بارہمولہ//مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری زرعی پیداوار و بہبود کساناں پی کے سوین نے پیر کو ٹنگمرگ ، آرگنِک فارمنگ کلسٹر یوٹیکو ( دھوبی وَن ٹنگمرگ)اور سب ڈویژن کے دیگر ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا۔کسانوں کے متعدد وفود نے ایڈیشنل سیکریٹری سے ملاقات کی اور اُنہیں اَپنے مطالبات گوش گزار کئے۔ انہوں نے کسانوں کے مختلف وفود کی طر ف سے کئے گئے مطالبات کو بغور سنا اور اُنہیں یقین دِلایا کہ اُن کے جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔انہوں نے کسانوں اور زرعی صنعت سے وابستہ کاروباریوں کے ایک اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت جموںو کشمیر میں زرعی شعبے کو فروغ دینے کیلئے پُر عزم ہے ۔انہوں نے کہا کہ عالمی موسمیاتی تبدیلی کے دوران محدود وسائل کو مناسب طریقے سے اِستعمال کیا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ کشمیر میں متعارف کرائے گئے نامیاتی طریقہ کاشت کو تسلیم کیا جانا چاہئے اور اس میں بہت زیادہ صلاحیت موجودہے اور یہ جموں و کشمیر کی کاشتکار برادری کی سماجی، اقتصادی تبدیلی کی راہ پر گامزن ہوسکتی ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ حکومت بازار کی ترقی کے ماڈل پر کام کر رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ کسان معاشی منافع حاصل کرسکیں۔ایڈیشنل سیکریٹر ی موصوف نے نوجوانوں اور خواتین کو بااِختیار بنانے کی اہمیت کا اعادہ کیا اور انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے اور اِس سے منسلک شعبوں میں نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ شمولیت ملک میں زرعی شعبے کی خوشحالی اور ترقی کا باعث بنے گی۔ناظم زراعت کشمیر چودھری محمد اقبال جو دورہ پر آئے ہوئے مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری کے ہمراہ تھے، نے مختلف مرکزی معاونت والی سکیموں اور فلیگ شپ پروگراموں کا تفصیلی جائزہ پیش کیاجو صوبہ کشمیر میں محکمہ کی طرف سے عملائے جارہے ہیں۔انہوں نے مختلف حصولیابیوں اور زیر تکمیل پروگراموں کے بارے میں جانکاری دی۔ناظم زراعت نے ایڈیشنل سیکریٹری کوصوبہ کشمیر کے مختلف ایگرو کلائمیٹک زونوں اور اہم زرعی فصلوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔چیف ایگریکلچر بارہمولہ یودویندر سنگھ اور ضلع کے دیگر سینئر اَفسرا ن نے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری کا والہانہ اِستقبال کیا۔دورے کے دوران مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری موصوف نے اِنڈیا اِنٹرنیشنل کشمیر زعفران ٹریڈ سینٹر دو سو پانپور کا بھی دورہ کیااور انہوں نے وہاں زعفران کے کاشت کاروں کو فراہم کی جانے والی مختلف شعبوں اور سہولیات کا معائنہ کیا۔