جموں//مرکزی وزیر مملکت وممبر پارلیمنٹ ادھم پور ۔ڈوڈہ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ضلع ڈوڈہ میں نافذ کی جانے والی مختلف مرکزی معائونت والی سکیموں (سی ایس ایس) کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کوارڈی نیشن اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی (DISHA) کی میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں سیکرٹری قبائلی امور جموں و کشمیر، وزیر کے او ایس ڈی، ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ، چیئرپرسن ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل ڈوڈہ، چیئرپرسن بلاک ڈیولپمنٹ کونسل، چیف پلاننگ آفیسر، ایس ایس پی ڈوڈہ، پرنسپل جی ایم سی ڈوڈہ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کمشنر ڈوڈہ، لائن محکمے اور دیگر متعلقہ سینئر افسران نے شرکت کی۔ شروع میںضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ وشیش مہاجن نے مختلف مرکزی معاونت والی سکیموں کے تحت ریکارڈ کی گئی کامیابیوں اور پیشرفت کے بارے میں ایک پریزنٹیشن پیش کیا اور ضلع میں مختلف محکموں اور ایجنسیوں کے ذریعہ چلائے جارہے مختلف بڑے پروجیکٹوں کا جائزہ پیش کیا۔ڈپٹی کمشنر نے مختلف سی ایس ایس کے تحت چلائی جانے والی سکیموںکی فزیکل اور مالیاتی پیشرفت کی صورتحال بتائی۔پروجیکٹوں کو عملی جامہ پہنانے کے دوران عوامی نمائندوں اور انتظامیہ کے درمیان ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے، ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ ان نمائندوں اور ضلع انتظامیہ کے درمیان بہتر تال میل زمینی سطح پر نافذ ہونے والی سکیموں کی کلید ہے۔ضلع میں لیوینڈر کی کاشت کا جائزہ لیتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ چونکہ کسان منافع بخش کھیتی ہونے کے لیے تجارتی پیمانے پر لیوینڈر کی کاشت کر رہے ہیں، ڈوڈہ ضلع لیوینڈر فارمنگ میں ملک میں ایک رول ماڈل کے طور پر جانا جائے گا۔ضلع کے مختلف سیکٹروں میں چلائی جارہی مختلف سی ایس ایس سکیموں کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی گئی جس میں میگا پروجیکٹوں کی مالیاتی اور جسمانی پیش رفت جس میں قومی شاہراہ۔244، جی ایم سی ڈوڈہ، اور دیگر بڑے پروجیکٹ، آیوش کے تحت ہائی آلٹی چیوڈمیڈیسنل پلانٹ بھدرواہ، بیک ٹو ولیج پروگرام میں کامیابیوں کے علاوہ آر اینڈ بی، جے جے ایم، پی ایم جی ایس وائی، پاور، منریگا، پی ایم اے وائی۔اربن، ایس بی ایم۔گرامین، مشن یوتھ کی ممکن سکیم اور تیجسوانی، امرت سروور، استفادہ کنندگان پر مبنی اسکیموں، آیوشمان بھارت ابھیان، پی جے اے بی ایس ای، پی جے اے بی ایس ای، ایم بی ایس ای دیگر سماجی تحفظ کی سکیم (پنشن/اسکالرشپ)، روزگار پیدا کرنے کی سکیمیں وغیرہ شامل ہیں۔وزیر نے ضلع میں مختلف محکموں کی طرف سے شروع کی گئی ان تمام سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا جہاں انہوں نے ہر سکیم کی صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔اس موقع پر عوامی نمائندوں نے مختلف مسائل کو وزیر کے سامنے پیش کیا جنہوں نے جلد از جلد ازالے کے لیے متعلقہ افراد کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں۔ڈاکٹر سنگھ نے متعلقہ محکموں کو تمام سکیموں کے موثر نفاذ اور تمام سکیموں کے تحت 100 فیصد اہل استفادہ کنندگان کی کوریج کے لیے نئے جوش اور لگن کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی یہ کوشش ہے کہ مرکزی اسپانسر شدہ تمام اسکیموں کے فائدے مستحقین تک اور قطار میں کھڑے آخری شخص تک پہنچائیں اور تمام متعلقہ افراد پر زور دیا کہ وہ بہتر نتائج کے لیے قریبی تال میل سے کام کریں ۔انہوں نے متعلقہ افسران کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ جب بھی عوامی نمائندے اپنے علاقے کا دورہ کریں ان سے رابطے میں رہیں اور لوگوں کو ان سکیموں کے فوائد سے آگاہ کریں۔ڈاکٹر سنگھ نے ضلع میں مختلف سی ایس ایس کو کامیابی کے ساتھ نافذ کرنے اور مختلف سکیموں میں 90 فیصد سے زیادہ سیچوریشن حاصل کرنے کے لیے ڈوڈہ انتظامیہ کی بھی تعریف کی۔