سرینگر//ریاست میں لائیو سٹاک کی پیداوار میں اضافہ کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بھیڑ و پشو پالن اور ماہی پروری کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے کہا ہے کہ حکومت سنگرامہ اور کالا کوٹ حلقوں میں پائیلٹ بنیادوں پر شیپ منڈیاں قائم کرنے پر غور کر رہی ہے۔وزیرنے ان باتوں کا اظہار سنگرامہ حلقہ میں لائیو سٹاک کی آبادی میں اضافہ کرنے کے لئے محکمہ کی جانب سے اُٹھائے جارہے اقدامات کا جائیزہ لینے کی غرض سے طلب کی گئی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔میٹنگ میں باغبانی کے وزیر سید بشارت بخاری بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ اس نوعیت کی پہلی منڈی ضلع بارہمولہ کے شراکہ واڑہ علاقے میں عنقریب قائم کی جائے گی۔وزیر نے کہا کہ ان منڈیوں کے قیام کا مقصد ریاست میں لائیو سٹاک خصوصاً بھیڑ بکریوں کے پالن پوشن میں اضافہ کرنا اور ریاست کو خود انحصار بنانا ۔دیگر ریاستوں سے لائیو سٹاک بشمول مرغ کی درآمد میں کمی کرنے پر زور دیتے ہوئے وزیر نے لوگوں خصوصاً نوجوانوں کو لائیو سٹاک کا شعبۂ بطور روز گار اپنانے کی تلقین کی اور کہا کہ اس سے ریاست کی اقتصادی حالت میں مزید بہتری آئے گی۔وزیر نے اس سلسلے میں عوام خصوصاً نوجوانوںکو آگے آکر سرکار کی سکیموں سے استفادہ کرنے کی تلقین کی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ ریاست میں کلسٹر سطح پر ماڈل سیپ ولیج قائم کرنے پر غور کر رہی ہے اور اس طرح کے دو ولیج سنگرامہ اور کالاکوٹ حلقوں میں پائیلٹ بنیادوں پر قائم کئے جارہے ہیں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ہاری تار میں ڈک بریڈنگ فارم پر شد و مد سے کام جاری ہے او راس کام کو 2.28کروڑ روپے کی لاگت سے عنقریب مکمل کیا جائے گا۔ وزیر نے حاجن میں بھی اسی طرح کے ڈک بریڈنگ فارم کے لئے موزوں جگہ کی نشاندہی کرنے کے لئے کہا۔باغبانی کے وزیر سید بشارت بخاری نے محکمہ ماہی پروری کے ناظم کو ہاری تار اور ننگلی کا دورہ کر کے ان علاقوں میں ماہی گیروں کو درپیش مسائل حل کرنے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں بھیڑ و پشو پالن کے کمشنر سیکرٹری آر کے بھگت، ناظم پشو پالن کشمیر ڈاکٹر نذیر احمد، ناظم بھیڑ پالن کشمیر محمد رمضان شیخ اور ناظم ماہی پروری آر این پنڈتا کے علاوہ دیگر حکام بھی موجود تھے۔