جموں //لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے کہا کہ قرنطین مراکز میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے تا کہ وہاں رہ رہے لوگوں کی بہتر نگہداشت اور اُن کا طبی تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔ مشیر موصوف نے ان باتوں کا اظہار آج سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع میں متعدد کورنٹین مراکز کے معائینے کے دوران کیا ۔ انہوں نے متعلقہ اضلاع میں انتظامیہ کی جانب سے کووڈ وباء کی روکتھام کیلئے کئے گئے انتظامات کا بھی جائیزہ لیا ۔ سانبہ میں مشیر رادھا سوامی آشرم وجے پور بھی گئے اور وہاں جاری کورنٹین عمل ، نمونے حاصل کرنے اور دیگر اضلاع سے وابستہ لوگوں کو متعلقہ اضلاع میں بھیجنے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے کئے جا رہے انتظامات کا جائیزہ لیا ۔مشیر خان کے ہمراہ کمشنر سیکریٹری جل شکتی جو کہ بین ریاستی مسافروں اور رسدات کے نظم و نسخ کے نوڈل افسر بھی ہیں ، ڈپٹی کمشنر سانبہ اور دیگر اعلیٰ افسران تھے ۔ اس موقعہ پر مشیر نے دیگر اضلاع جن میں اودھمپور ، ریاسی اور کلگام بھی شامل ہیں سے وابستہ 1300 لوگوں کو کورنٹین مراکز سے گھر بھیجنے کے عمل کا بھی جائیزہ لیا ۔ مشیر موصوف کو بتایا گیا کہ لوگوں کو سماجی دوری ضوابط پر عمل درآمد کرنے کو یقینی بنایا جا رہا ہے اس کے علاوہ ماسک ، سینی ٹائیزر کے استعمال پر زور دینے اور نمونے حاصل کرنے کا عمل جاری ہے ۔ اس دوران مزید بتایا گیا کہ 28 اپریل سے دیگر اضلاع کے لوگ بھی قرنطین مرکز میں رہ رہے ہیں جن میں سے 18142 افراد کو باقاعدہ رجسٹریشن کے بعد متعلقہ اضلاع بھیج دیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ 3 مئی سے شروع کئے گئے افراد کے نمونے حاصل کرنے کے عمل کے دوران 1656 افراد کے نمونے اب تک حاصل کئے گئے ہیں ۔ بعد میں مشیر خان نے وباء کے دوران ضلع انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے انتظامات کا جائیزہ لینے کیلئے میٹنگ طلب کی ۔کٹھوعہ میں مشیر نے لکھن پور کا دورہ کیا اور قرنطین مرکز میں لوگوں کو دستیاب سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ ڈویژنل کمشنر جموں ، ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ دورے کے دوران مشیر کے ہمراہ تھے ۔ مشیر کوقرنطین میں رکھے جا رہے لوگوں کیلئے طبی سہولیات ، نمونے حاصل کرنے کے عمل اور رجسٹریشن وغیرہ کے عمل میں تفصیل دی گئی ۔ اس موقعہ پر مشیر نے ملک کے دیگر حصوں سے لائے گئے لوگوں کیلئے کھلی سرائے کا بھی افتتاح کیا ۔