پونچھ//ماہ صیام کے چلتے مرکزی جامع مسجد پونچھ میں بعد نماز ظُہر درسِ حدیث کی مبارک محفل کا با قاعدہ اہتمام کیا جارہا ہے۔ اس نشست میں بڑی تعداد میں مومنین شرکت کرتے ہیں۔یہاںجاری بیان کے مطابق درسِ حدیث کے تحت مُختلف عناوین پر حدیثِ مبارکہ سے درس دیا جاتا ہے جس میں حقوق العباد، حقوق اللہ، پڑوسی کے حقوق، ماہِ رمضان کی فضیلت، نماز کی اہمیت و فضیلت، باجماعت نماز کا قیام ، بیس رکعت نماز تراویح کی فضیلت وغیرہ شامل ہیں۔ آج کے درس میں باجماعت نماز کے قیام کے لئے گھر سے وضو کر کے مسجد کی جانب آنے والے افراد کے بُلند درجات پر گفتگو کی گئی۔ اس موقعہ پر مولانا مفتی فاروق حُسین مصباحی نے بتایا کہ جو شخص چالیس روز تک تکبیراولیٰ کے ساتھ باجماعت نماز ادا کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ ایسے شخص کو نفاق اور جہنم سے آزاد کردیتا ہے۔ موصوف نے کہا کہ اگر لوگوں کو نماز ِ عشاء اور فجر کی فضیلت و عظمت کا پتہ چل جائے تو لوگ گُھٹنوں کے بل چل کر مسجد کی جانب آیا کریں۔ موصوف نے کہا کہ نماز نہ ادا کرنے والے کاکوئی بھی نیک عمل بارگاہِ الٰہی میں قبول نہیں ہوتا۔