سرنکوٹ//سرنکوٹ کے مرہوٹ عید گاہ علاقے سے ڈوڈی کو جانے والی سڑک پہلے سے ہی خراب تھی جس کی حالت حالیہ بارشوں سے انتہائی خراب ہوگئی ہے۔بارشوں سے سڑک پر بنائی گئی پلی ٹوٹ گئی ہے جس کے بعد اب اس پر گاڑیوں کا چلنا ناممکن بن گیاہے اور لوگوں کو عبور و مرور میں پریشانیوں کاسامناہے ۔ مقامی شہریوں چوہدری فاروق، نذیر حسین ، خادم حسین اور خورشید چوہدری کے مطابق وارڈ نمبر آٹھ محلہ ہیل میں محکمہ تعمیرات عامہ اور نبارڈ کے تحت کام کروایاگیاتھا لیکن موسلادھار بارشوں کی وجہ سے سڑک پر بنی پلی ٹوٹ گئی جس کے بعد انہیں آمدورفت میں مشکلات کاسامناہے ۔ ان کاکہناہے کہ تیز بارشوں کے دوران یہاں سے گزرنامشکل ہے اور اس بات کا خطرہ رہتاہے کہ طغیانی میں سکولی بچے اور بزرگ و خواتین کہیں نالے میں گر نہ جائیں ۔انہوں نے کہاکہ ڈوڈی ایک دور افتادہ علاقہ ہے جہاں کے لوگوں کو چلنے کا راستہ بھی نہیں ملتا ۔ انہوں نے کہاکہ اس پلی کی فوری طور پر مرمت کرکے سڑک کو قابل آمدورفت بنایاجائے نہیںتو وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیں گے جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ پلی کے ٹوٹ جانے سے سکولی بچوں کی جان کوخطرہ لاحق ہوگیاہے ۔انہوں نے کہاکہ سڑک پر گاڑیوں کا سلسلہ بند ہونے کی وجہ سے انہیں سامان کاندھے پر اٹھاکر گھر لیجاناپڑتاہے ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ اس سلسلے میں تحقیقات بھی کروائی جائیں کہ یہ پلی اتنی کمزور کیوں بنائی گئی جو ٹوٹ گئی ہے ۔ مقامی لوگوں کاکہناہے کہ صرف انہی کی سڑک کا یہ حال نہیں بلکہ سرنکوٹ میں زیادہ تر سڑکیں خستہ حالی کاشکار ہیں اور کہیں ان کی کئی دہائیوں سے تکمیل نہیں ہوئی اور کہیں پہلے اور دوسرے مرحلے کے کام کے بعد تیسرے مرحلے میں تارکول بچھانے کاکام نہیںہوا۔ان کاکہناہے کہ محکمہ کو سڑک پروجیکٹوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے بعد ان کی مناسب دیکھ ریکھ کا انتظام رکھناچاہئے ۔