قومی شاہراہ5گھنٹوں تک بند رہی

محمد تسکین

بانہال// رامسو کے ہنگنی علاقے میں سڑک کی ضروری مرمت کے پیش نظر جموں سرینگر قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت کم از کم 5 گھنٹوں تک بند رہنے کے بعد دوبارہ بحال کی گئی ۔ اتوار کی صبح سے موسم اگرچہ صاف تھا اور دھوپ نکلی ہوئی تھی تاہم دوپہر سے بادلوں نے گھیرا ڈالاجو بعد میں گرج چمک کیساتھ ہلکی بارشوں میں بدل گیا۔ ٹریفک حکام نے بتایا کہ اتوار کی صبح گیارہ بجے کے قریب رامسو کے ہنگنی علاقے میں سڑک میں دراڑیں پڑ جانے سے ٹریفک کو روک دینا پڑا اور شاہراہ کو کشادہ کرکے مرمتی کام انجام دیا گیا۔ انہوں نے کہا کشادگی اور ضروری مرمت کا کام چار بجے تک جاری رہا اور اس کے بعد ناشری اور بانہال کے درمیان مختلف مقامات پر رکے ہوئے ٹریفک کو بحال کیا گیا۔اس دوران بانہال اور رام بن سیکٹر میں بارشیں ہوئی اور شام تک ہلکی بارشیں ہو رہی تھیں۔