لیفٹیننٹ گورنر کی’سمپن پوجا‘،دیپندر گری کی گھپا پر حاضری نیوز ڈیسک

سرینگر// امر ناتھ یاترا کے سرکاری طور پر اختتام پذیر ہونے کے آخری روز لیفٹیننٹ گورنر نے راج بھون میں ’ سمپن پوجا‘ کی اور اسی وقت مہنت دیپندر گری نے چھڑی مبارک کو لیکرسادھوؤں کے ایک گروپ کے ساتھ سالانہ یاترا کے اختتام کے لیے شراون پورنیما کے موقع پر امرناتھ گھپا میں پوجا کی۔مہنت گری سادھوؤں کے ایک گروپ کے ساتھ صبح 5 بجے سے پہلے امرناتھ گھپا میں پہنچے اور طلوع آفتاب کے ساتھ ہی پوجا شروع کی۔انہوں نے کہا کہ سفر پنچترانی سے صبح 2.35 بجے شروع ہوا کیونکہ شراون پورنیما طلوع آفتاب سے صبح 7.5 بجے تک تھی۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر اور قوم کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔”چھری مبارک” کے ساتھ آنے والے سادھوؤں کے علاوہ بریگیڈیئر اتل راجپوت، کرم ویر سنگھ انچارج سیکورٹی “چھڑی مبارک”، وریندر سنگھ منہاس، انچارج کیمپ گھپا، سریندر چودھری انچارج کیمپ پنچترنی، ایس ایس ٹھاکر، کیمپ ڈائریکٹر پنچترنی، رجنیش اور کیمپ ڈائریکٹر پوجن میں ریاستی انتظامیہ کے کئی دیگر افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔”چھڑی مبارک” کوآج پہلگام لے جایا جائے گا اور پوجن وسرجن کی تقریبات کے لیے جو 14 اگست کو دریائے لدر کے کنارے ادا کی جائے گی اور کری-پکوڑی بھنڈارا کے بعد اس سال کی “چھڑی مبارک” یاترا اختتام پذیر ہوگی۔