پونچھ//نائب مہتمم جامعہ ضیاء العلوم پونچھ وصدر تنظیم علماء اہل سنت والجماعت پونچھ مولانا سعید احمد حبیب نے جمعہ کے خطاب کے موقعہ پر مرکزی جامع مسجد بگیالاں پونچھ میں قضیہ فلسطین کے حوالہ سے حالیہ امریکی فیصلہ اور عالمی طاقتوں کے دوہرے معیار اور ظالمانہ رویہ کی مذمت کی ۔یہاں جاری بیان کے مطابق مولانا نے امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے اپنائے گئے ہٹ دھرمی کے رویہ کو فرعونیت قراردیا اور کہا کہ ٹرمپ پوری دنیا میں خون کی ہولی کھیلنا چاہتے ہیں ،ان کا دماغی خلل انسانیت کے لئے خطرہ ہے۔ مولانا نے کہا کہ پوری دنیا کے ممالک اس بات کو اچھی طرح ذہن نشیں کرلیں کہ بیت المقدس کی عظمت اور اس کی حفاظت صرف فلسطینیوں کا مسئلہ نہیں بلکہ عالم اسلام کا مسئلہ ہے اس لئے اگر اسرائیل نے حدود سے تجاوز کیا تو پوری دنیا کے ظالم حکمرانوں کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا اس لئے تمام ممالک کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ مظلوم فلسطینیوں کو انصاف دلائیںاور ظالم اسرائیل کی ظالمانہ اور جابرانہ پالیسیوں کے خلاف آواز اٹھائیں ۔مولانا نے کہا کہ کفر کے ساتھ حکومتیں چل سکتی ہیں مگر ظلم کے ساتھ حکومتیں قائم نہیں رہ سکتیں لہٰذا جب تک فلسطینیوں کے ساتھ انصاف نہیں کیا جاسکتا تب تک عالمی امن کے قیام کے ہونے کی تمام کوششیں رائیگاں جائیں گی۔انہوںنے کہاکہ عالمی فساد کی جڑاسرائیل کا ظلم اور فلسطینیوں کی مظلومیت ہے ۔مولانا نے ہندوستان کی حکومت سے اپیل کی کہ وہ خون سے رنگے ہاتھوں اسرائیل سے دوستی لگاکر اپنے وقار اور شان کو داغدار نہ ہونے دے ۔مولانا نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اندر خوف خدا پیدا کریں اور اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں، رنگ ونسل اورذات پات کی نفرتوں کو دور کریں ، تمام مذاہب کا احترام کریں اور کردار اور معاملات کے ذریعہ اسلامی تعلیمات کو عام کریں۔