جموں//حکومت لورن اور توسہ میدان میں کیبل کار لگانے کا ارادہ رکھتی ہے تا کہ ان علاقوں میں سیاحتی وسائل کو بروئے کار لایا جا سکے ۔ قانون ساز اسمبلی میں شاہ محمد تانترے کی طرف سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر موصوفہ نے کہا کہ آئندہ موسم گرما کے دوران ان علاقوں میں سٹیٹ کیبل کار کارپوریشن لمٹیڈ کی طرف سے سروے منعقد کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے برس جون مہینے میں گلمرگ گنڈولہ میں حادثہ پیش آنے کی وجہ سے یہ سروے نہیں کرایا جا سکا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت لورن منڈی کے نزدیک موجود نندی چھول واٹر فال کو سیاحتی نقشے پر لانے کیلئے بھی اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ وزیر موصوفہ نے کہا کہ اس حوالے سے 9.70 کروڑ روپے والا ایک تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ تیار کیا جا چکا ہے انہوں نے ایوان کو مطلع کیا کہ محکمہ دھنی لوران اور گلی میدان ساوجیاں میں ماحولیاتی سیاحت کو بڑھاوا دینے کیلئے وہاں پارکیں تعمیر کرنے کے امکانات تلاش کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگلے مالی سال کے دوران اس مقصد کیلئے دس لاکھ روپے کی تجویز رکھی گئی ہے ۔