مینڈھر //مینڈھر تا بھمبر گلی سڑک کی انتہائی خراب حالت کو لے کر سنگالہ چوک میں مقامی لوگوں نے سڑک کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا ۔مقامی لوگوں نے محکمہ گریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی عرصہ سے سڑک کی خراب حالت و کھڈوں میں وجہ سے ان کے گھروں میں دھول او ر مٹی داخل ہو رہی ہے لیکن محکمہ سے رجوع کرنے کے بعد بھی اس کی مرمت نہیں کی جارہی ہے ۔مظاہرین نے بتایا کہ محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے کچھ عرصہ قبل نالیوں کا پانی ان کے گھروں میں داخل ہورہا تھا تاہم ان کی جانب سے کئے گئے احتجاج کے بعد نالیوں کی صفائی ستھرائی کی گئی لیکن سڑک کی مرمت کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا گیا ہے ۔مظاہرین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے متعلقہ ملازمین وآفیسران کیخلاف کارروائی عمل میں لاکر سڑک کی جلدازجلد مرمت کروائی جائے تاکہ ان کیساتھ ساتھ مسافروں کو بھی سہولیات میسر ہو سکیں ۔احتجاج کی وجہ سے سڑک 2گھنٹوں تک گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند رہی تاہم تحصیلدار مینڈھر نے موقعہ پر پہنچ کر مظاہرین کو یقین دلایا کہ دس دنوں کے اند ر ہی سڑک کے مذکورہ حصے کی مرمت کروا لی جائے گی ۔تحصیلدار نے بتایا کہ سڑک کی خراب حالت کی وجہ سے مقامی لوگ پریشان ہیں جبکہ محکمہ کے آفیسران کو موقعہ پر طلب کر کے اس حصے کی جلد مرمت کی ہدایت جاری کی گئی ہیں ۔