مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کی پنچایت لوہر کالابن میں قائم کردہ جھولا پل کا ایک حصہ بارشوں کی وجہ سے منہدم ہوگیا ہے جس کی وجہ سے وسیع علاقہ کی عوام کو دوران آمدورفت شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ پرالزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ گور نمنٹ مڈل سکول ہٹیاں کے نزدیک بنائے گئے پل کی تعمیر انتہائی غیر معیاری کی گئی تھی جس کی وجہ سے بارش سے ہی دیواریں منہدم ہوگئی ۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ پل سے ایک وسیع علاقہ کی عوام دریا عبور کرتی ہے تاہم مذکورہ پل کا ایک حصہ منہدم ہونے کی وجہ سے کئی دیہات کی عوام کو اب دریا سے ہو کر گزرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے ہزاروں افراد کا راستہ بند ہوگیا ہے ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ پونچھ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پل کا تباہ شدہ حصے کی جلد از جلد مرمت کر کے مکینوں کو سہولیات فراہم کی جائے جبکہ غیر معیاری تعمیرات کی تحقیقات کر کے ملوث ملازمین کےخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔