پونچھ // ضلع پونچھ کے صدر مقام پر واقع محلہ شنکر نگر وارڈ نمبر9کو جانے والی سڑک جہاں سے روزانہ بڑی تعداد میں لوگ آتے جاتے ہیں، اس گلی میں موجودہ ڈرینج کی حالت اتنی خستہ ہے کہ جو کسی گندے نالے کی منظرکشی کرتی ہے ۔سڑک کی خستہ حالت کی وجہ سے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق میونسپل کونسل پونچھ نے تیرہ سال قبل اس گلی کی مرمت کی تھی اس کے بعد اب تک اسے دیکھا ہی نہیں گیا ۔انہوں نے کہا کہ اس دوران کئی بار مقامی لوگوں نے خود خرچہ کر کے اس کی مرمت کی لیکن اب اس کی حالت خستہ ہو چکی ہے اور معمولی سی بارش سے ڈرینج کا گندہ پانی سڑکوں پر آ جاتا ہے اور لوگوں کا وہاں چلنا پھرنا دشوار ہو جاتا ہے۔ سماجی کارکن وجاہت حسین نے ضلع انتظامیہ پونچھ سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ اس گلی کی فوری طور پر مرمت کرائی جائے اور صفائی ملازمین کی تعداد میں اضافی کیا جائے، تاکہ محلہ کے آس پاس گندگی سے نجات مل سکے اور لوگوں کو گندگی اور بدبو کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے محلہ کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جاتی۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر فوری اس گلی کی مرمت کا کام شروع نہ کیا گیا تو وہ لوگ سخت احتجاج کریں گے۔