ِِسر ی نگر//ایڈیشنل چیف سیکرٹری ( فائنانشل کمشنر) صحت و طبی تعلیم وویک بھاردواج نے یہاں سول سیکرٹریٹ میں اَفسران کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی تاکہ محکمہ کے کام کاج کا جائزہ لیا جاسکے۔اُنہوں نے محکمہ کے مختلف شعبوں بشمول اکائونٹس ، پلاننگ ، لیگل ، ہیومن ریسورس کے کام کاج کا جائزہ لیا۔دورانِ میٹنگ وویک بھارد واج کو مختلف کاموں کے بارے میں شعبہ وار جانکاری دی گئی ۔دورانِ میٹنگ جن اہم ایجنڈوں پر تبادلہ خیال ہوا ان میں ہیومن ریسورس مینجمنٹ ، ریونیو بجٹ 2021-22 ، محکمہ کے عملے کی تعداد ، ریگولرائزیشن ، میڈیکل اَفسران کی سٹیڈی چھٹی کے علاوہ دیگر مسائل شامل تھے۔اُنہوں نے مختلف میڈیکل کالجوں ، یونانی او رآیورویدک میڈیکل کالجوں او ردیگر صحت اِداروں بشمول ہیلتھ سینٹروں ، این ٹی پی ایچ سی ،سب سینٹروں کے کام کاج کا بھی جائزہ لیا۔وویک بھارد واج نے متعلقہ سیکشن کو درپیش مسائل کے بارے میں ہر اَفسر کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ اُنہوں نے ان مسائل کو حل کرنے کے طریقے اور ذرائع تلاش کرنے کے لئے تجاویز بھی طلب کیں اور ان سے کہا کہ وہ قریبی تال میل او رلگن سے کام کریں۔ایڈیشنل سیکرٹری کو نئی اَسامیوں کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی جوکہ عملے کی تعداد کو بڑھانے کے لئے بھرتی کی خاطر پی ایس سی کے حوالے کئے جارہے ہیں۔دورانِ میٹنگ اُنہوں نے میڈیکل کالجوں کے کام کاج کا بھی جائزہ لیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے محکمہ کے کام کاج کا جائزہ لیتے ہوئے اَفسران پر زور دیا کہ وہ ایمانداری اور لگن کے ساتھ کام کریں اور لوگوں کی بہتر انداز میں خدمت کریں۔