جموں میں’ کھیلوانڈیا ‘کے تحت کھیل مقابلوں کا آغاز
یو این آئی
جموں // جموں وکشمیر کے سرمائی دارالحکومت جموں میں پیر کے روز یہاں مولانا آزاد سٹیڈیم میں ’کھیلو انڈیا‘ کے تحت پندرہ روز تک جاری رہنے والے کھیل مقابلوں کا آغازہو گیا ۔’کھیلو انڈیا ‘کے تحت ضلع سطح کے ان کھیل مقابلوں کا صوبائی کمشنر جموںسنجیوورمانے انسپکٹرجنرل آف پولیس جموں ایس ڈی سنگھ جموال اور دیگر معززین کی موجودگی میں افتتاح کیا ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کھیلوانڈیاکے تحت 15اکتوبر سے31اکتوبر تک صوبہ جموں کے سبھی علاقوں میں مختلف کھیل تنظیموں اور جموں وکشمیر سٹیٹ سپورٹس کونسل کی جانب سے انڈر18کھیل مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر مقررین نے کہا کہ اس طرح کے کھیل مقابلوںسے نوجوانوں کی قدرتی صلاحیت کو نکھارنے میں مدد ملتی ہے ۔اس موقع پر مختلف ایسوسی ایشنزکے نمائندے اور متعدد سرکاری عہدیدار موجودتھے ۔یو این آئی
ویشنو دیوی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی گورنر سے ملاقات
سرینگر //شری ماتا ویشنو دیوی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سنجیو جین نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔انہوں نے یونیورسٹی کے تدریسی، تحقیقی اورانتظامی امور کے علاوہ یونیورسٹی سے متعلق دیگر معاملات کے بارے میں گورنرسے تبادلہ خیال کیا۔گورنر نے یونیورسٹی میں تحقیقی و تدریسی نظام میں بہتری لانے اور طُلباء کے لئے لائبریری، انڈور اور آؤٹ ڈور سپورٹس اور غیر نصابی سرگرمیوں کا اہتمام کرنے، بہترین کارکردگی دکھانے والے طُلباء اور پسماندہ طُلباء کے لئے سکیم تشکیل دینے سمیت یونیورسٹی میں خالی اسامیوں کو پُر کرنے کی ہدایت دی۔
نوجوان صبروتحمل کامظاہرہ کریں :جموں مسلم فرنٹ
جموں//جموں مسلم فرنٹ نے وادی کے موجودہ حالات پرتبادلہ خیال کرتے ہوئے نوجوانوں کے غلط راستوںپرگامزن ہونے کے رجحان پرتشویش کااظہارکیا ۔فرنٹ نے نوجوانوں کوریاست جموں وکشمیرکے حالات کے تناظرمیں ایک اہم فریق قراردیا۔یہاں جاری ایک پریس بیان میں فرنٹ کے صدرقاضی عمران نے نوجوانوں پرزوردیاکہ وہ تعلیم پرتوجہ دے کراپنی کارکردگی کامظاہرہ کریں ۔انہوں نے کہاکہ اسلام نے صبروتحمل کی تعلیم دی ہے اس لیے صبرکیاجائے۔فرنٹ کے چیئرمین نے ریاستی گورنرسے اپیل کی کہ وادی کے نوجوانوں کووقاربخشاجائے نہ کہ انہیں ہراساں کیاجائے۔چیئرمین ،ظفرنے یوپی ،دہلی،پنجاب اورممبئی کے وزراء اعلیٰ سے اپیل کی کہ ان کی ریاستوں میں ان کشمیری نوجوانوں جوتعلیم یاکاروبارکے سلسلے میں وہاں گئے ہیں ان کاتحفظ یقینی بنایاجائے۔انہوں نے رشوت خوری کے خلاف سخت رویہ اپنانے کیلئے گورنرکی ستائش کی اورشہرمیں غیرقانونی طورپرتعمیرات کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرنے پرزوردیا۔
پی ڈی پی ایک منفردسیاسی طاقت :حسین علی وفا
نئے نامزدعہدیداران کی عزت افزائی کیلئے تقریب منعقد
جموں//پی ڈی پی اعلیٰ قیادت کی طرف سے تنظیم میں مختلف عہدوں پرنامزدعہدیداران کی عزت افزائی کیلئے پارٹی دفترجموں میں تقریب کااہتمام کیاجس میں پارٹی کارکنوں وعہدیداران نے پی ڈی پی کوزمینی سطح پرمضبو ط کرنے کے عزم کااعادہ کیا۔اس موقعہ پرپارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی سیکریٹری پی ڈی پی حسین علی وفانے پارٹی قیادت کا تنظیمی ڈھانچے میں توسیع کرتے ہوئے نامزدعہدیدران پراعتماد کرکے ان کے کندھوں پرذمہ داری ڈالنے کیلئے شکریہ اداکیا۔انہوں نے کہاکہ پارٹی قیادت کے اس فیصلے سے پی ڈی پی صوبہ بھرمیں زمینی سطح پرمضبوط ہوگی۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی ایک منفردسیاسی طاقت ہے جس نے مشکل حالات میں ریاست کوترقی کی راہ پرگامزن کیا۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی ریاست میں امن اوربھائی چارے کوفروغ دینے کی وعدہ بندہے۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی عوام کی امنگوں کی ترجمانی کرنے والی جماعت ہے اسی لیے پسماندہ لوگوں کے مسائل کاازالہ کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات کرنے میں یقین رکھتی ہے۔اس دوران پارٹی ورکروں میں جوش وجذبہ پیداکرتے ہوئے دمن بھسین ،ممبرپی اے سی نے کہاکہ پی ڈی پی ہی ایک ایسی جماعت ہے جوریاست کے تین خطوں کی یکساں ترقی اوربہبودکویقینی بناسکتی ہے۔ماسٹرتصدیق حسین سینئرلیڈرپی ڈی پی نے کہاکہ پیپلزڈیموکریٹک پارٹی ریاستی عوام کی مضبوط سیاسی آوازہے جس کامقصد احتساب،شفافیت اوربہترین حکمرانی عوام کودیناہے۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی مفتی محمدسعیدکے نظریات کوفروغ دینے کیلئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہاکہ مفتی محمدسعیدنے ہندوستان اورپاکستان کے درمیان امن قائم کروانے میں اہم رول اداکیاتھا۔آرکے بالی ریاستی سیکریٹری نے مفتی محمدکادورحکومت ریاست کی تاریخ کاشانداردوررہا۔اس دوران تقریب میں جن عہدیداران کی عزت افزائی کی گئی ان میں دمن بھسین ممبرپی اے سی، آرکے بالی، چوہدری حسین علی وفاریاستی سیکریٹری ،ست پال سنگھ چاڑک، چیئرمین کسان سیل، سکھویندرسنگھ چیئرمین اوبی سی، رنبیرسنگھ مانگا، چیئرمین مائنارٹی سیل، ایس کے رینہ چیئرمین لیبرونگ ،ایس ایس سنگرال چیئرمین گریوینس سیل، سرجیت کورنائب صدروومن ونگ ، شفیع چیچی نائب چیئرمین ایس ٹی سیل ،چمن منیال جنرل سیکریٹری ایس سی سیل، یش بیرسنگھ منہاس کوآرڈی نیٹر اکھنورچھمب حلقہ، تعظیم ڈارترجمان راجوری،رچھپال سنگھ بلوریہ زون صدرگاندھی نگرشامل تھے۔
وجے پورمیں 55 سالہ شخص کی پراسرارخودکشی
جموں//سانبہ کے وجے پورعلاقہ میں ایک 55سالہ معمرشخص نے پراسرارطورپراپنے آپ کوچھت والے پنکھے کے ساتھ لٹکاکرزندگی کاخاتمہ کرلیاہے۔پولیس ذرائع کے مطابق گنیش شرما (55) ولد امرناتھ ساکن وارڈنمبر7 وجے پورکوپراسرارطورپرپنکھے کے ساتھ اپنی رہائش گاہ پرلٹکاہواپایاگیا،جس کے بعداسے گورنمنٹ میڈیکل کالج لے جایاگیاجہاں پرڈاکٹروں نے اسے مردہ قراردیا۔پولیس نے واقعہ کی وجوہات کاپتہ کرنے کیلئے کاروائی شروع کردی ہے۔پولیس نے قانونی لوازمات کی تکمیل کے بعدنعش ورثا کے حوالے کردی ہے۔
مختلف سڑک حادثات میں 1ہلاک،8زخمی
جموں//مختلف سڑک حادثہ میں ایک شخص ہلاک جبکہ 8 دیگرزخمی ہوگئے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق انوپ کمار(58) ولد بنسی لال ساکن جانی بازارسانبہ کوبڑی براہمناں میں ایک ٹپرنے ٹکرماردی جس کے بعداسے میڈیکل کالج جموں پہنچایاگیاجہاں پروہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑبیٹھا۔پولیس نے قانونی لوازمات کی تکمیل کے بعدنعش ورثاکے سپردکردی اورمتعلقہ دفعات کے تحت معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔اس کے علاوہ صوبہ جموں میں مختلف سرک حادثے پیش آئے جن میں آٹھ افرادزخمی ہوگئے جن کی شناخت ترویندرسنگھ ولد شام لال ساکن چک کالی راجوری اس وقت زخمی ہوگیاجب اسے نروال جموں میں ایک ٹرک نے ٹکرماردی۔ایک نوسالہ بچہ انشوولدستیم ساکن سینک کالونی کارکی ٹکرمیں زخمی ہوگیا۔منوال میں کلدیپ سنگھ ولد باغ سنگھ اس وقت زخمی ہواجب اس کی سکوٹی سڑک سے لڑھک گئی۔پولیس سٹیشن گھروٹہ کی حدودمیںمرجالی کے مقام پرموٹرسائیکل کی ٹکرمیں چھترسنگھ ولد دیسوزخمی ہوگیا۔ محمدحمید ولد غلام رسول اورشفیقہ بیگم ساکن کشتواڑ ،کشٹواڑمیں کارکی ٹکرمیں زخمی ہوگئی۔پولیس نے تھانوں میں متعلقہ دفعات کے تحت معاملے درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی محکمہ سول سیکرٹریٹ جموں کو
آئی ٹی سے متعلق مخصوص بنیادی ڈھانچہ فراہم کرے گا
سرینگر دربار مؤ کے دوران دفتری آئی ٹی بنیادی ڈھانچے کی ٹرانسپورٹیشن اور نقصان کو کم کرنے کے لئے محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سول سیکرٹریٹ جموں میں ڈیسک ٹاپ، لیپ ٹاپ، پرنٹر اور دیگر نوعیت کا آئی ٹی سے متعلق بنیادی ڈھانچہ فراہم کرے گا۔ اس سلسلے میں ضروری لوازمات شروع کی گئی ہیں۔محکمہ کی طرف سے جاری ایک سرکیولر کے مطابق تمام انتظامی سیکرٹریوں کو جموں میں دفاتر کھلنے کے بعد متعلقہ محکموں میں سرکاری کام کاج کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔سرکیولر کے مطابق سول سیکرٹریٹ سرینگر میں مناسب کمروں کی نشاندہی محکمہ اسٹیٹس کی مشاورت سے کرنے کے لئے کہا گیا ہے تا کہ موجودہ محکمانہ کمپیوٹروں اور دیگر سازو سامان کو 6ماہ کے لئے تالہ بند رکھا جاسکے۔سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ ہر ایک محکمہ متعلقہ کمپیوٹروں میں موجود داٹا کو سافٹ کاپی کے طور پین ڈرائیو کے ذریعے نئے کمپیوٹروں میں منتقل کرے جبکہ تمام دستاویزات کی ماسٹر کاپیز کو ہارڈ ڈرائیوز میں منتقل کیا جائے جن کی خرید آئی ٹی محکمہ کر رہا ہے۔