محکمہ ڈاک کا سرینگر اور لیہہ کے درمیان روڈ ٹرانسپورٹ نیٹ ورک سروس کا آغاز

لیہہ// محکمہ ڈاک، جموں و کشمیر پوسٹل سرکل نے آج لیہہ سرینگر روڈ ٹرانسپورٹ نیٹ ورک (آر ٹی این) سروس کا آغاز کیا۔ یہ سروس دونوں خطوں کے لوگوں کو روزانہ، باقاعدہ اور قابل اعتماد پارسل کنیکٹیویٹی فراہم کرے گی۔آر ٹی این پورے ملک میں پارسلوں کو آخر تک محفوظ نقل و حمل فراہم کرنے کے لیے محکمہ ڈاک کے ذریعے چلایا جاتا ہے۔ اسے 2019 میں ملک میں متعارف کرایا گیا تھا۔لیہہ اور سرینگر دونوں اہم سیاحتی مقامات اور اقتصادی ہاٹ سپاٹ ہیں۔ لیہہ سرینگر سروس کا آغاز تاجروں، دستکاروں، کاریگروں، ایم ایس ایم ای یونٹوں اور دیگر کو اپنی مصنوعات کو ملک اور بیرون ملک اپنی منڈیوں سے جوڑنے میں مدد فراہم کرے گا۔ اس سے لداخ کے لوگوں کو ضروری اشیاء، طبی اور دیگر آلات، کتابیں اور دیگر اشیاء کی ہموار اور باقاعدگی سے فراہمی کو یقینی بنانے میں مقامی انتظامیہ کو بھی فائدہ ہوگا۔