سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ”کورونا کرفیو“کے اچھے نتائج برآمد ہو نے لگے ہیں، جس کو دیکھتے ہوئے جموں کشمیر کے تمام اضلاع میں ایک ہفتے کا کورونا لاک ڈاﺅن نافذ کیا گیا ہے ۔منوج سنہا نے پیر کو اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا”میں سمجھتا ہوں کہ مذہبی تہواروں کا موقع ہے، ابھی تو رمضان چل رہا ہے ، باوجود اس کے یہ سخت فیصلہ آپ کو محفوظ رکھنے کے لئے لینا پڑا ہے“۔ انہوں نے کہا”کورونا کی بڑھتی ہوئی رفتار کو روکنے کےلئے آپ کا تعاون انتہائی ضروری ہے،گزشتہ دنوں نافذ کئے جانے والے کورونا کرفیو کے اچھے نتائج برآمد ہوئے ہیں اور اس کو دیکھتے ہوئے جموں کشمیر کے تمام اضلاع میں ایک ہفتے کا کورونا لاک ڈاﺅن نافذ کیا گیا ہے“ ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جتنا ہم محفوظ رہیں گے یا معیاری عملیاتی طریقہ کار پر سختی سے عمل کریں گے اتنا جلدی ہم کورونا کے پھیلاﺅ کو روکنے میں کامیاب ہو سکیں گے ۔ان کا مزید کہنا تھا”'میں آپ سب سے گزارش کرنا چاہتا ہوں کہ اگر ضروری نہ ہو تو مہربانی کر کے گھروں سے نہ نکلیں“۔منوج سنہا نے کہا کہ انتظامیہ پوری ذمہ داری سے عوام کے ساتھ کھڑی ہے ۔ان کا کہنا تھا”ہم لگاتار کوشش کر رہے ہیں کہ عام آدمی کو کوئی مشکل نہ ہو، ادویات اور آکسیجن کی کمی پیدا نہ ہو، اس کے لئے ہم دن رات کام کر رہے ہیں“۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ کورونا مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹر اور نیم طبی عملہ انسانیت کی سب سے بڑی خدمت کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا”'میں اپنے ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جو اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر لوگوں کو بچانے کا کام کر رہے ہیں۔ ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ یہ انسانیت کی سب سے بڑی خدمت ہے ۔“