جموں// فوجی سربراہ جنرل ایم ایم ناروانے نے ہندوپاک سرحد کادورہ کرکے آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔ا س دوران انہوں نے اہلکاروں اور افسران کو ہدایت دی کہ وہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں اور دراندازی کا سخت جواب دیں ۔انہوں نے کہا ہے کہ بھارتی فوج دشمنوں کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کی طرف سے بین الاقوامی سرحد اورحدمتارکہ پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں اور جنگجوئوں کی طرف سے دراندازی کی کوششوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی جاری رہے گی۔ جموں میں مقیم دفاعی ترجمان کے مطابق فوجی سربراہ نے یہ باتیں پیر کے روز رائزنگ اسٹار کارپس کے حد اختیار والے علاقوں کا دورہ کرنے کے دوران کہیں۔ انہوں نے موجودہ سیکورٹی صورتحال اور جموں پٹھانکوٹ خطے میں تعینات فوجیوں کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔ ترجمان کے مطابق فوجی سربراہ کا جموں میں سی ویسٹرن کمان کے انچارج جی او سی لیفٹیننٹ جنرل آر پی سنگھ، رائزنگ اسٹار کارپس کے جی او سی لیفٹیننٹ جنرل اوپندرا دویدی، ٹائیگر ڈویژن کے جی او سی میجر جنرل وی بی نیئر اور دوسرے سیکورٹی افسروں نے خیر مقدم کیا۔ رائزنگ اسٹار کارپس کے جی او سی لیفٹیننٹ جنرل اوپندرا دویدی نے فوجی سربراہ کو آپریشنل تیاریوں، سیکورٹی انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن اور اندرونی سیکورٹی معاملات پر بریفنگ دی۔ فوجی سربراہ نے ٹائیگر ڈویژن کے جی او سی کے ہمراہ اگلے علاقوں میں آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس دوران وہاں تعینات فیلڈ فارمیشن کمانڈروں اور فوجیوں کے ساتھ بات چیت بھی کی۔ فوجی سربراہ نے گرج ڈویژن کے اگلے علاقوں کا بھی دورہ کیا جہاں اس ڈویڑن کے جی او سی میجر جنرل وائی پی کھانڈوری نے انہیں بریفنگ دی۔فوجی سربراہ نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں اور جنگجوئوں کی طرف سے دراندازی کی کوششوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کی شہ پر جاری درپردہ جنگ اور مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کے لئے تمام ایجنسیاں اور حکومت مل کر کام کر رہی ہیں۔فوجی سربراہ نے ویسٹرن کمان کے تمام فوجی افسروں سے بذریعہ ویڈیو کانفرنس خطاب کیا اور فوجیوں کے حوصلے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج دشمنوں کے کسی بھی مس ایڈونچر اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔