حجاز//حرمین شریفین کے امور کی انتظامیہ کے ترجمان ھانی حیدر نے رمضان المبارک کے آخری عشرہ کی مناسبت سے المسجد الحرام میں کی جانے والی تیاریوں کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے بتایا ہے کہ عازمین عمرہ اور عبادت گزاروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام انسانی وسائل اور آپریشنل آلات کو متحرک کر دیا گیا ہے۔انتظامیہ بیت اللہ شریف میں آنے والے ضیوف الرحمن کو پورے سکون کے ساتھ عبادات کرنے کا موقع فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ اس سال مکہ مکرمہ میں مسجد حرام میں آنے والے نمازیوں اور معتمرین کی تعدا د 950 ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے۔ رمضان المبارک کے آغاز سے روزانہ مسجد حرام میں آنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جاہا ہے۔ اسی تناسب سے انتظامیہ کے کام کی رفتار میں بھی تیزی لائی جا رہی ہے۔ھانی حیدر نے بتایا کہ ادارہ ” صدارت عامہ برائے امور مسجد حرام و مسجد نبوی” آخری عشرہ میں مسجد حرام میں جراثیم سے پاک صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کے لیے کارروائیاں تیز کردے گا۔ رمضان کے آخری عشرہ میں مسجد حرام کو روزانہ 10 مرتبہ دھویا جائے گا۔ 4 ہزار سے زیادہ کارکن اس عمل میں شریک ہوں گے۔ ہر صفائی آپریشن میں 80 ہزار لٹر سے زیادہ صفائی کرنے والا مواد اور 1600 لٹر فریشنر کا استعمال کیا جائے گا۔ اس دوران تقریباً 15000 لٹر جراثم کش مواد استعمال کیا جائے گا۔ 24 گھنٹے کام کرنے والی 70 سے زیادہ فیلڈ ٹیموں کو مسجد حرام اور اس کے اطراف کو جراثیم سے پاک کرنے کے لیے لیس کیا گیا ہے۔ 500 سے زیادہ خود کار ہینڈ سینیٹائزر تقسیم کیے جائیں گے۔ھانی حیدر نے بتایا کہ ماہ صیام کے آخری عشرہ کے دوران مسجد حرام میں زم زم کے پانی کی فراہمی کی سہولیات کو بھی دو گنا کر دیا جائے گا۔