کشتواڑ//کشتواڑ کے لنک روڈ۔ مڑواہ اور گوریاں مضا فات میںپانی کی قلت کو لیکر لوگوں نے زور دار احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ہے۔ مکینوں نے الزام لگایا ہے کہ گُذشتہ کئی دنوں سے انہیں پانی کی سخت قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ محکمہ صحت عامہ مقامی علاقوں میں خستہ حال پائپوں کی مرمت کرنے میں ناکام رہی ہے۔ لنک روڈ کے مکینوں نے ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ ماہ رمضان کے متبرک مہینے میں محکمہ یقین دہانیوں کے باوجود پانی کی باقاعدہ سپلائی فراہم کرنے میں ناکام رہاہے۔نیو مڑواہ اور گوریاں کے مکینوں نے بھی اسی قسم کے الزامات لگائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی قلت کی وجہ سے انہیں دوسرے علاقوں سے پانی لانا پڑتا ہے ۔انہوںنے الزام لگایا ہے کہ بار بار اپیل کرنے کے باوجود بھی محکمہ صحت عامہ ان علاقوں میں پانی کی سپلائی بحال کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ایک مقامی شخض طارق احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ حُکام کے ماہ رمضان کے دوران چوبیس گھنٹے پانی کی سپلائی کرنے کے دعویٰ سراب ثابت ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ہمیں وضو کرنے کے لئے بھی پانی دستیاب نہیں ہے۔انہوں نے پی ایچ ای حُکام سے ان علاقوں میں پانی کی سپلائی فوری طور بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔مکینوں کے مطابق اندرا نگر، ہڈیال، اخیار آباد،گودھالی علاقہ، مالی پیٹھ، شکتی نگر،پوچھل وغیرہ میں پینے کے پانی کی سخت قلعت کا سامنا ہے۔