سرینگر// اپنی پارٹی کے صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر نے ڈی ڈی سی چیئرمین کے ہمراہ اتوار کو بالہامہ سرینگر کا تفصیلی دورہ کیا۔ ایک بیان کے مطابق میر نے کہاکہ بالہامہ کے لوگوں کو ناقص بجلی سپلائی اور لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا ’’یہ بات افسوسناک ہے کہ موسم سرما کے دوران لوگوں کو بجلی کٹوتی کا سامنا ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا’’ ہم نے رسیونگ اسٹیشن بالہامہ کا بھی دورہ کیا جہاں ڈی ڈی سی ممبرسرینگر ملک آفتاب نے لوگوں کو یقین دلایاکہ رسوینگ اسٹیشن کی تجدید کر کے 6.6کے وی بنایاجائے گاتاکہ علاقہ میں مناسب بجلی سپلائی ہوسکے‘‘۔ محمد اشرف میر نے بتایاکہ لوگوں کی شکایت ہے کہ اندرونی سڑک کی حالت خستہ ہے جس پر فوری طور تارکول بچھانے کی ضرورت ہے۔ بہتر سڑک رابطے تک رسائی عوامی بہبود کے لئے انتہائی ضروری ہے‘‘۔ انہوںنے لوگوں کو یقین دلایا کہ ایک کلومیٹر تک اس سڑک کی جلد از جلد مرمت کے لئے مناسب اقدامات کیے جائیں گے ۔عوامی رسائی پروگرام کے دوران ملک آفتاب نے اِس بات کو دہرایا کہ کونسل ممبران بہتر عوامی ڈھانچہ قائم کرنے کے لئے کام کرنے اور عوامی بہبود کے لئے تمام ضروری اقدامات کرنے کے وعدہ بند ہیں۔انہوں نے کہا ’’ عوامی نمائندگان پر لوگوں کے مسائل کا بروقت ازالہ کرنے کی بڑی ذمہ داری ہے اور میں لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ عوامی ڈھانچہ کی تجدید کے لئے مرحلہ وار طریقہ سے مطلوبہ اقدامات کئے جائیں گے‘‘۔ ملک آفتاب نے بتایاکہ علاقہ میں کھیل کود کی بھی بنیادی سہولیات نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ علاقہ میں بڑی تعداد میں سرکاری اراضی اثر رسوخ رکھنے والے افراد کے قبضہ میں ہے اور نوجوان کھیل کا میدان تعمیر کر نے کے لئے پرزور مطالبہ کر رہے ہیں۔ کرکٹ اور فٹ بال ٹیموں کے 16نمائندگان نے مطالبہ کیاکہ کھیل کا میدان تعمیر کرنے کے لئے مناسب جگہ الاٹ کی جائے جنہیں یقین دلایاگیاکہ وہ معاملہ متعلقہ حکام کی نوٹس میں لائیں گے تاکہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت طریقے سے استعمال کیاجاسکے۔