعقدہوئی جس میں ترقیاتی امور اور عوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیاگیا۔یہاں جاری بیان کے مطابق اس موقعہ پر مقررین نے گلہوتہ کے نوجوان مرفاد شاہ کے بٹھنڈی میں سابق وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کے باہر سیکورٹی اہلکاران کے ذریعہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے ملوثین کیخلاف سخت کاروائی کی مانگ کی ۔انہوں نے کہاکہ اس قتل کے پیچھے سازش کو بے نقاب کیاجائے اور سی سی ٹی وی فوٹیج و گواہان کے بیانات کی روشنی میں معیاد بند انکوائری رپورٹ منظر عام پر لائی جائے۔ معروف خان نے انتباہ دیاکہ اگر انتظامیہ نے اس معاملے پر کسی قسم کی لیت ولعل سے کام لیاتو مینڈھر ہی نہیں بلکہ پورے ضلع پونچھ میں احتجاج کا سلسلہ شروع کیاجائے گا اور کسی بھی صورت میں اس بے قصور نوجوان کے قتل کو خرد برد نہ ہونے دیاجائے گا۔اس موقعہ پر آئین ہند کی دفعہ370اور 35Aپر بھی تبادلہ خیال ہوااور مقررین نے کہاکہ ریاست کی خصوصی حیثیت کو بچانے کیلئے جان کی قربانی دینے کو تیار ہیں ۔ معروف خان نے کہاکہ اس مدعے پر ریاست کے تمام لوگوں، تمام سیاسی اور مذہبی پارٹیوں کا موقف ایک ہے اور ضرورت پڑنے پر سب اکھٹے ہو کر بلا امتیاز مذہب و ملت ،رنگ اور نسل ،علاقہ و لسان اس سازش کا مقابلہ کریں گے۔انہوںنے کہاکہ فرقہ پرست قوتیں ریاست کے الحاق کے پیچھے ہیں اور وہ چاہتی ہیں کہ جموں و کشمیر میں ایک بار پھر خون خرابہ کا ماحول پیدا ہو۔اس موقعہ پر ایڈووکیٹ اکبر حسین، سید نذیر حسین شاہ ،خواجہ محمد یونس میر،محمد اسلم خان کھوکھر،چوہدری محمد سلیم،راجا نسیم خان،محمد اکرم خان،محمد دین پسوال نائب صدر ضلع پونچھ ، چوہدری محمد صادق نائب صدر زون مینڈھر،غلام احمد خان، نائب صدر زون ہرنی،محمد صادق خان منہاس،ایڈووکیٹ ناہیدہ بیگم،میڈم زاہدہ چوہدری،ایڈووکیٹ تنویر اقبال قریشی،محمد مجید خان،چوہدری محمد شوکت ایڈووکیٹ،چوہدری محمد حفیظ چھجلوی،محمد صدیق قریشی ،محمد اعظم فانی وغیرہ بھی موجو دتھے ۔
مرحوم مولانا شیخ غلام رسول کی خدمات ناقابل فراموش: مولانا زبیر احمدندوی
ارشد کاظمی
بٹوت // قصبہ بٹوت سے تعلق رکھنے والے عالم دین واسلامی مفکر مرحوم مولانا شیخ غلام رسول کی لگ بھگ سو سال کی عمر میں دوروز قبل ہوئی وفات پراُن کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین اور اُن کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کاسلسلہ برابر جاری ہے لہذا آج اُن کے غمزدہ اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرنے اُن کے آبائی گھرواقع میونسپلٹی وارڈ نمبر 7بٹوت نزدیک جامعہ قدیم مسجدپر تشریف لائے۔ جماعت اسلامی ضلع رام بن کے معاون امیر وصدر مولانا زبیر احمد ندوی نے روزنامہ کشمیر عظمیٰ سے بات چیت میں مولانامرحوم کی دینی خدمات اوراُن کے حالات زندگی پر روشنی ڈالتے ہوے بتایا،مولانا مرحوم نے اپنی ساری زندگی دین برحق اسلام کی سربلندی کے لئے جہدو جہد میں گزاری اُن کی زندگی کے شب و روزدعوت و تبلیغ کی ان تھک محنت اقامت دین کی کوششو ں میں مشغول و مصروف رہتے ہوے گزرے، انہوں نے 1938ٗمیںاپنے والد مولانا جمال دین مرحوم کی وفات کے بعد نوعمری میں امام وخطیب مرکزی جامعہ مسجد بٹوت کامنصب سنبھالااور وہ یہ ذمہ داری سال1979تک برابر انجام دیتے رہے اور اسکے بعدوہ اپنی وفات سے دو ماہ قبل تک جامعہ قدیم بٹوت میں امام وخطیب کی ذمہ داریاں مسلسل انجام دینے میں مشغول عمل رہے لہذا رحوم نے اپنی زندگی میںاسی سال تک مسلسل امامت کے فرایض انجام دیئے مرحوم علم وعمل کے ساتھ اسلامی طرز زندگی کاعملی پیکر تھے اُن کی تمام زندگی معاشرے کی اسلامی طرز پر اصلاح کی کوششوں وجہدو جہد میں گزری ،وہ تحریک اسلامی جموں وکشمیر کی آبیاری میں محو فکر وعمل رہے اور اس مقصد عظیم کی اصلوبی کی خاطر بے حد کٹھن دشوار گزار حالات کا سامنا بھی صبرو استقامت کے ساتھ کرتے رہے،مولانا مرحوم نے مسلمانان بٹوت کے نونہالوںکو دینی و دنیوی تعلیم زیور سے آراستہ کرنے کی خاطر آج سے پچاس برس قبل 1967 میں قصبہ بٹوت کے اسلامی سوچ و فکر رکھنے والے بزرگان ، مرحوم خواجہ منگتو میر، مرحوم منشی حسن دین ، مرحوم خوشی محمد میر ،مرحوم سیف دین وانی ،مرحوم قاضی غلام رسول، مرحوم محمد دین راتھر، مرحوم نذیر احمد سلاریہ،مرحوم حبیب بٹ،مرحوم عبدالسلام بٹھی کے ساتھ مل کرقائد ملت مولانا مرحوم حضرت غلا م احمد احرار ترالی ؒکی سرپرستی میں درسگاہ اسلامیہ سکول بٹوت کی بنیاد رکھی،لہذا موجودہ وقت میں وہی درسگاہ اسراریہ فریدیا سکول کے نام پر مسلمانان بٹوت کے بچوں کو ایک ساتھ دینی و دنیوی تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے میں تن دہی سے مصروف عمل ہے مزید اس موقعہ پر مولانازبیر احمد ندوی نے مولانا مرحوم کی بے شمار دینی خدمات کو یادکرتے ہوے کہا مولانا زندگی بھر قصبہ بٹوت کی سر زمین پر اقامت دین کی خاطر درس حدیث و قُرآن کامتواتر اہتمام کرتے رہے اور اس سلسلے میں جامعہ قدیم بٹوت میں ہفتہ وار اجتمات کاانعقاد کرانا ان کا زندگی بھر معمول رہا، مولانا زبیر احمد ندوی نے مولانا مرحوم شیخ غلام رسول کے حق میں ایصال ثواب اور اُن کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دُعا کی۔
سیول سوسائٹی ڈوڈہ کا اظہار تعزیت
ڈوڈہ//سیول سو سائٹی ڈوڈہ نے گندنہ کے سماجی کارکن محمد یوسف پرے اور بزرگ عالم دین ومحاذ رائے شماری کے اہم رکن مولوی غلام رسول (بٹوت )کی وفات پر ایک تعزیتی اجلاس نصیر احمد کھوڑا کی صدارت میں منعقد کیا۔تعزیتی اجلاس میں ان دونوں شخصیات کی موت کو ایک بڑا نقصان قرار دیاگیا۔اس لئے کہ ان دونوں مر حومین نے اپنے اپنے اعتبار سے سماجی اور مذہبی طور بت حد خدمات انجام دی ہیں جو کہ ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔اجلاس میں شرکاء نے ان کے حق میں دعائے مغفرت اور فاتح خوانی بھی کی اور غمزدہ خاندان کیلئے نیہات دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا گیا۔واضح رہے کہ مولانا غلام رسول عالم دین ہونے کے ساتھ ساتھ جموں کشمیر محاذ رائے شماری کے ایک اہم رکن مانے جاتے تھے۔
رام بن میں یوم آزادی کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی
رام بن / / ضلع میں یوم آزادی 2018کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنر شوکت عزیزبٹ کی قیادت میں بُدھ کے روز ایک اجلاس منعقد ہوا۔اے ڈی ڈی سی رویندرسادھو ،اے ڈی سی گوریندر جیت سنگھ ،اے ایس پی سنجے پریہار، اے سی آر وویک پوری، سی ای او، سی اے او، سی ایچ او، پی ڈبلیو ڈی کے ایگزیکٹو انجینئر و دیگر ضلع و سیکٹورل افسروں نے اجلاس میں شرکت کی۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ تقریب ضلع پولیس لائن گرائونڈ میں منعقد کی جائے گی، انہوں نے تقریب خوش اسلوبی سے منعقد کرنے کے لئے تمام ضلع افسروں کو قریبی تال و میل بنانے کی ہدایت دی۔انہوں نے ضلع افسروں اور انکے ماتحتوں سے اس موقعہ پر اپنی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت دی۔تقریب کی ریہرسل مختلف اداروں کی جانب سے جاری ہے۔چیف میڈیکل افسر کو تقریب کی جگہ پر ایک ایمبولنس تمام ضرورری انتظامات کے ساتھ تیار رکھنے کی ہدایت دی گئی۔اجلاس میں تقریب خوش اسلوبی اور کامیابی سے منعقد کرنے کے لئے مختلف انتظامات پرجیسے کہ سیٹنگ ،بندشیں ، پینے کے پانی، اور بجلی سپلائی ،صحت و صفائی ،فسٹ ایڈ خدمات، سیکورٹی، فائر سروسز ،ٹرانسپورٹ،ٹریفک کی باقاعدگی اور طلاب کو ریفرشمنٹ دینے پر تفصیلی بات کی گئی۔
مہورپولیس اہلکار کی اچانک موت
زاہد ملک
مہور// سب ڈویژن مہور کے پولیس سٹیشن میں ایک سلیکشن گریڈ پولیس اہلکار کی اچانک موت واقعہ ہو گئی جس کی شناخت بشیر احمد ولد محمد دین عمر 43 سال ساکن جڈا تحصیل ارناس ضلع ریاسی کے طور پر کی گئی ہے۔ متوفی بشیر احمد محکمہ پولیس میں عرصہ 22 سال سے ملازم تھا جبکہ متوفی گذشتہ آٹھ ماہ سے پولیس اسٹیشن مہور میں تعینات تھا ۔قابل ذکر ہے کہ عصر کی نماز کیلئے وضو بناتے ہوئے متوفی بشیر احمد کی اچانک موقعہ پر موت ہو گئی۔
چکہ رامسو سڑک کی تعمیرلیت و لعل کاشکار
صرف دوکلومیٹر کے ٹینڈرنکالنے سے عوام پریشان
زاہد بشیر
رام بن//نیشنل کانفرنس کے سینئر ضلع نائب صدر رام بن عطا محمد کٹوچ نے پریس کے نام جاری ایک بیان میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ محکمہ تعمیرات عامہ نے کئی سالوں سے چکہ روڈ کو لٹکا کر رکھا ہے اور تین کلو میٹر کے بجائے صرف ایک کلو میٹر کا ٹینڈر نکالا ہے اُس ایک کلو میٹر میں بھی آدھ سے زیادہ ریلوے نے تعمیر کیا تھا اور محکمہ نے اس ایک کلو میٹر پر اس لئے سرعت سے کام کیا کیونکہ اس میں انہوںنے آدھ سے زیادہ رقم اپنی جیبوں میں ڈالی اور باقی دو کلو میٹر کا ٹینڈر نہیں نکالا جا رہا ہے جس وجہ سے لوگ کافی پریشان ہیں ۔عطا محمد کٹوچ نے کہا کہ پہلے چکہ کی جانب ریلوے نے روڈ نکالا تھا اور انہوں نے عوام اور محکمہ جنگلات کو معاوضہ بھی دیا تھا آگے کی جانب روڈ التواء میں تھا اور محکمہ تعمیرات عامہ نے چکہ علاقہ کو باقی دنیا کے ساتھ ملانے کے لئے صرف ایک کلو میٹر کا ٹینڈر نکالا باقی نہیں نکالا جس وجہ سے یہاں کی عوام کافی پریشان ہیں ۔ انہوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ان دو کلومیٹر کا بھی ٹینڈر نکالا جائے تا کہ یہاں کی عوام کو آسانی ہو سکے ۔
کے وی کے ڈوڈہ میں بیداری پروگرام کا اہتمام
طاہر ندیم خان
بھدرواہ //’’عالمی بریسٹ فیڈنگ ہفتہ‘‘ منانے کے سلسلہ میںکرشی وگیان کیندر ڈوڈہ کی جانب سے مُختلف دیہات میں بیداری پروگرام منعقد کئے گئے۔پروگرام اے ڈی ای اور انچارج کے وی کے ساکسٹ جموں ڈاکٹر آر کے اروڑہ کی گائیڈنس پر منعقد کئے گئے۔ہفتہ بھر چلنے والے پروگراموں میں ،جن میں سے بیشتر کا افتتاح انچارج سائنٹسٹ اور ہیڈ ڈاکٹر رونیت کور نے کیا تھا ،میں ہر عمر کی تقریباً241 خواتین نے اپنے بچوں کے ہمراہ شرکت کی۔ڈاکٹر رونیت کور نے اپنے خطاب میںکھیتی میں کام کرنے والی خواتین کو بریسٹ فیڈنگ کے فوائد کی جانکاری دی۔انہوں نے کہا کہ بریسٹ فیڈنگ سے مادر اور شیر خوار بچوں کو اچھی صحت ملتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماں کی چھاتی کا دودھ بچے کیلئے سب سے مقوعی خوراک ہے اور پہلے مرحلہ کا چھاتی کا دودھ بچے کے لئے پہلی ایمو نائزیشن ہے۔انہوں نے کہا کہ چھاتی کا دودھ وٹامن ،پروٹین اور فیٹ کا مجموعہ ہے۔پروگرام کا اہتمام پروگرام اسسٹنٹ شوانی شرما نے کیا جنھوں نے خواتین کو بریسٹ فیڈنگ کے فوائد سے آگاہ کیا۔آشا ورکروں اور آنگن واڑی ورکروں نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔منتھلا اور دوالہ میںمنعقد کئے گئے پروگراموں کی نگرانی میڈیکل افسر ڈاکٹر وندنا شرما نے کی۔لیکچر مقامی زبان میں دیا گیا ،تاکہ خواتین کو اس پروگرام سے زیادہ سے زیادہ فائدہ ہو۔خواتین نے پروگرام میں کافی دلچسپی دکھائی اور بریسٹ فئیڈنگ کے متعلق مختلف سولات پوچھے۔
ایس ایس پی کشتواڑکے اعزاز میں الوداعیہ
کشتواڑ//ٹریڈرز ایسو سی ایشن کشتواڑ کی جانب سے ایس ایس پی ابرار چودھری کے تبادلے پر انکے اعزاز میں ایک شاندار الوداعیہ کا اہتمام کیا،جنھیں تبدیل کرکے کمانڈنٹ آئی آر چوتھی بٹالین مقرر کیا گیا ہے۔پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ٹریڈرز نے کہا کہ انکے درمیان رشتے بہت ہی مظبوط تھے، جسکی وجہ سے انہوں نے ایس ایس پی کے اعزا زمیں الوداعیہ منعقدکیا۔الوداعیہ کے دوران چناب ویلی ٹریڈرز ایسو سی ا یشن اشتیاق احمد وازا نے تبدیل ہوئے پولیس افسر کے رول کو اُجا گر کیا ،جو انہوں نے علاقہ میں امن اور بھائی چارہ قائم رکھنے میں ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس افسر نے ہمیشہ سے ہی عام لوگوں ،نوجوانوں کے ساتھ رابطہ قائم رکھا اور ضلع میں کھیل کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی حوصلہ افزائی کی اور منشیات فروشوں کے خلاف جاری مہم میںمتعدد منشیات فروشوں کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے کر دیا ۔اس موقعہ پر ڈی سی انگریز سنگھ رانا نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔بعدازاں اپنے خطاب میں ایس ایس پی ابرار چودھری نے کہا کہ ضلع کے عوام نے ضلع میں سسٹم کو درست کرنے میں کافی مدد کی۔انہوں نے اپنی مدت کے دوران کشتواڑ کے عوام کا تعاون دینے پر شکریہ ادا کیا۔تقریب میں اے ڈی ڈی سی ، اے ڈی سی ،اے ایس پی، ایس ڈی پی او، اے آر ٹی او، ایس ایچ او و ٹریڈرز ایسو سی ایشن کے دیگر ممبران نے بھی شرکت کی۔