محبوبہ مفتی لاشوں پر سیاست کرنا بند کریں، فاروق عبداللہ قد آو رلیڈر پی ایم پیکیج و ریزرو زمرہ ملازمین کو کشمیر میں محفوظ رہائش فراہم کرنے کی ضرورت :رویندر رینا

نیوز ڈیسک
جموں//پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کو تاریخ کا مشاہدہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے بھاجپا کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدررویندر رینہ نے کہاکہ محبوبہ مفتی کو لاشوں پر سیاست کرنا بند کرنی چاہئے۔انہوں نے کہاکہ عوامی نمائندوں کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ اس طرح کے بیانات دیں۔موصوف صدر نے کہاکہ فاروق عبداللہ قدر آور لیڈر ہے۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے پریس کلب جموں میں ایک میوزک البم ریلیز کرنے کے بعد باہر نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ بھارت ایک جمہوری ملک ہے لہذا جموں وکشمیر کے عوامی نمائندوں کو آئین پر پوری طرح سے بھروسہ کرنا چاہئے۔محبوبہ مفتی کی جانب سے بھاجپا کے خلاف سخت بیانات دینے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں رویندر رینا نے کہاکہ محبوبہ مفتی کو لاشوں پر سیاست کرنا بند کرنی چاہئے کیونکہ جو عوامی نمائندے ہوتے ہیں اْنہیں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ محبوبہ مفتی ملک کے خلاف بیانات دے رہی ہیں اور اس کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔رویندر نے مزید کہاکہ محبوبہ مفتی نے قبائیلوں کے حوالے سے جو بیان دیا وہ گمراہ کن ہے کیونکہ سال 1947میں پاکستانی آرمی نے جموں وکشمیر پر حملہ کیا اور فوج کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر کے لوگوں نے اْن کا مقابلہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ شیر وانی کو کون بھول سکتا ہے کہ انہوں نے قبائیلوں کے خلاف جنگ لڑی۔محبوبہ مفتی اور دوسرے لیڈران کو سرکاری کوٹھیاں خالی کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں رویندر رینا نے کہاکہ جب بھاجپا کے لیڈروں کو متعلقہ محکمہ کی جانب سے نوٹس موصول ہوگی تو ہم بھی اپنے کوارٹر خالی کریں گے۔انہوں نے کہاکہ ملک کے خلاف سخت بیانات دینے والوں کے ساتھ اب سختی کے ساتھ نپٹا جائے گا۔فاروق عبداللہ کی جانب سے مستعفی ہونے کے بارے میں بھاجپا صدر نے کہاکہ فاروق صاحب ایک قدر آور لیڈر ہے۔انہوں نے کہاکہ فاروق عبداللہ کافی بزرگ ہیں اور ہر چیز کا ایک وقت ہوتا ہے۔ رویندر رینا نے کہا کہ کشمیری پنڈت پی ایم پیکیج یا نان پیکیج ملازمین اور جموں میں مقیم تمام ریزرو کیٹیگری کے ملازمین کو کشمیر میں محفوظ رہائش فراہم کی جانی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ “وادی میں ٹارگٹ کلنگ کے بعد پی ایم پیکیج یا نان پی ایم پیکیج کے ملازمین اور جموں میں مقیم تمام ریزرو ملازمین، جو کشمیر کے مختلف علاقوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں، میں خوف ہے”۔انہوں نے کہا کہ یہ ملازمین اپنی ڈیوٹی سے نہیں بھاگ رہے بلکہ حالات نے انہیں مجبور کر دیا ہے۔ موجودہ صورتحال میںانہوں نے کہا کہ ملازمین چاہے پی ایم پیکیج ہوں یا نان پیکیج، اور جموں میں مقیم ملازمین کو ان کی جان کو لاحق خطرات کے پیش نظر محفوظ رہائش فراہم کی جائے۔انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بہت سے ملازمین کشمیر میں خدمات انجام دینے کے لیے تیار ہیں لیکن حالات ایسے ہیں کہ انہیں خطرہ کے پیش نظر وہ کہاں رہیں گے۔