کپوارہ+اننت ناگ//شمالی ضلع کپوارہ کے قاضی آ باد کرالہ گنڈ ، لولاب اورکوکرناگ میں آتشزدگی کی الگ الگ وارداتیں رونما ہوئیں جن میں میں دو رہائشی مکانات اور ایک گائوخانہ خاکستر ہوگیا ۔ لالپورہ لولاب میں اتوار اور پیر کی درمیانی رات کو غلام محی الدین شیخ کے دو منزلہ مکان میں آگ نمودار ہوئی جس نے پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔افراد خانہ اگرچہ گہری نیند میں تھے تاہم مذکورہ شہری کے ہمسائیو ں نے جب آگ دیکھی تو انہو ں نے فوری طور لوگو ں کو نیند سے جگایا ۔ مقامی لوگوں اور پولیس نے افراد خانہ کو مکان سے باہر لایا ۔اس دوران مقامی فائر سروس اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور بچائو کاروائی شروع کی تاہم مکان میں مٹی کا تیل اور گیس سلنڈر موجود ہونے کے نتیجے میں مکان آناً فاناً خاکستر ہوگیا ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ غلام محمد نے حال ہی میں اپنی بیٹی کی شادی انجام دی تھی اور اب اس کو اپنے سسرال روانہ کرنا تھا اور اس کے لئے انہوں نے لاکھو ں روپئے کا سامان لایا تھا لیکن سسرال جانے سے قبل ہی وہ آگ کی اس تباہ کن واردات میں تباہ ہوگیا ۔غلام محی الدین نے بتایا کہ اُس نے بینک سے قرضہ(ہائوسنگ لون)لیکر مکان تعمیر کیا تھا۔مقامی لوگو ں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ متا ثرین کے حق میں امداد فراہم کی جائے ۔اس سلسلے میں سب ڈویژنل مجسٹریٹ لولاب اعجاز احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ آگ کی اس واردات میں نقصان کا تخمینہ لگانے کے لئے محکمہ مال کی ایک ٹیم کو کام سونپ دیا گیا ہے تاکہ متاثرین کو ریلف فراہم کی جائے ۔اس دوران قاضی آباد کرالہ گنڈ کے رنن میں پیر کی صبح کو ایک گائو خانہ میں آگ لگ گئی جس کے بعد فائر ٹینڈر آگ بجھانے کے لئے روانہ ہوئے تاہم رنن پہنچتے ہی گا ڑی کو حادثہ پیش آیا اور وہ ایک ڈرین میں جاگری تاہم فائر سروس گا ڑی میں کوئی بھی ملازم زخمی نہیں ہوا ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ بعد میں ڈھنگی وچھ رفیع آباد سے فائر سروس ٹینڈر نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا ۔ادھرکوکرناگ کے لارنو نامی گائوں میں بشیر احمد لون ولد غلام حسن لون کے مکان سے آگ نمودار ہوئی۔ فائر اینڈ ایمرجنسی عملہ نے جائے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن آگ کی اس واردات میں دو منزلہ مکان خاکستر ہوگیا ۔ مکان میں موجود لاکھوں روپئے کا مال واسباب راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کیا ہے۔