عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جنوبی کشمیر کے کولگام سے تعلق رکھنے والا ایک ٹرک ڈرائیور ہلاک جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے جب اس کا ٹرک گوالیار میں سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرا گیا۔ حکام نے جمعہ کو بتایاکہ مہلوک کی شناخت سہیل احمد وانی ولد بشیر احمد وانی کے طور پر کی گئی ہے جو کولگام کے اوریل کنڈ کا رہنے والا ہے۔ یہ جان لیوا حادثہ اس وقت پیش آیا جب ٹرک مدھیہ پردیش سے گزر رہا تھا، جہاں گھنی دھند نے ہائی وے پر حد نگاہ کو بری طرح کم کر دیا۔حکام نے بتایا کہ ٹرک کنٹرول کھو بیٹھا اور ڈیوائیڈر سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں ڈرائیور اور ٹرک میں سوار دو دیگر افراد شدید زخمی ہوگئے۔ سہیل احمد وانی موقع پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جب کہ زخمیوں کو علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ ابتدائی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ گھنی دھند کی وجہ سے خراب حد نگاہ اس حادثے کے پیچھے ایک اہم عنصر تھی۔ پولیس نے ضروری قانونی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔