کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ میں رہائشی مکان کا لینٹر گرنے کی وجہ سے ایک مستر ی لقمہ اجل بن گیا ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ سب ڈویژن کی پنچایت حلقہ دھار ریتلہ کی وارڈ نمبر دو میں ایک رہائشی مکان کا لینٹر شٹرینگ کھولنے کے دوران گر گیا ۔انہوں نے بتایا کہ رہائشی مکان کا لینٹر 22روز قبل ڈالا گیا تھا جبکہ شٹرینگ کھولنے کے دوران ہی لینٹر گر گیا جس کی وجہ سے کام کررہا مستر ی لقمہ اجل بن گیا ۔مقامی سرپنچ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ حادثے میں لقمہ اجل بنے مستری محمد شافین ولد مدت حسین کے پانچ معصوم بچے ہیں ۔مقامی سرپنچ نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ غیر معیاری سیمنٹ فروخت کرنے والی کمپنیوں نے اپنے اپنے ڈیلر بنائے ہوئے ہیں جبکہ غیر معیاری سیمنٹ استعمال کرنے کی وجہ سے ایک غریب شخص کی جان چلی گئی ہے ۔پنچایتی اراکین و مقامی معززین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ غیر معیاری سیمنٹ فروخت کرنے والی کمپنی کیخلاف معاملہ درج کر کے متاثرین کو معاوضہ دلایا جائے ۔