جموں//صحت عامہ اور آبپاشی و فلڈ کنٹرول کے سیکرٹری فاروق احمد شاہ نے جموں میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں سانبہ، اودہمپور اور کٹھوعہ میں زیر التواء پروجیکٹوں کا جائیزہ لیا۔ انہوں نے تمام پروجیکٹوں کو وقت پر مکمل کرنے کے احکامات دیئے۔میٹنگ میں متعلقہ محکموں کے چیف انجینئرز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ سانبہ میں زیر التواء15 پروجیکٹوں کے لئے32.33 کروڑ روپے منظورر کئے گئے ہیں جن میں سے 5 کو مارچ2019 اور باقی ماندہ پروجیکٹوں کو اگلے سال کے اختتام تک مکمل کیا جائے گا۔کٹھوعہ میں14 زیر التواء پروجیکٹوں کے لئے20.60 کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں اور انہیں اگلے سال کے آخر تک مکمل کیا جائے گا جبکہ اودہمپور میں22 زیر التوا پروجیکٹوں کے لئے46.27 کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں ان میں سے11 کو مارچ2019 جبکہ باقی ماندہ کو اگلے سال کے اختتام پر مکمل کیا جائے گا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ تینوں اضلاع کی ہر ایک آبادی کو اکتوبر2019 تک پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔سیکرٹری موصوف نے عملے اور مشینری کو متحرک کر کے تمام پروجیکٹوں کو وقت پر مکمل کرنے کے احکامات دیئے۔