اسلام آباد//پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کی کورونا سے جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔شاہد آفریدی نے سچن ٹنڈولکر کے ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ لیجنڈ آپ کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہوں، اس میں کوئی شک نہیں کہ آپ جلد صحتیاب ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آپ کا ہسپتال میں وقت مختصر رہے اور آپ کی صحتیابی کا عمل اس سے بھی تیز ہو۔اس سے قبل وسیم اکرم نے کورونا کے باعث اسپتال میں زیرعلاج بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سچن ٹنڈولکر کو مشورہ دیا تھا کہ وہ ہسپتال میں 2011 کے کرکٹ ورلڈکپ کی سالگرہ کا جشن منائیں۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کے شکار سچن ٹنڈولکر ڈاکٹروں کی ہدایت پر اسپتال میں داخل ہوگئے۔سچن ٹنڈولکر نے سوشل میڈیا پر ہسپتال میں داخل ہونیکا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ احتیاطی طور پر مجھے اسپتال میں داخل ہونے کا مشورہ دیا گیا ہے۔2013 میں دنیائے کرکٹ کو خیرباد کہنے والے 47 سالہ کرکٹر نے اپنے 24 سالہ طویل کرکٹ کیریئر میں 100 بین الاقوامی سنچریاں مکمل کر رکھی ہیں۔
اپنی باری آنے پر ہی ویکسین لگوائوں گا:شاہد آفریدی
کراچی//شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ میں اپنی باری آنے پر ہی کرونا ویکسین لگوائوں گا۔ رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع نجی اسپتال میں روسی ویکسین اسپوٹنک5 لگانے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے اس ویکسین کی دوخوراکوں کی قیمت 12 ہزار 268 روپے مقرر کی گئی ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کلفٹن میں واقع سائوتھ سٹی اسپتال میں قائم ہونے والے ویکسین سینٹر پہنچے جہاں انہوں نے انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت میں شاہد آفریدی نے کہاکہ سندھ حکومت نے نجی اسپتالوں کو ویکسینیشن کی اجازت دے کر اچھا کام کیا، اب لوگ یہاں آکر ویکسین لگوا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پچاس سال سے زائد عمر کے لوگوں کو ویکسین لگائی جارہی ہے، میں اپنی ایج ٹرن پر ہی ویکسین لگوائوں گا۔سابق پاکستانی کپتان نے لوگوںسے اپیل کی کہ وہ کرونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں اور فیس ماسک ضرور پہنیں۔