محکمہ سیاحت کی وادی بھرمیں انفورسمنٹ مہم | سیاحوں کو دی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا گیا

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//ناظم سیاحت کشمیر راجا یعقوب فاروق کی ہدایت پر محکمہ سیاحت نے پیر کومختلف سیاحتی مقامات جیسے پہلگام، گلمرگ، سرینگر اور دودھ پتھری میں انفورسمنٹ مہم چلائی تاکہ سیاحوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا جاسکے۔اس موقع پر ہوٹل اور گیسٹ ہاؤس کے نرخوں کا یکطرفہ تعین، مہمان نوازی کی سہولیات کی تجدید اور رجسٹریشن، صفائی ستھرائی کے محفوظ پیرامیٹروں، فراہم کی جانے والی خدمات کے مقابلے میں لاجسٹک چارجز کی برابری اور دیگر بہت سے مسائل پر خصوصی توجہ دی گئی۔مختلف غیر رجسٹرڈ سیاحتی خدمات فراہم کرنے والوں سے کہا گیا کہ وہ خود کو محکمہ سیاحت کے ساتھ اپنا رجسٹر کریں۔اس کے علاوہ ٹی ٹی ایکٹ کی مختلف دفعات کی خلاف ورزی پر مختلف شراکت داروں سے 22,500 روپے تک کا جرمانہ وصول کیا گیا۔مزید برآں انہیں محکمہ کی طرف سے مقرر کردہ نرخوں کے مطابق خدمات فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی۔اس کے خلاف ٹی ٹی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔دریں اثناء ناظم سیاحت کشمیر جو جموں و کشمیر کیبل کار کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر بھی ہیں، نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف آن لائن موڈ کے ذریعے گنڈولہ کے لئے ٹکٹ بُک کریں کیوں کہ کارپوریشن کے پاس آف لائن ٹکٹوں کو فروخت کرنے کا کوئی ذریعہ نہیں ہے۔

اُنہوں نے انہیں متنبہ کیا کہ وہ ٹائوٹوں کے جھانسے میں آئیں۔