منجاکوٹ //منجاکوٹ میں آزادی کے ستر سال گزرنے کے بعد بھی محکمہ بجلی لوگوں کو بجلی کے کھمبے فراہم نہیں کرپایا۔مقامی لوگوں کے مطابق کئی ایسی جگہیں ہیں جہاں ترسیلی لائنیں سرسبز درختوںسے بندھی ہوئی ہیں اور ان کی اونچائی اتنی ہے کہ اگر کوئی ہاتھ اٹھائے تو وہ ان سے ٹکراجاتاہے ۔منجاکوٹ قصبہ میں بھی بیشتر جگہوں پر لوگوں نے تاریں پیڑوں کے ساتھ باندھ رکھی ہیں یاپھر لکڑی کے عارضی پولوںسے لٹک رہی ہیں ۔کہیں پر کھمبے نہ ہونے کے سبب بجلی کی تاریں زمین کے ساتھ لٹکی ہوئی ہیںجس سے لوگوں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ جہاں محکمہ شیڈیول کے مطابق بجلی کی فراہمی میں ناکام ہوگیاہے وہیں بجلی کے ڈھانچے کوبھی مستحکم نہیں بنایاگیا۔انہوںنے کہاکہ بجلی کا بل ہر مہینہ آجاتاہے مگر سپلائی اور بنیادی ڈھانچے کا نظام انتہائی خستہ ہے ۔ایک مقامی شخص کاکہناہے کہ اس نے لکڑی کے پول سے ترسیلی لائنیں باندھ رکھی ہیں اور محکمہ انہی لوگوں کو کھمبے فراہم کررہاہے جو اسے پیسہ دیتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اس سلسلے میں کئی بار حکام سے بھی بات کی گئی لیکن انہوںنے کوئی توجہ نہ دی ۔انہوںنے کہاکہ اگر کوئی حادثہ رونماہوگیا تو اس کی ذمہ داری محکمہ پر عائد ہوگی ۔